جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لحما" طریا ،تحریر : سیّد صغیر حسین جعفری

نقطہ نظر
saghir h jafry

نومبر کے آغاز سے ہی رات کو ہلکی ہلکی خنکی اور سردی کی آمد شروع ہو گئی ہے ۔شام کے بعد پچھلی رات تک گرم کھانے مرغ بٹیر، یخنی اور گرم گرم سوپ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں سجنا شروع ہو گئے ہیں مگر سب زیادہ رحجان مچھلی کے گوشت کے کھانے میں ہے۔

کہیں مچھلی روسٹ ہو رہی ہے کہیں مچھلی کا سالن بنایا جا رہا ہے۔کہیں مچھلی کے گوشت کو فرائی کر کے کباب بنائے جا رہے ہیں۔ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے علاوہ لوگ اپنے گھروں میں مچھلی پکا کر کھانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اس مضمون میں آپ کی خدمت میں تازہ مچھلی کی پہچان اور بازار میں فروخت ہونے والے مچھلی کے گوشت کے بارے میں حقائق سے آگاہ کر رہا ہوں



مچھلی مفید ترین مقوی غذا ھے جس کے گوشت کو اللہ تعالٰی نے قرآن مجید میں لحما" طریا یعنی تازہ اور طاقت ور کہا ہے۔ سورہ نحل کی آیت 13 میں ارشاد فرمایا

ھوالزی سخر البحر لتا کلو منہ لحما" طریا۔اللہ تعالٰی ہی ہے جس نے تمہارے لئے بہتے ہوئے پانی یعنی سمندر دریا اور انہار کے پانیوں کو مسخر کیا تاکہ ان میں سے تازہ اور طاقتور گوشت حاصل کرو

پھر سورہ فاطر میں ارشاد فرمایا کہ کھارے پانی والے اور میٹھے بہت زیادہ میٹھے پانی والے سمندر اور دریا بنائے دونوں میں مچھلیاں پیدا فرمائیں انتہائی میٹھے اور خوشگوار پانی کی مچھلی کے گوشت کے لیے فرمایا

تاکلون لحما"،طریا ۔تازہ اور طاقتور گوشت کھائو۔

یہ اللہ تعالٰی کی طرف سے بالکل واضح ہو گیا کہ کوئی بھی گوشت مچھلی کے گوشت سے بہتر نہیں اس کے بعد اللہ تعالٰی قرآن مجید میں فرماتے ہیں۔ لحما" طیرا یعنی پرندوں کا گوشت

دوسری بات یہ کہ بہتے ہوئے پانی کی مچھلی کھڑے ہو ئے پانی سے بہت بہتر ہوتی ہے ۔فش فارم کا پانی چونکہ کھڑا رہتا ہے اور اس کے اندر پلنے والی مچھلی کو اپنی خوراک لینے کے لئے محنت و مشقت کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تو نتیجتا" سست Lathargic ہوجاتی ہے اسے بنی بنائی خوراک ملتی ہے وہ خود اپنے لئے خوراک تلاش کرنے کے لئے تگ و دو نہیں کرتی اس لئے اس کے جسم میں چربی زیادہ جمع ہو جاتی ہے اس کی مثال دیسی مرغی کے گوشت اور برائلر مرغی کے گوشت کی طرح ہے

پاکستان میں بہترین مچھلی ٹرائوٹ شمالی پہاڑی علاقوں میں ملتی ہے۔پلہ مچھلی جو پانی کے بہاؤ کے مخالف تیرتی ہے اس کا گوشت انتہائی طاقتور اور بہترین ذائقے والا ہوتا ہے جو دریائے سندھ میں حیدر آباد کے قریب کوٹری میں پائی جاتی ہے۔ہمارے علاقے تھانہ احمد یار عارف والا میں دریائے ستلج اور کھادر نہر کی بہترین مچھلی بیلی دلاور اور اڈہ معین کوٹ میں ملتی تھی اب دریائے ستلج اور کھادر نہر کے کناروں پر بنے ہوئے اڈوں سے ملتی ہے

۔لوگ زیادہ تر مچھلی سردیوں میں کھاتے ہیں ۔ اس کے پیچھے ذھنوں میں نسل در نسل گھسی غلط فہمی ھے کہ مچھلی ،، گرم ،، ہوتی ھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

طب یونانی کے نقطہ نظر سے بھی دیکھا جائے تو مچھلی میں ،، گرمی ،، کا نام و نشان نہیں ، لوگ اسے طرح طرح کے ،، گرم مصالحے ،، لگا کر اور تیل میں تل کر کھاتے ہیں ۔مصالحہ جات کی وجہ سے مچھلی کے گوشت کی تاثیر گرم ہو جاتی ہے

مچھلی کھانے سے آپ کو جو ،، گرمی ،، کی علامات محسوس ہوتی ہیں وہ ان مصالحہ جات کی وجہ سے ہوتی ہیں ورنہ تو مچھلی تو گنے کے رس سے بھی ،، ٹھنڈی ،، ہوتی ھے ۔جو مچھلی ہمیشہ پانی میں رہتی ہے وہ گرم کیسے ہو سکتی ہے

آپ کو یقین نہیں آتا تو مچھلی کو بغیر مصالحہ جات اور بیسن وغیرہ کے ، سٹیم کے ذریعے پکا کر ، کھائیں ، نتیجہ آپ کے سامنے ہوگا ۔ یہ قدرتی مزے دار ذائقہ ہو گا

مچھلی میں اومیگا تھری پوٹاشیم، فولاد، آئیوڈین، پروٹین، وٹامن اے،وٹامن 12 ، وٹامن ڈی ،سلینیئم،فاسفورس اور میگنیشئم پایا جاتا ہے۔اس میں پروٹین 60%، فیٹ 10%، وٹامن 181% 12،وتامن اے 50% ، سلینئیم 67% ، فاسفورس 33% اور میگنشیم 16 % موجود ہوتا ہے۔

مچھلی کے گوشت میں یہ قدرتی وٹامنز ۔ منرلز غذائی تناسب اور طبی لحاظ سے اسے مفید ترین غذا بناتے ھیں ۔ لیکن ھم جو بازاری فش فرائی وغیرہ کھاتے ہیں اس میں یہ غذائی اجزاء ختم ہو چکے ہوتے ہیں ۔

مچھلی کے غذائی فوائد حاصل کرنے ہیں تو ، مچھلی کو آپ گھر میں ہلکے نمک مصالحہ میں پکا کر کھائیں یا سٹیم کر لیں ۔ روسٹ کرنی ہے تو مچھلی کو تیل میں نہ پکائیں۔ کیونکہ مچھلی کی اپنی چربی ہی کافی ہے جو کہ بہترین قدرتی فیٹ ہے


۔یہ بھی یاد رکھیں کہ بازار سے ھمیشہ تازہ مچھلی ہی خریدیں ۔ مچھلی اور دودھ کی شیلف لائف ایک جتنی ہوتی ہے یعنی جتنی دیر میں کچا دودھ فریج سے باھر پڑا پڑا خراب ہونے لگتا ھے اتنی ہی دیر میں مچھلی بھی گلنے سڑنے لگتی ھے ۔

تازہ مچھلی کی پہچان یہ ہے کہ اس کی آنکھوں کے ڈیلے ابھرے ہوئے اور روشن ہوتے ہیں ، باسی مچھلی جس میں گلنے سڑنے کا عمل شروع ہو چکا ہو اس کی آنکھیں اندر دھنسی ہوئی ہوتی ہیں ۔

تازہ مچھلی کے گلپھڑے شوخ سرخی مائل ہوتے ہیں باسی مچھلی کے سیاہی مائل ہوں گے

پنجاب میں دریائوں کے پلوں کے فٹ پاتھوں پر فش فارم کی مچھلی دریائی مچھلی کا بتا کر فروخت کی جاتی ہے اسی طرح ہیڈ محمد والا ملتان میں دریا کے پل پر فش فارم کی مچھلی دریائی مچھلی کا بتا کر فروخت کی جاتی ہے

تازہ مچھلی کی پہچان یہ ہے کہ اگر مچھلی کے جسم کو انگلی سے دبائیں تو مچھلی کی جلد میں گڑھا نہیں پڑے گا ، اگر گڑھا پڑ جائے تو وہ باسی مچھلی ھو گی۔

باسی مچھلی جو گلنے سڑنے لگ چکی ہو اس کے فوائد تو کچھ بھی نہیں البتہ اس کے نقصانات بہت زیادہ ہیں ۔

فرائی مچھلی بیچنے والے اول تو بازار سے گلی سڑی مچھلیاں سستے داموں خریدتے ہیں ، پھر انہیں تیز مرچ مصالحے لگا کر دو تین دن کے لیے رکھ دیتے ہیں ۔ ان مصالحوں کی وجہ سے مچھلی کی بدبو ختم ہو جاتی ھے اور مچھلی کا پانی نچڑ جاتا ھے ، اور مصالحہ جات کا ذائقہ مچھلی کے اندر تک گھس جاتا ھے ، پھر یہ حنوط شدہ مچھلی ، آٹا ملے ہوئے بیسن کو لگا کر گندے تیل میں فرائی کر کے بیچ دیتے ہیں ۔اس گندے تیل میں کئی روز تک تل کر فروخت کرتے ہیں یہ تیل زہر بن چکا ہوتا ہے

ایسی فرائی مچھلی کا جو چٹخارہ آپ کو محسوس ہوتا ھے وہ مصالحہ جات کا ہوتا ھے نہ کہ مچھلی کے گوشت کا

۔مصالحہ جات مچھلی کے اصل ذائقے کو ختم کر دیتے ہیں

یاد رکھیں کہ مچھلی میں موجود بہت سے منرلز اور وٹامنز تو مچھلی کو مصالحہ جات لگانے اور اس کا پانی نچڑ جانے کے ساتھ ہی نکل جاتے ہیں ۔ وٹامن اے ، ڈی اور کے اور کچھ دیگر منرلز مچھلی کو تلنے کے دوران ، تیل میں حل ہو کر نکل جاتے ہیں ۔ تو اب آپ کو کیا غذائیت ملی ؟؟؟

بہتر یہی ہے کہ چٹخاروں کے نشے سے نکلیں, ، تازہ مچھلی لیں ، گھر میں سرسوں کے تیل میں پکائیں اس کا سالن بنائیں ، روسٹ کریں یا بغیر تیل کے اسے سٹیم کریں ، اور مچھلی کے غذائیت سے بھرپور گوشت سے سردیوں میں توانائی بڑھائیں اور قدرت کی عطا کردہ اس عظیم نعمت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اللہ تعالٰی کا شکر ادا کریں

مچھلی منڈی لاہور اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان میں تازہ دریائی مچھلی عموما" عصر کی نماز کے بعد ہر روز آتی ہے اور آمد و نکاس کے لحاظ سے ۔ہر دن کا ریٹ مختلف ہوتا ہے جس دن مچھلی کم آتی ہے اس دن ریٹ زیادہ ہو گا اور جس دن مچھلی زیادہ آ جائے اس دن ریٹ supply & demand کی صورت حال کے تحت کم ہو گا۔بازار سے باسی مچھلی خریدنے کی بجائے منڈی سے تازہ مچھلی خریدیں۔اور بازاری تلی ہوئی یا فرائی کی گئی مچھلی کبھی بھی نہ خریدیں ۔۔ اپنے گھر میں کم مصالحہ جات سے تیار کردہ مچھلی کے اصل ذائقے سے لطف اندوز ہوں اور اللہ تعالٰی کی عطا کردہ اس قدرتی نعمت کا شکر ادا کریں