جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آئینہ، اقدار اور ہم، تحریر: عیشہ محمود

نقطہ نظر

اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغِ زندگی

تُو اگر میرا نہیں بنتا نہ بن، اپنا تو بن

— علامہ اقبال

کچھ سوال جواب کے لیے نہیں ہوتے وہ انسان کو اپنے معاشرے، اپنی اقدار اور اپنے رویّوں کے سامنے لا کھڑا کرتے ہیں۔ ایسا ہی ہے کبھی ایک سوال ہمیں پوری کتاب سے زیادہ سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے بس ایک سوال اور ہم بے چین ہو جاتے ہیں ۔

اصل سوال یہ ہے کہ کیا واقعی ہم اپنی اقدار کے مطابق جیتے ہیں یا صرف دوسروں کو اپنی اقدار کا پابند دیکھنا چاہتے ہیں؟

یقینا ہم صرف دوسروں کو اپنی اقدار کا پابند رکھنا چاہتے ہیں ۔ہم نے اپنے معاشرے میں اخلاق کے بے شمار پیمانے بنا رکھے ہیں ہم دوسروں کی ترجیحات ان کے تعلقات ،فیصلے ، اور الفاظ کو پرکھنے کے لیے ترازو اٹھائے پھرتے ہیں لیکن اگر اسی ترازو میں اپنا آپ پرکھنا پڑ جائے تو اچانک اس کا پلڑا بدل جاتا ہے ۔اپنی غلطی ہمیں مجبوری ، حالات اور انسانی کمزوری محسوس ہوتی ہے مگر دوسروں کی غلطی کو ہم ان کے کردار کی خرابی سمجھنے لگتے ہیں ۔دوسروں کی سختی بدتمیزی ہے جبکہ اپنی سختی خو ہم اصول پسندی کا نام دے دیتے ہیں اور یہیں سے شاید منافقت اور اقدار کے درمیان وہ باریک سی لکیر شروع ہو جاتی ہے جسے ہم دیکھنا ہی نہیں چاہتے ۔

" ایروِنگ گوفمین " نے اپنی معروف کتاب " The Presentation of Self in Everyday Life "میں انسانی سماجی زندگی کو ایک طرح کے اسٹیج سے تعبیر کیا ہے، جہاں انسان دوسروں کے سامنے اپنے ایک خاص تاثر کو قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہے جو صرف دوسروں کے لیے ہوتا ہے اس تاثر کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا ۔

تو پھر سوال یہ ہے کہ جو اپنا کردار ہم معاشرے کے سامنے پیش کرتے ہیں کیا وہی کردار تنہائی میں بھی ہمارا رہتا ہے؟

اگر ہماری شرافت صرف لوگوں کی موجودگی تک ہے یا دیانت صرف اس وقت تک ہے جب نقصان ہمارا نہ ہو اگر ہماری برداشت صرف اپنے لوگوں کے لیے ہے تو پھر شاید ہم اقدار کے امین نہیں ہیں بلکہ صرف اقدار کے نگران بننے کے خواہش مند ہیں۔ ہم یہ تو چاہتے ہیں کہ دوسرا ہماری ویلیوز کی قدر کرے لیکن ہم کسی کی نہ کرے یا ہم جو اپنی اقدار دوسروں کے سامنے رکھتے ہیں اسے تنہائی میں فولو نہیں کر پاتے ۔

" رُتھ ڈبلیو گرانٹ "کی کتاب" Hypocrisy and Integrity " اسی پیچیدہ تعلق کو اخلاقی اور سیاسی سطح پر زیرِ بحث لاتی ہے یہ کتاب منافقت اور دیانت کے درمیان تعلق اصول پسندی کی حدود اور اخلاقی سمجھوتے کی پیچیدگیوں پر غور کرتی ہے۔

یہاں ایک اور اہم سوال بنتا ہے

کیا اصول وہی ہے جس پر ہم خود قائم رہیں یا وہ جس کا مطالبہ ہم دوسروں سے کریں؟

ہم اکثر چاہتے ہیں کہ معاشرہ ہماری پسند کے مطابق چلے ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری حدود کا احترام کریں ہماری حساسیت کو سمجھیں ہماری اقدار کو تسلیم کریں مگر کیا ہم بھی دوسروں کی حدود، حساسیت اور اقدار کا اتنا ہی احترام کرتے ہیں؟ شاید مسئلہ یہ نہیں کہ ہمارے معاشرے میں اقدار ختم ہو گئی ہیں۔ بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اقدار کو اپنے احتساب کا ذریعہ بنانے کے بجائے دوسروں کے احتساب کا ہتھیار بنا لیا ہے۔ ہم نے اخلاق کو آئینہ بنانے کے بجائے انگلی بنا لیا ہے اور آئینہ جب انگلی بن جائے تو انسان اپنے چہرے کے بجائے صرف دوسروں کے چہرے دیکھتا رہتا ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں ہمیں رک کر اپنے آپ سے پوچھ لینا چاہیے کہ کیا میری اقدار واقعی میری زندگی کا حصہ ہیں یا صرف میری گفتگو کا حسن؟ کیا ہم واقعی اپنی اقدار کے مطابق جیتے ہیں یا صرف دوسروں کو ان کا پابند دیکھنا چاہتے ہیں؟

کیونکہ اقدار کا اصل امتحان اس وقت نہیں ہوتا جب انہیں بیان کرنا آسان ہو یا دکھانا آسان ہو اصل امتحان تب ہوتا ہے جب ہم طاقتور ہوں اور پھر بھی انصاف کریں جب ہم ناراض ہوں اور پھر بھی تہذیب نہ چھوڑیں جب ہم اختلاف میں ہوں اور پھر بھی دوسرے کی عزت باقی رکھیں جب ہم بدلہ لے سکتے ہوں اور معاف کرنے کا انتخاب کریں اور سب سے بڑھ کر جب کوئی ہمیں دیکھ نہ رہا ہو تب بھی ہم وہی رہیں جو ہم دوسروں کے سامنے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں کیونکہ شاید حقیقی اقدار یہی ہیں اور شاید معاشرے کی اصلاح کا آغاز بھی یہی ہے۔

دوسروں سے یہ پوچھنے سے پہلے کہ تم کیسے جی رہے ہو؟ ہمیں خود سے پوچھنا چاہیے کہ اپنی کہی ہوئی باتوں کے مطابق میں کتنا جی رہا ہوں؟"

ہم اکثر اپنی اقدار کی بات بڑے یقین سے کرتے ہیں۔ عزت، اخلاق، برداشت، انصاف اور شرافت کو اپنی پہچان قرار دیتے ہیں مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ اقدار ہماری زندگی میں بھی نظر آتی ہیں؟ یا پھر ہم نے انہیں صرف دوسروں کے لیے اصول بنا رکھا ہے؟ شاید ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہی ہے کہ ہم اقدار کو اپنے لیے حق اور دوسروں کے لیے فرض سمجھنے لگے ہیں۔ حقیقی کردار وہاں سامنے آتا ہے جہاں ہمیں کوئی دیکھنے والا نہ ہو۔

تو پھر خود سے یہ سوال پوچھ لینا چاہیے کہ کیا میں واقعی ان اصولوں کے مطابق زندگی گزار رہا ہوں جن کی پابندی میں دوسروں سے توقع کرتا ہوں؟ کیونکہ معاشرہ صرف تقریروں، نصیحتوں اور اصولوں سے نہیں بدلتا معاشرہ تب بدلتا ہے جب ہر شخص دوسروں کے کردار کا منصف بننے سے پہلے اپنے کردار کا احتساب شروع کر دے اور شاید یہی وہ مقام ہے جہاں انسان کی اصل تربیت شروع ہوتی ہے۔

دوسروں کو پرکھنے سے پہلے خود کو پرکھ لیا جائے

یہ اقدار آئینہ ہے عدالت نہیں۔

آخر میں ہمیں صرف ایک سوال اپنے ساتھ لے کر چلنا چاہیے ۔۔۔

اگر میری اقدار میرے خلاف بھی استعمال کی جائیں یا مجھے بھی انہی اصولوں کے ترازو پر تولا جائے جو میں دوسروں کے لیے اٹھاتا ہوں تو کیا میں خود کو اسی طرح درست ثابت کر پاؤں گا؟

اگر جواب ہاں ہے تو شاید ہماری اقدار واقعی ہماری ہیں اور اگر جواب دینے سے پہلے دل کچھ دیر خاموش ہو جائے تو شاید یہی خاموشی اس سوال کا سب سے سچا جواب ہے۔

"کیونکہ اصل کردار وہ نہیں جو دنیا ہمارا سمجھتی ہے اصل کردار وہ ہے جس سے ہم خود بھی نظریں نہ چرا سکیں۔"