جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مردوں کا عالمی دن 19 نومبر: ایک روزہ بادشاہت کا جشن،تحریر:یاسمین اختر طوبیٰ

نقطہ نظر

دنیا بھی عجیب تماشا گاہ ہے۔ یہاں ہر شے کا ایک دن مقرر ہے۔ ماؤں کا دن، باپ کا دن، خواتین کا دن، بچوں کا دن، حتیٰ کہ محبت کے اظہار کے لیے بھی ایک مخصوص دن مختص کر دیا گیا ہے۔ شاید انسان نے روزمرہ کی مصروفیات میں محبت، احترام اور اعترافِ قدر کو اتنا مؤخر کر دیا ہے کہ اب ان جذبات کو بھی کیلنڈر کی محتاجی درکار ہے۔ انہی عالمی دنوں کی فہرست میں ایک دن مردوں کے نام بھی ہے۔ جی ہاں! وہی مرد جو سال کے تین سو چونسٹھ دن اپنی مردانگی، ذمہ داریوں، معاشی دباؤ، خاندانی توقعات اور گھریلو نظام کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش میں گزار دیتے ہیں اور ایک دن کے لیے انہیں بھی عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا شرف حاصل ہوتا ہے مگر سوال یہ ہے کہ مردوں کا عالمی دن منایا کیسے جائے؟ کیا اس روز مردوں کو بھی وہی آزادی میسر ہوتی ہے جس کا ذکر تقاریر میں بڑے فخر سے کیا جاتا ہے؟ کیا وہ اپنی مرضی سے اٹھ سکتے ہیں، اپنی پسند کا کھانا کھا سکتے ہیں، ٹیلی وژن کا ریموٹ اپنے قبضے میں لے سکتے ہیں یا کم از کم چائے کے کپ میں چینی اپنی مرضی سے ڈلوا سکتے ہیں؟ یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جن کا جواب اقوامِ متحدہ کے کسی اعلامیے میں نہیں ملتا، البتہ گھریلو اقوامِ متحدہ یعنی بیگم صاحبہ کے دفتر سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ہمارے معاشرے کا مرد بظاہر گھر کا سربراہ ہوتا ہے۔ اس کے نام کے ساتھ خاندان کے کفیل، محافظ، ذمہ دار اور فیصلہ ساز جیسے القابات جڑے ہوتے ہیں مگر گھر کے اندر داخل ہوتے ہی اس کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کا عملی امتحان شروع ہو جاتا ہے۔ بازار سے کیا لانا ہے، مہمانوں کو کب بلانا ہے، چھٹی کہاں گزارنی ہے، پردے کس رنگ کے ہونے چاہییں اور تو اور گھر میں کون سا ڈراما دیکھا جائے گا؛ ان تمام قومی نوعیت کے معاملات میں مرد کی رائے لی ضرور جاتی ہے مگر اس پر عمل درآمد ضروری نہیں سمجھا جاتا۔

مرد کی زندگی بھی خوب ہے۔ دفتر میں افسر، کاروبار میں مالک، دوستوں میں مشیر اور خاندان میں کفیل۔ مگر گھر میں اس کی حیثیت ایک ایسے معزز رکن کی ہوتی ہے جس کی رائے کا احترام تو کیا جاتا ہے، البتہ حتمی فیصلہ کسی اور کے پاس محفوظ ہوتا ہے۔ وہ گھر کا بادشاہ ضرور ہے مگر اس کی بادشاہت کا دائرہ عموماً اپنے بستر، جوتوں کی الماری اور کبھی کبھار گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ تک محدود رہتا ہے۔

مردوں کے عالمی دن پر اس کی سب سے بڑی خواہش یہی ہوتی ہے کہ کم از کم ایک دن اسے اپنی مرضی سے جینے کا موقع ملے۔ ناشتے میں پراٹھا اس کی پسند کا ہو، چائے میں چینی اس کی مرضی سے ڈالی جائے، ٹی وی پر اس کا پسندیدہ پروگرام چلے اور کوئی اس سے یہ نہ پوچھے کہ بازار سے واپسی پر دھنیا کیوں بھول آئے؟ وہ چاہتا ہے کہ آج اسے گھر کے معاملات میں بھی ویٹو پاور حاصل ہو مگر یہ خواب اکثر چائے کی پیالی میں اٹھنے والی بھاپ کے ساتھ تحلیل ہو جاتا ہے۔

اس روز اگر کوئی شوہر قدرے اعتماد کے ساتھ اعلان کر دے کہ آج کھانا میری پسند کا بنے گا تو گھر میں ایک لمحے کے لیے خاموشی چھا جاتی ہے۔ بیگم صاحبہ حیرت سے دیکھتی ہیں، گویا کسی نے گھر کے آئین میں ہنگامی ترمیم کی تجویز پیش کر دی ہو۔ پھر ایک سوال ہوتا ہے: اچھا! تو کیا کھائیں گے؟ مرد خوشی سے اپنی پسندیدہ ڈش کا نام لیتا ہے،ل مگر جواب میں بجٹ، کولیسٹرول، بچوں کی پسند اور گزشتہ ہفتے کھائی گئی اسی ڈش کی تفصیلات سامنے آ جاتی ہیں۔ یوں ایک مرتبہ پھر جمہوریت کی فتح اور مرد کی خواہش کی شکست ہو جاتی ہے

لیکن اس تمام شوخی اور مزاح کے پیچھے ایک سنجیدہ حقیقت بھی پوشیدہ ہے۔ مرد بھی جذبات رکھتے ہیں، وہ بھی تھکتے ہیں، ٹوٹتے ہیں، پریشان ہوتے ہیں، انہیں بھی محبت، توجہ، تحسین اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارے معاشرے نے مرد کے لیے مضبوط رہنے کی ایک ایسی شرط عائد کر رکھی ہے کہ وہ اپنے دکھ کا اظہار بھی اکثر کمزوری سمجھ کر چھپا لیتا ہے۔ اسے بچپن سے سکھایا جاتا ہے کہ مرد روتے نہیں، مرد ہارتے نہیں، مرد تھکتے نہیں۔ حالانکہ مرد بھی انسان ہیں، کوئی فولادی مشین نہیں کہ ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے ان کے احساسات زنگ آلود ہو جائیں۔

ایک باپ اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی خواہشات قربان کرتا ہے، ایک شوہر گھر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی آسائشیں پسِ پشت ڈال دیتا ہے، ایک بھائی بہنوں کی خوشیوں کے لیے اپنی ترجیحات بدل لیتا ہے اور ایک بیٹا والدین کے بڑھاپے کا سہارا بننے کی کوشش میں اپنی زندگی کے کئی خوب صورت لمحے ذمہ داریوں کے نام کر دیتا ہے۔ ان سب کرداروں کے پیچھے ایک ایسا انسان بھی موجود ہوتا ہے جسے کبھی کبھار یہ سننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ تمہاری محنت دیکھی جا رہی ہے، تمہاری قربانیاں بے معنی نہیں اور تم بھی ہماری محبت کے مستحق ہو۔

مردوں کا عالمی دن محض لطیفوں، مبارک بادوں اور سوشل میڈیا کی رنگین پوسٹوں کا نام نہیں ہونا چاہیے۔ یہ دن مرد کی سماجی، معاشی اور جذباتی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور اس کی خدمات کا اعتراف کرنے کا موقع بھی ہے۔ مرد کی اہمیت تسلیم کرنے کا مطلب عورت کی اہمیت کم کرنا ہرگز نہیں۔ زندگی کی خوب صورتی اسی میں ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے وجود، محنت اور احساسات کا احترام کریں۔

گھر کوئی پارلیمان نہیں جہاں ہر وقت حزبِ اقتدار اور حزبِ اختلاف کے درمیان محاذ آرائی جاری رہے۔ گھر تو محبت کا وہ مشترکہ ادارہ ہے جہاں کبھی مرد اپنی انا کا استعفیٰ دے اور کبھی عورت اپنی ضد کی چھٹی منظور کر دے تو زندگی کا نظام بڑی خوش اسلوبی سے چل سکتا ہے۔ یہاں حکمرانی سے زیادہ اہمیت شراکت داری کی ہے اور اختیار سے زیادہ خوب صورت چیز احساسِ ذمہ داری ہے۔

میری نظر میں مردوں کے عالمی دن پر مردوں کو تاج ضرور پہننا چاہیے مگر ایسا تاج جو محبت، وفا، ذمہ داری اور خلوص سے بنا ہو۔ اس تاج کے لیے نہ کسی تخت کی ضرورت ہے، نہ کسی فرمان کی اور نہ ہی کسی سے اقتدار چھیننے کی۔ البتہ ایک دن کے لیے ریموٹ کنٹرول ضرور مرد کے حوالے کر دیا جائے تو اسے بھی عالمی انسانی حقوق کی ایک چھوٹی سی کامیابی تصور کیا جا سکتا ہے۔

سو صاحبانِ اقتدار! آج کا دن آپ کے نام ہے۔ ذرا سینہ تان کر چلیے، اپنی پسند کا کھانا کھائیے، دوستوں کے ساتھ وقت گزاریے، اپنی تھکن کو آرام دیجئے اور اپنی اہمیت کا احساس کیجئے۔ بس ایک احتیاط ضرور رکھئے گا کہ اس ایک روزہ بادشاہت کے جوش میں مستقل آئینی تبدیلیوں کا اعلان نہ کر بیٹھیے گا کیونکہ کل سے پھر وہی معمولاتِ زندگی بحال ہونے ہیں۔

تمام مردوں کو عالمی دن مبارک

اور خواتین سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ آج گھر کے بادشاہ کو اس کے تخت یعنی صوفے پر چند گھنٹے بلا شرکتِ غیرے بیٹھنے دیجئے۔ ریموٹ بھی اسی کے حوالے کر دیجئے اور چائے بھی اس کی پسند کی بنا دیجئے۔ یقین جانئے، اس چھوٹی سی رعایت سے گھریلو جمہوریت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ آخر سال میں ایک دن کی بادشاہت بھی کوئی معمولی اعزاز تو نہیں۔