ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چیونٹی راستہ بدل لیتی ہے، ہم کیوں نہیں بدلتے؟ تحریر : ام عــبــد الــقـہــار

نقطہ نظر

کبھی صبح سویرے صحن میں بیٹھ کر چیونٹیوں کی قطار کو غور سے دیکھیے۔ ایک ننھی سی چیونٹی اپنے جسم سے بڑا دانہ اٹھائے دیوار پر چڑھ رہی ہوتی ہے۔ آدھے راستے میں دانہ گر جاتا ہے۔ وہ نیچے آتی ہے، دانہ دوبارہ اٹھاتی ہے اور پھر چڑھنا شروع کر دیتی ہے۔ پھر گرتا ہے، پھر اٹھاتی ہے۔ اور اگر آپ اس کے راستے میں انگلی رکھ دیں تو وہ وہیں کھڑی ہو کر سر نہیں پٹختی، بلکہ ذرا سا گھوم کر دائیں یا بائیں سے نیا راستہ نکال لیتی ہے اور اپنی منزل کی طرف چل پڑتی ہے۔


یہی منظر پرندوں میں نظر آتا ہے۔ چڑیا صبح اپنے گھونسلے سے نکلتی ہے۔ اسے نہیں معلوم کہ آج دانہ کہاں ملے گا۔ ایک چھت پر جاتی ہے، کچھ نہیں ملتا تو دوسری چھت پر، پھر کسی کھیت میں، پھر کسی گلی میں۔ وہ یہ نہیں کہتی کہ کل تو اسی چھت پر دانہ ملا تھا، آج بھی یہیں بیٹھی رہوں گی۔ وہ اڑتی رہتی ہے، تلاش کرتی رہتی ہے، اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتی ہے۔


آندھی میں چڑیا کا گھونسلا گر جائے تو وہ بیٹھ کر روتی نہیں۔ اگلے دن پھر تنکا تنکا جمع کرنا شروع کر دیتی ہے، اور اکثر پہلے سے بہتر جگہ تلاش کر کے نیا گھونسلا بناتی ہے۔ گلی کی بلی ایک گھر کا دروازہ بند پائے تو دوسرے گھر کی دیوار پھلانگ لیتی ہے۔ کبوتر کو ایک منڈیر سے اڑا دیا جائے تو وہ دوسری منڈیر پر جا بیٹھتا ہے۔


ان جانوروں نے کسی کتاب سے کامیابی کے اصول نہیں سیکھے۔ مگر اللہ نے ان کی فطرت میں دو باتیں رکھ دی ہیں: کوشش جاری رکھنا، اور جب ایک راستہ کام نہ آئے تو دوسرا راستہ اختیار کر لینا۔


اب ذرا اپنے آپ کو دیکھیے۔ انسان کو اللہ نے عقل دی، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت دی، مگر اکثر ہم وہیں کھڑے رہ جاتے ہیں جہاں سے چیونٹی بھی راستہ بدل لیتی ہے۔ ایک ماں روز صبح بچے کو چیخ چیخ کر اسکول کے لیے اٹھاتی ہے۔ برسوں سے یہی ہو رہا ہے، بچہ آج بھی دیر سے اٹھتا ہے، مگر ماں کا طریقہ وہی ہے۔ ایک بیوی ہر بات پر شوہر سے گلہ کرتی ہے، گلے سے فاصلے بڑھتے جاتے ہیں، مگر گلے کا انداز نہیں بدلتا۔ ایک دکاندار بیس سال پرانے انداز سے دکان چلا رہا ہے، گاہک کم ہوتے جا رہے ہیں، اور وہ کہتا ہے کہ زمانہ خراب ہو گیا ہے۔ ایک طالب علم ہر سال اسی طرح پڑھتا ہے اور ہر سال اسی طرح کم نمبر لاتا ہے۔


ہم ایک ہی دروازے پر بار بار دستک دیتے رہتے ہیں، حالانکہ برابر میں دوسرا دروازہ کھلا ہوتا ہے۔


آخر انسان ایسا کیوں کرتا ہے؟ اگر ہم اپنے دل میں جھانکیں تو چند وجوہات صاف نظر آتی ہیں۔ پہلی وجہ عادت ہے۔ جو کام ہم برسوں سے کر رہے ہوتے ہیں وہ ہمارے ہاتھ پاؤں کو یاد ہو جاتا ہے اور ہم بغیر سوچے وہی کرتے رہتے ہیں۔ دوسری وجہ ڈر ہے۔ پرانا راستہ چاہے کچھ نہ دے، جانا پہچانا تو ہے، جبکہ نیا راستہ انجانا ہے اور انجانی چیز سے انسان گھبراتا ہے۔ تیسری وجہ انا ہے۔ راستہ بدلنے کا مطلب یہ ماننا ہے کہ میں غلط تھی، اور یہ ماننا ہمیں بہت بھاری لگتا ہے۔ اور چوتھی وجہ وہ مایوسی ہے جو بار بار ناکامی کے بعد دل میں بیٹھ جاتی ہے۔ انسان کہنے لگتا ہے کہ یہ میرے بس کی بات نہیں، دوسروں کی قسمت اچھی ہے، میرے ساتھ تو ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے۔ یہ جملے انسان کو دوسرا راستہ دیکھنے ہی نہیں دیتے۔


قرآن مجید ہمیں بار بار جانوروں اور پرندوں کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "کیا انہوں نے اپنے اوپر پرندوں کو نہیں دیکھا جو پر پھیلائے ہوئے ہیں اور سمیٹ بھی لیتے ہیں؟ انہیں رحمٰن کے سوا کوئی تھامے ہوئے نہیں۔" اور فرمایا: "زمین پر چلنے والا کوئی جاندار ایسا نہیں جس کا رزق اللہ کے ذمے نہ ہو۔" رزق کا وعدہ اللہ کا ہے، مگر پرندے کو پر ہلانے پڑتے ہیں اور چیونٹی کو چلنا پڑتا ہے۔


رسول اللہ ﷺ نے کتنی خوبصورت مثال دی: "اگر تم اللہ پر ایسا بھروسہ کرو جیسا اس پر بھروسہ کرنے کا حق ہے، تو وہ تمہیں اس طرح رزق دے جیسے پرندوں کو دیتا ہے۔ وہ صبح خالی پیٹ نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتے ہیں۔" غور کیجیے، پرندہ گھونسلے میں بیٹھا نہیں رہتا، وہ نکلتا ہے۔ بھروسہ اللہ پر ہے، مگر اڑان اس کی اپنی ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ نے ایک صحابی سے فرمایا: "پہلے اونٹ کو باندھو، پھر اللہ پر بھروسہ کرو۔"


قرآن یہ بھی بتاتا ہے کہ "انسان کے لیے وہی کچھ ہے جس کی اس نے کوشش کی۔" اور یہ بھی کہ "اللہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے آپ کو نہ بدلے۔" حالات بدلنے کی پہلی سیڑھی اپنے طریقے کو بدلنا ہے۔


نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا۔" یعنی ایک بار ٹھوکر لگنا انسانی بات ہے، مگر اسی جگہ بار بار ٹھوکر کھانا سمجھ داری نہیں۔


اور اگر کوئی کہے کہ راستہ بدلنا کمزوری ہے، تو سیرتِ طیبہ کو دیکھ لیجیے۔ رسول اللہ ﷺ کا مقصد ایک تھا: اللہ کا پیغام لوگوں تک پہنچانا۔ مکہ میں برسوں دعوت دی، اکثر لوگوں نے نہ مانا تو آپ ﷺ طائف تشریف لے گئے۔ وہاں پتھر کھائے، زخمی ہو کر لوٹے، مگر ہمت نہیں ہاری۔ پھر حج کے موسم میں باہر سے آنے والے قافلوں کے خیموں میں جا جا کر بات کی۔ ایک قبیلے نے انکار کیا تو دوسرے کے پاس گئے، یہاں تک کہ مدینہ کے چند لوگوں کے دل کھل گئے، ہجرت ہوئی، اور وہی مدینہ اسلام کا مرکز بن گیا۔ منزل نہیں بدلی، راستہ بدلا۔


یہی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ چیونٹی نے دانہ لے جانے کا ارادہ نہیں چھوڑا، صرف راستہ بدلا۔ چڑیا نے گھونسلا بنانا نہیں چھوڑا، صرف جگہ بدلی۔ ہمیں بھی اپنا ایمان، اپنے اصول اور اپنا مقصد نہیں چھوڑنا، صرف وہ طریقہ بدلنا ہے جو برسوں سے کچھ نہیں دے رہا۔


تو آج ذرا رک کر اپنی زندگی پر نظر ڈالیے۔ وہ کون سا کام ہے جو آپ برسوں سے ایک ہی طرح کر رہی ہیں اور نتیجہ ہر بار ایک جیسا ہی آتا ہے؟ چیخنے والی ماں ایک دن بچے کو رات جلدی سلا کر دیکھ لے۔ گلہ کرنے والی بیوی ایک ہفتہ صرف شکریہ کہہ کر دیکھ لے۔ پرانا دکاندار اپنے بچوں سے پوچھ لے کہ آج کل لوگ کیسے خریداری کرتے ہیں۔ چھوٹی سی تبدیلی، اور اللہ پر پورا بھروسہ۔


اور جب نیا راستہ مشکل لگے تو اللہ کا یہ وعدہ یاد رکھیں: "بے شک تنگی کے ساتھ آسانی ہے۔"


جو چیونٹی دیوار سے گر کر بھی دانہ نہیں چھوڑتی، جو چڑیا ٹوٹے گھونسلے کے بعد پھر تنکے جمع کرتی ہے، وہ ہمیں روز خاموشی سے ایک سبق دیتی ہیں۔ اللہ نے ہمیں ان سے زیادہ عقل دی ہے۔ کیا یہ اچھا لگتا ہے کہ ہم ان سے بھی پیچھے رہ جائیں؟ آج ہی ہمت کیجیے، بند دروازہ چھوڑیے اور اگلے دروازے پر دستک دیجیے۔ کیا خبر رزق، سکون اور کامیابی وہیں آپ کا انتظار کر رہے ہوں۔