پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسپتالوں میں ادویات نہیں اور مصطفیٰ کمال صوبے تقسیم کرنے نکلے ہیں،قادر مندوخیل

مصنف:

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے نئے صوبوں کے قیام اور 18ویں آئینی ترمیم سے متعلق بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے کبھی چائنا کٹنگ کے ذریعے شہر کا نقشہ بگاڑا، آج وہ ملک کے نئے نقشے اور صوبوں کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔


قادر مندوخیل نے کہا کہ بار بار پارٹیاں اور بیانیے بدلنے والے موسمی پرندے پیپلز پارٹی کو عوامی طاقت کا درس نہ دیں۔ مصطفیٰ کمال پہلے اپنی وزارت صحت کے معاملات پر توجہ دیں، اسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں اور وہ صوبے تقسیم کرنے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کی اپنی سیاست درآمد شدہ سہاروں اور بند کمروں کے فیصلوں کی محتاج ہو، انہیں ووٹوں کے تناسب کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ جن کا اپنا سیاسی وجود بیساکھیوں پر کھڑا ہو، وہ پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر سوال نہ اٹھائیں۔قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کے خواب دیکھنے والے پہلے کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کا حساب دیں۔ 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید دراصل اپنے آقاؤں کو خوش کرنے اور ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کا نیا بہانہ ہے۔انہوں نے مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، لیکن سندھ توڑنے کا خواب دیکھنے والوں کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ کل تک جنہیں برا بھلا کہتے تھے، آج انہی کی گود میں بیٹھ کر پیپلز پارٹی کے خلاف بیان بازی کی جا رہی ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر کسی کو پیپلز پارٹی کی عوامی طاقت کا اندازہ لگانا ہے تو وہ کسی سہارے کے بغیر میدان میں آکر انتخابات لڑے۔ کسی ایک شخص یا جماعت کی خواہش پر ملک کا آئین اور صوبوں کی جغرافیائی حدود تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔


قادر مندوخیل نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط اور متحد رکھنے کی سیاست کی ہے، جبکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والے آج ہمیں عوامی رائے کا احترام کرنے کا درس دے رہے ہیں۔ ایسے عناصر پہلے بلدیاتی اور عام انتخابات میں اپنی مسترد شدہ سیاست کی وجوہات تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی کے بٹوارے کی بات کرنے والوں کو تاریخ اور عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔