کسی کی مختلف رائے پر کفر کے فتوے دینا مناسب نہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جس سیاسی جماعت نے جلسہ کرنا ہے، اسے حکومت سے باقاعدہ اجازت لینا ہوگی، اجازت کے بغیر کسی جماعت کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیاسی جلسوں کے لیے جگہ اور تاریخ کا تعین حکومت کرے گی، کسی سیاسی جماعت کو زبردستی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کراچی میں کسی قسم کا سیاسی تصادم نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام بڑے رہنما جیلوں میں رہے ہیں، کون سا ایسا رہنما ہے جس نے جیل نہیں دیکھی؟ جی ڈی اے کے بعض رہنما تو ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔
محسن نقوی کے بیان سے متعلق سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محسن نقوی وفاقی وزیر ہیں، ان کی رائے مختلف ہوسکتی ہے، ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔ کسی کی مختلف رائے پر کفر کے فتوے دینا مناسب نہیں۔ سب کی رائے سننی چاہیے اور فیصلہ اپنی سوچ کے مطابق کرنا چاہیے۔ محسن نقوی کی اپنی رائے ہے اور ہماری اپنی رائے ہے۔ایم کیو ایم سے تعلقات کے حوالے سے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے دوستی اور رابطے موجود ہیں، تاہم ایم کیو ایم کی سیاست اپنی ہے اور ہماری سیاست اپنی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔
مزید پڑھیں





