عورت چراغِ خانہ یا شمع محفل ،تحریر:فائزہ شہزاد
نقطہ نظر
بقول شاعر مشرق علامہ محمد اقبال:
بتولے باش و پنہاں شوازیں عصر
کہ درآغوش شبیرے بہ گیری
یعنی کہ: " اے بیٹی! اِس حیا سوز ماحول میں بتول (سلام اللہ علیہا) بن کر خود کو باپردہ بنالے، تاکہ تیری گود میں شبیر( حسین رضی اللہ) پرورش پا سکےـ"
حق اور سچ بات تو یہ ہے کہ جب سے مسلمان عورت، مغربی عورت کی تقلید میں شمع محفل بنی ہے، وقت نے عظیم انسانوں کو پیدا کرنا ہی چھوڑ دیا ہےـ گویا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ سانچہ، وہ پیمانہ ہی ٹوٹ گیا ہے، جس میں عظمتیں ڈھلا کرتی تھیں ـ بطور مسلمان ہمارے زندہ و جاوید رہنے کی صرف ایک صورت ہے کہ ہم اسلام کے دائرے میں پورے پورے داخل ہوجائیں اور سنت رسول صل اللہ علیہ وآلہ وسلّم پر عمل پیرا ہوجائیں، مگر کیا کریں ہم اپنی اِس منافقت بھری زندگی کا؟ جو ہم نے اپنا رکھی ہےـ آج کل پردہ برائے نام رہ گیا ہے اور ہر دوسری خاتون ماڈرن بننے کے چکروں میں مغربی خاتون کی تقلید کو باعث فخر سمجھتی ہے اور اپنے مقام اپنے رتبے اپنی عزت کو پس پشت ڈال کر چراغ خانہ بننے کی بجائے شمع محفل کے چکروں میں ہے اور اِس دوڑ میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے میں ہر وہ کام کر گزرتی ہے، جس سے ہمیں اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے منع فرمایا ہےـ
مدینہ میں یہود و مشرکین اور منافقین کے اوباش نوجوان شرم و حیا کی قدروں سے نا واقف تھےـ زنا و بدکاری کے دلدادہ تھےـ اُن کی ایک بدعادت یہ بھی تھی کہ جب عورتیں اپنے گھروں سے کسی کام کے لئے نکلتیں تو وہ دُور تک اُن کا تعاقب کرتے، خصوصاً شام کے دھندلکے میں مستورات قضائے حاجت کے لئے باہر جاتیں تو یہ نشیبی جگہوں پر اور درختوں کی اوٹ میں کھڑے ہوجاتے اور جب کوئی عورت نکلتی تو اُسے تنگ کرتے، راستہ روکتے، آوازیں کستے اور دست درازی بھی کرتے، یہ اُن کے ہاں عام دستور تھا اور اِس معیوب نہیں سمجھا جاتا تھاـ اُن کے بڑے بوڑھے بھی ایسی حرکتوں کو جوانی کی خرمستیاں کہہ کر ٹال دیا کرتے تھےـ یہ مسلمان عورتوں کے ساتھ بھی ایسا کرتے، مگر جب اُنہیں ڈانٹ ڈپٹ کی گئی تو کہا: " ہم اِنہیں پہچان نہ سکے کہ یہ مسلمان عورت ہے، ورنہ ہماری کیا مجال؟" مسلمانوں نے جب اپنی تکلیف کا ذکر آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے کیا، تو انہوں نے مسلمانوں کی اِس تکلیف پر تردد کا اظہار کیا تو یہ آیات مبارکہ نازل ہوئیں:
" اے نبی مکرم ! آپ اپنی ازواجِ مطہرات، دخترانِ پاک اور دیگر مسلمان عورتوں سے کہہ دیں( حکم دے دیں) کہ جب وہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں، تو ایک بڑی چادر( جلابیب) کا کچھ حصہ اپنے اوپرلٹکا لیا کریں، تاکہ وہ پہچان لی جائیں اور ایذا نہ دی جائیں"ـ ( سورہ الاحزاب)
اِس کا فائدہ یہ ہوا کہ جب مسلمان عورت اپنے آپ کو ڈھانپ کر نکلتی تھی، تو دُور سے پتا چل جاتا تھا کہ یہ مسلمان عورت ہے اور تمام اوباش مرد اِدھر اُدھر ہوجاتے تھےـ واہ! کیا شان، کیا عظمت عورت کو دی گئی ہے، مگرافسوس اِکیسویں صدی کی عورت نے یکسر فراموش کردیا ہےـ مگر ایمانداری سے دیکھا اور سوچا جائے، تو اِس معاملے میں صرف عورت ہی قصوروار نہیں، بلکہ اُس کا باپ، بھائی، شوہر اور بیٹا بھی برابر کا شریک ہےـ جب ایک باپ اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر باہر نکلتا ہے تو پردے میں لے جانے کی بجائے وہ بے پردہ لے جانے میں فخر محسوس کرتا ہے، اُسے اِس بات کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ دیکھنے والے اُسے کس نظر سے دیکھ رہے ہیں اور بے پردہ، مغربی لباس میں ملبوس بیٹی کو وہ فخریہ انداز میں ایسے ساتھ لئے پھرتا ہے کہ بجائے گردن شرم سے جھکنے کی بجائے فخر سے اکڑی ہوتی ہے کہ میری بیٹی پڑھی لکھی باشعور لڑکی ہےـ اسی طرح شوہر اپنی سجی سنوری ماڈ سکاڈ بیوی کو بڑے فخر سے اپنے دوستوں سے ملواتا ہے اور اُسے دیکھنے والوں کی نگاہوں کا میل کچیل اور غلاظت تک دکھائی نہیں دیتی اور وہ بیوی کی تعریفیں سن کر خوشی سے دیوانہ ہوجاتا ہے اور جس کی بیوی ایسی نہ ہوتو پھر خانگی مسائل جنم لیتے ہیں ـ
اکثر گھرانوں میں تو اِس بات پر علیحدگی ہوتے دیکھی ہے کہ : " جناب ! ایسی دقیانوسی عورت کے ساتھ گزارا نہیں، اسے ساتھ لے کر چلنا ہمارے لئے باعث شرم ہےـ ایسی بیوی سے تو نہ ہونا بہتر ہےـ" اگر دیکھا جائے تو عورت کو شمع محفل بنانے میں سب سے بڑا ہاتھ اُس کے اپنے مرد کا ہی ہوتا ہےـ چاہے وہ کوئی بھی رُوپ ہوـ ٹک ٹاک پر ناچتی عورت، کیا اُس گھر کے مرد کو نظر نہیں آتی؟ اور پھر اُن شوہر حضرات کو دیکھیں، جو اپنی بیویوں کے ساتھ ٹک ٹاک بناتے ہیں اور فخریہ انداز میں اپ لوڈ کرتے ہیں ـ اب سمجھ سے بالا تر ہے یہ بات کہ " جس عورت کو اسلام نے ایک اعلیٰ و ارفع مقام دیا، اُسے چراغ خانہ بنانے کی بجائے شمع محفل کیوں بنا دیا گیا ہے یا پھر وہ خود بن گئی ہےـ بحر حال جو بھی ہوا بہت بُرا ہواـ عورت اپنے مقام سے کیا گری؟ کہ لوگوں نے تو نگاہوں سے ہی گرا دیا اور وہ ایک شو پیس بن کر رہ گئی ہے، چاہے اخبارات کے صفحات ہوں، یا ٹیلیویژن کی سکرین (اور اب تو چینلز کی منڈی لگ چکی ہے اور ہر چینل دوسرے سے سبقت لے جانے کے چکروں میں استمعال عورت کو ہی کررہا ہے) ہر جگہ عورت کے وجود کو تماشا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے گویا کہ وہ ایک کٹھ پُتلی ہےـ وہ عورت جو ماں، بہن، بیٹی، بیوی کے روپ میں اپنے مقام پر قابل صد احترام ہے، جسے دیکھتے ہی نگاہوں کو جھکا لینے کا حکم ہے، اُسے نظری عیاشی کا آئینہ بنا لیا گیا ہےـ
بیٹیاں ہر قوم کی صدق و صفا کے پھول ہیں
ہم نشیں ماہ و پرویں ہیں حیا کے پھول ہیں
ایک جنگ میں کچھ قیدی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے سامنے پیش کیے گئے، اُن میں حاتم طائی کے قبیلے کی ایک لڑکی بھی تھی جو زنجیروں میں جکڑی ہوئی تھی اور بے پردہ تھی ـ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے جب اُسے بے پردہ دیکھا تو اپنی چادر مبارک اُس پر تان دی ـ سبحان اللہ! ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے ایک غیر مسلم عورت کو اتنی عزت و احترام دیا، مگر آج کی عورت مغرب کی چکا چوند میں اندھی، گونگی، بہری ہو چُکی ہےـ آج ہر ماں کہتی ہے: " بچے کہنا نہیں مانتے۔۔ بدتمیز ہوتے جا رہے ہیں ۔۔۔ نماز، قرآن کے پابند نہیں وغیرہ وغیرہ ۔۔۔" مگر تھوڑی دیر کو آنکھیں بند کر کے ذرا ایمان داری سے سوچیں! کہ کیا ہم اچھی مائیں ہیں؟ عظیم مائیں تو وہ تھیں، جن کے بچے حافظ قرآن پیدا ہوتے تھےـ وہ مائیں عظیم تھیں جو بغیر وضو بچوں کو دودھ نہیں پلاتی تھیں ـ مگر آج کی ماں۔۔۔ جب دن رات موبائل پر ریلز اور دیگر خرافات دیکھے گی( جب کہ سائنس کہتی ہے کہ بچہ آوازیں بھی سنتا ہے اور خوشی، غمی، اُداسی، سب کو محسوس بھی کرتا ہے، اور یہ تمام محرکات بچے پر اثر انداز ہوتے ہیں) تو پھر آپ خود سوچیں کہ ہم بچوں سے گلہ شکوہ کیسے کریں؟ جیسا بیج ہم بوئیں گے، ویسی ہی فصل کاٹیں گے نا! اسلام سے اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے دُوری ہمارے معاشرے کو بے راہ روی کے جس مقام تک لے آئی ہے، اُسے دیکھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ ہم بھی اسی طرح ایک ایسے گڑھے کے کنارے پر کھڑے گرنے ہی والے ہیں، جس میں آگ کے شعلے لپک رہے ہیں ـ مگر ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا ۔۔
اے بنت حوا، سنبھل جا! ابھی بھی وقت ہےـ ابھی بھی تُو اپنا آپ اور اپنی نسلیں بچا سکتی ہے، سنبھال سکتی ہے، لیکن اگر تُو نے اپنے مقام کو نہ پہچانا، نہ سنبھالا تو! تیری مثال درخت سے ٹوٹے پتے کی مانند ہوجائے گی، جسے ہوا کے تھپیڑے ادھر اُدھر لڑھکاتے رہتے ہیں اور آخر کار وہ کسی پاؤں تلے روندا جاتا ہے اور پھر اُس کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہتاـ
ضرورت اِس امر کی ہےکہ اگر ہم اپنے دین، اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی سنت کو تھام لیں، اپنی حدود و قیود متعین کرلیں تو کچھ بعید نہیں کہ آج بھی محمد بن قاسم، ٹیپو سلطان، میجر عزیز بھٹی اور دیگر عظیم بیٹوں جیسے بیٹے جنم لینا شروع ہوجائیں ـ ہماری تباہی و بربادی کا مظہر ہماری مذہب سے دُوری ہے اور اسی وجہ سے " میرا جسم میری مرضی" جیسے مسائل جنم لیتے ہیں ـ اللہ پاک نے عورت کو گھر کی اور مرد کو باہر کی ذمہ داری سونپی ہے اور اِس میں کوئی شک نہیں کہ یہ عورت کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اُس گھر کو جنت بنا دے یا پھر جہنم ۔۔ اے حوا کی بیٹی! اپنی عزت نفس کو پامال مت کر، اپنے مقام کو پہچان اور اپنی عزت و ناموس کے آبگینے کو ٹوٹنے مت دےـ اسی میں تیری اور ہم سب کی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے، ہماری آنے والی نسلوں کی بھلائی ہے، ورنہ تو صرف اور صرف تباہی ہمارا مقدر ہے ـ
مزید پڑھیں




