ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امی کی نصیحتیں آج بھی یاد ہیں، تحریر: عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

امی کی نصیحتیں آج بھی یاد ہیں۔ اس وقت ان باتوں پر غصہ آتا تھا، اب ان باتوں پر ہنسی آتی ہے۔ وقت گزر گیا، لیکن امی کی آواز آج بھی کانوں میں گونجتی ہے۔

بچپن میں امی کہتی تھیں، بیٹا، جلدی سو جاؤ۔ میں کہتی تھی، امی، ابھی تو رات ہوئی ہے۔ امی کہتی تھیں، رات سونے کے لیے ہوتی ہے، جاگنے کے لیے نہیں۔ میں دل میں کہتی تھی، امی کو کیا معلوم، رات کو ہی تو مزہ ہے۔ اب جب رات کو دیر تک جاگتی ہوں اور صبح آنکھ نہیں کھلتی، تو امی کی یہی بات یاد آتی ہے۔ دل کہتا ہے، کاش اس وقت امی کی بات مان لی ہوتی۔

امی کہتی تھیں، بیٹا، کھانا آرام سے کھاؤ۔ میں جلدی جلدی دو نوالے منہ میں ڈال کر باہر بھاگ جاتی تھی۔ امی پیچھے سے کہتی تھیں، کہاں جا رہی ہو۔ تم تو ایسے کھا رہی ہو جیسے کسی نے پیچھے ڈنڈا لے کر دوڑ لگا دی ہو۔ میں ہنس کر کہتی تھی، امی، سہیلیاں انتظار کر رہی ہیں۔ امی کہتی تھیں، سہیلیاں انتظار کر لیں گی، پہلے پیٹ تو بھر لو۔ آج جب معدہ خراب ہوتا ہے، تو یہی بات یاد آتی ہے۔

امی کی ہر بات میں ایک سبق ہوتا تھا، چاہے وہ ہنسی میں کہی گئی ہو یا غصے میں۔

وہ کہتی تھیں، بیٹا، کسی کے گھر جاؤ تو زیادہ دیر مت بیٹھو۔ لوگ کہیں گے، آئی ہی نہیں، گئی ہی نہیں۔ میں کہتی تھی، امی، سہیلی کے گھر تو جانا ہوتا ہے۔ امی کہتی تھیں، جانا ہوتا ہے، لیکن رہنا نہیں ہوتا۔

وہ کہتی تھیں، بیٹا، کسی کی چیز کو بغیر پوچھے ہاتھ مت لگاؤ۔ بعد میں سب کہیں گے، تم نے ہی توڑا تھا۔ میں کہتی تھی، امی، میں نے تو صرف دیکھا تھا۔ امی کہتی تھیں، دیکھنے سے ہی ٹوٹتی ہیں چیزیں۔

وہ کہتی تھیں، بیٹا، بڑوں کے سامنے اونچی آواز میں مت بولو۔ لوگ کہیں گے، اس کی امی نے اس کو کچھ سکھایا ہی نہیں۔ میں کہتی تھی، امی، میں نے تو آہستہ ہی بولا تھا۔ امی کہتی تھیں، تمہارا آہستہ بھی دوسروں کا تیز لگتا ہے۔

مجھے یاد ہے، ایک دفعہ میں نے نیا سوٹ پہنا۔ شیشے کے سامنے کھڑی ہو کر بہت خوش ہو رہی تھی۔ امی نے دیکھا اور کہا، واہ، اتنا سج دھج کر کہاں جا رہی ہو۔ لگتا ہے شادی تمہاری ہی ہے۔ میں نے منہ بنا لیا۔ امی نے کہا، منہ مت بناؤ۔ اگر منہ ایسے ہی بنا رہا تو یہی منہ پکا ہو جائے گا۔ پھر دیکھنا، کوئی رشتہ بھی نہیں آئے گا۔ میں نے فوراً منہ سیدھا کر لیا۔ امی کی اس بات پر آج بھی ہنسی آتی ہے۔

ایک دن میں سہیلی کے گھر سے دیر سے آئی۔ امی دروازے پر کھڑی تھیں۔ میں نے کہا، امی، میں تو ذرا سی دیر سے آئی ہوں۔ امی نے کہا، تمہاری ذرا سی دیر میں تو ایک پورا ڈرامہ ختم ہو جاتا ہے۔ جاؤ، منہ ہاتھ دھو کر روٹی کھاؤ۔ میں نے کہا، امی، بھوک نہیں ہے۔ امی نے کہا، بھوک تو تمہیں کبھی نہیں لگتی، لیکن روٹی کھائے بغیر سونا نہیں ہے۔

امی کہتی تھیں، بیٹا، غصے میں جواب مت دینا۔ میں کہتی تھی، امی، اگر کوئی مجھے چڑائے تو کیا کروں۔ امی کہتی تھیں، مسکرا دو۔ وہ خود پریشان ہو جائے گا کہ اس کو کچھ ہوا کیوں نہیں۔ میں نے ایک دفعہ ایسا کیا بھی۔ میری سہیلی نے مجھے چڑایا، میں مسکراتی رہی۔ وہ بولی، تمہیں کیا ہو گیا ہے۔ میں نے کہا، امی نے کہا تھا، مسکرانا ہے۔ اس دن کے بعد اس نے مجھے چڑانا چھوڑ دیا۔ اس کو لگا، شاید میں بیمار ہو گئی ہوں۔

امی مہمانوں کا بہت احترام کرتی تھیں۔ وہ کہتی تھیں، بیٹا، مہمان آئے تو منہ مت بناؤ۔ اس زمانے میں موبائل نہیں تھا۔ مہمان بغیر بتائے آ جاتا تھا۔ بس دروازے پر دستک ہوتی تھی اور مہمان اندر آ جاتا تھا۔ امی مسکرا کر کہتی تھیں، آؤ، بیٹھو، میں چائے بناتی ہوں۔ اندر جا کر مجھ سے کہتی تھیں، جلدی سے کچھ بنا دو۔ میں کہتی تھی، امی، گھر میں کچھ نہیں ہے۔ امی کہتی تھیں، چائے میں ایسی محبت ڈال دو کہ پکوڑے یاد ہی نہ رہیں۔

اس زمانے میں تفریح کا مطلب ریڈیو تھا۔ امی کہتی تھیں، ریڈیو آہستہ کرو، ابا سو رہے ہیں۔ جیسے ہی ڈرامہ دلچسپ ہوتا، امی خود آ کر بیٹھ جاتیں اور کہتیں، تھوڑا تیز کرو، سنائی نہیں دے رہا۔ میں کہتی تھی، امی، ابا سو رہے ہیں۔ امی کہتی تھیں، ابا کو سونے دو، ڈرامہ تو سننے دو۔ ابا اٹھ کر کہتے تھے، تم دونوں نے تو مجھے سونے ہی نہیں دیا۔ امی کہتی تھیں، آپ سو جائیں، ہم آہستہ سن لیں گے۔

امی کہتی تھیں، بیٹا، پیسے ضائع مت کرو۔ میں کہتی تھی، امی، میں نے تو صرف ایک چورن لیا ہے۔ امی کہتی تھیں، ایک چورن سے ہی شروع ہوتا ہے۔ کل کہو گی، جہاز لے دو۔ میں کہتی تھی، امی، جہاز کا کیا کروں گی۔ امی کہتی تھیں، وہی تو میں کہہ رہی ہوں، چورن کا بھی کیا کرو گی۔

آج جب میں اپنی بیٹی کو یہی باتیں کہتی ہوں، تو وہ بھی وہی منہ بناتی ہے جو میں بناتی تھی۔ میں دل میں سوچتی ہوں، بیٹا، ابھی تمہیں سمجھ نہیں آئے گا۔ جب تمہاری بیٹی ہوگی، تب سمجھ آئے گا۔ میری بیٹی کہتی ہے، امی، آپ بھی نانی جیسی باتیں کرنے لگی ہیں۔ میں کہتی ہوں، ہاں، کیونکہ نانی نے سکھایا ہی ایسا تھا۔

سچ یہ ہے کہ امی کی نصیحتیں بوجھ نہیں دعائیں تھیں ,امی غصے میں بھی دعا دیتں اور امی ہنسی میں بھی سبق دیتی تھیں۔ امی کی ہر بات میں کوئی مصلحت اور اس کے پیچھے محبت چھپی ہوتی تھی ـ

جن کی امی زندہ ہیں، وہ ان کی باتوں کو غور سے سنا کریں ،ان کی باتوں کو ٹالا نہ کیاکریں کیونکہ ایک دن جب امی نہیں ہوں گی، تو یہی باتیں سب سے بڑا ہمارا سہارا بنیں گی۔ اور جن کی امی نہیں ہیں، وہ جانتے ہیں کہ امی کی ایک ایک نصیحت کتنی قیمتی ہوتی ہے۔ امی کی محبت۔

بھری نصیحتیں آج بھی ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔