وراثت کا بوجھ اور تاریخ کے سچ،تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
تاریخ ہمیشہ فاتحوں کی لکھی ہوئی داستانوں یا پرانی قبروں پر چڑھائے گئے پھولوں کا نام نہیں ہوتی۔ تاریخ اصل میں وہ آئینہ ہے جس میں قومیں اپنا چہرہ دیکھتی ہیں اور یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ انہوں نے اپنے ماضی سے سبق سیکھا ہے یا محض روایت کی گرد اڑا کر خود کو مطمئن کر لیا ہے۔
جب ہم وراثت کی بات کرتے ہیں تو عام طور پر زمین، جائیداد، القاب یا پرانی نسبتوں کا ذکر سامنے آتا ہے، مگر اصل وراثت وہ فکری اور اخلاقی امانت ہوتی ہے جو ایک نسل اگلی نسل کے حوالے کرتی ہے۔ وراثت نام سے نہیں ملتی، کردار سے ملتی ہے۔
ہمارے ہاں وراثت کو اکثر ایک ایسا سکہ بنا لیا جاتا ہے جس کی چمک سے آنکھیں چندھیائی جائیں، مگر اس کے اندر چھپی ذمہ داری کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بزرگوں کے نام، پرانے شجرے اور گزری ہوئی داستانیں اس وقت تک زندہ رہتی ہیں جب تک ان کے پیچھے سچائی، کردار اور عوامی خدمت کی حرارت موجود ہو۔ جس لمحے وراثت محض دکھاوے، فرسودہ فخر یا بے بنیاد دعوؤں میں بدل جائے، وہیں سے زوال کی پہلی لکیر کھینچی جاتی ہے۔
آج ہمارے اردگرد یہی تماشا چل رہا ہے۔ ہر شخص اپنے بزرگوں کے نام پر دعوے دار ہے، مگر کوئی اپنے کردار سے یہ ثابت کرنے کو تیار نہیں کہ وہ اس وراثت کا اہل بھی ہے یا نہیں۔ کوئی گدی کا وارث بن کر بیٹھا ہے، کوئی سیاست کی گدی کا، کوئی عقیدت کی گدی کا۔ نام سب کے پاس ہیں، مگر سچائی اور ذمہ داری نبھانے کا حوصلہ کسی کے پاس نہیں۔
تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور میں ایسے لوگ آئے جنہوں نے روایتی مصلحتوں اور جھوٹی کہانیوں کے خلاف کھڑے ہو کر اصل حقیقت کو بچانے کی کوشش کی۔ ایسے کرداروں کو اکثر اپنے ہی وقت میں مخالفت، طنز اور بے اعتنائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ مروجہ کہانی کو چیلنج کرنا ہمیشہ کٹھن ہوتا ہے۔ لوگ پرانی دھارناؤں کے عادی ہوتے ہیں۔ جب کوئی نئی تحقیق یا کھری بات سامنے آتی ہے تو وہ دلیل کے بجائے جذبات اور تعصب کی دیوار کھڑی کر دیتے ہیں۔
مگر تاریخ کا سب سے تلخ اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وقت کے گزرنے کے ساتھ جھوٹ کی ملمع سازی اتر جاتی ہے اور اصل حقیقت آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنا لیتی ہے۔ جو باتیں کل تک ناگوار گزرتی تھیں، وہی کل کے اوراق میں بصیرت اور جرات کی علامت بن کر ابھرتی ہیں۔ سوال یہ نہیں ہوتا کہ کسی واقعے یا شخصیت پر اختلاف کیوں ہوا۔ اصل سوال یہ ہوتا ہے کہ اختلاف کے نام پر سچ کو دفن کرنے کی کوشش تو نہیں کی گئی۔
آج جب ہم اپنے اردگرد نظر دوڑاتے ہیں تو وراثت اور تاریخ کے نام پر عجیب کشمکش دکھائی دیتی ہے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو پرانی روایات کی اندھی تقلید کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں، اور دوسری طرف وہ آوازیں ہیں جو حقائق کی روشنی میں سوال اٹھاتی ہیں، پرکھتی ہیں اور سچ کو اس کے اصل مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے سماج میں سوال اٹھانے والے کو اکثر باغی یا اجنبی سمجھ لیا جاتا ہے حالانکہ سچ کی تلاش بغاوت نہیں بلکہ شعور کی علامت ہے۔
یہاں ایک بات صاف سمجھ لینی چاہیے۔ سوال اٹھانا بزرگوں کی توہین نہیں ہوتا۔ سوال اٹھانا جھوٹے دعوے داروں کی توہین ہوتا ہے۔ جو سچا وارث ہوگا، وہ سوال سے گھبرائے گا نہیں، وہ دلیل سے جواب دے گا۔ جو جھوٹا ہوگا، وہی سوال پر چیخے گا وہی تہمت لگائے گا وہی کردار کشی کرے گا۔ کیونکہ اس کے پاس دلیل نہیں صرف شور ہے
ہمیں یہ حقیقت بھی دل سے تسلیم کرنی چاہیے کہ کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ادب و احترام اور رواداری پر ہوتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کا ادب و احترام کریں، اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھیں اور ہر انسان کی عزتِ نفس کا خیال رکھیں۔ آج اس جدید دور میں بھی اگر ہم بلا سوچے سمجھے ایک دوسرے پر الزام لگائیں تو یہ رویہ ہمارے لیے کسی جہالت سے کم نہیں۔ پڑھے لکھے اور اس جدید دور میں رہتے ہوئے بھی اگر ہماری سوچ اور عادتیں نہیں بدلیں، اگر ہم تعصب، الزام تراشی اور تنگ نظری سے باہر نہیں نکلے، تو پھر ہم سے بڑا جاہل کوئی نہیں ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی صفوں سے جہالت کو ختم کریں اور نئے معاشرے کے تقاضوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ پیار محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، اور اپنے ملک پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر کام کریں۔ کیونکہ وطن تبھی مضبوط اور خوشحال ہوگا جب اس کے شہری ذاتی انا اور الزامات کے بجائے اتحاد، علم اور عمل کو اپنا شعار بنائیں گے۔
وراثت کوئی جامد چیز نہیں کہ اسے صندوق میں بند کر کے تالا لگا دیا جائے۔ وراثت تو ایک بہتی ہوئی ندی کی طرح ہے جسے سچائی، انصاف اور دیانت کے پانی سے تازہ رکھنا پڑتا ہے۔ اگر ہم ماضی کی غلطیوں اور سچائیوں کو دیانت داری سے تسلیم نہیں کریں گے، تو آنے والی نسلوں کو محض ادھوری کہانیاں اور الجھے ہوئے سوال ملیں گے۔
تاریخ ہم سے یہ مطالبہ نہیں کرتی کہ ہم ہر پرانی بات کو آنکھیں بند کر کے مان لیں، بلکہ یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم سچ کو ماننے اور اس کے ساتھ کھڑے ہونے کی جرات پیدا کریں۔ وراثت تبھی باوقار رہتی ہے جب اس کے وارث اس کی فکری امانت کا حق ادا کریں، ورنہ تاریخ کے صفحات صرف گزرے ہوئے وقت کی خاموش گواہی بن کر رہ جاتے ہیں
سچ یہ ہے کہ وراثت دعوے سے نہیں کردار سے ثابت ہوتی ہے۔ جو سچ کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، وہ تاریخ کا وارث نہیں تاریخ پر بوجھ ہے
مزید پڑھیں




