ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایسے وزرا موجود ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

Punjab CM Orders Priority Resolution of Widows’ Property Cases | Baaghi TV
مصنف:

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے لیے ان کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے، انہوں نے ہوائی قلعے بنانے کے بجائے مستحق افراد کے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔


لاہور میں سندھ کی انتظامی سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں عزت اور پہچان دی، ہم اس ملک کے احسان مند ہیں۔ انتظامی سروس کے افسران ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں اور ہم روزانہ ان کے ساتھ مل کر ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب محض گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں، بلکہ ان کی ترجیحات میں عوامی خدمت کے کام سرفہرست ہیں۔ چیلنجز کے باوجود وہ روزانہ جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کے لیے گھر سے نکلتی ہیں اور روزمرہ کے کاموں میں ایک منٹ بھی عوامی خدمت سے دور نہیں رہتیں۔مریم نواز نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر روز فیصلے کیے جاتے ہیں۔ دفتر آنا، حاضری لگانا اور مشکل کام چھوڑ کر آسان کام پر دستخط کردینا سرکاری ملازمت کا مقصد نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی کابینہ میں بھی ایسے وزرا موجود ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں۔ سرکاری منصب پر فائز ہونے والے شخص کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کے حکومتی امور نمٹانے میں انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے باقاعدہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ گھر کی تعمیر کے لیے قرضے کی اقساط مرحلہ وار جاری کی جاتی ہیں اور ہر مرحلے پر تعمیراتی کام کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے تاکہ مستحق افراد کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک کسی افسر کو سفارش پر تعینات نہیں کرایا اور ہر جگہ میرٹ کو مدنظر رکھا ہے۔