ہمارے معاشرے کا ایک دلچسپ المیہ یہ ہے کہ ہم مطالعے کو تو پسند کرتے ہیں، مگر مطالعے سے پیدا ہونے والے سوالات سے گھبراتے ہیں۔ ہم کتابیں پڑھتے ہیں، اقتباسات محفوظ کرتے ہیں، پسندیدہ مصنفین کے جملے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں، لیکن جب انہی مصنفین کے کسی خیال پر سوال اٹھایا جائے تو ہماری عقیدت اچانک دفاعی مورچے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ گویا کسی شخصیت کو پسند کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کے ہر خیال کو بھی درست تسلیم کر لیا جائے۔
کاشف جاوید نے پاکستان میں عقل پرستی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی جن شخصیات کا ذکر کیا ہے، ان میں قدرت اللہ شہاب، ممتاز مفتی، اشفاق احمد، بانو قدسیہ، واصف علی واصف اور دیگر نام شامل ہیں۔ یہ تمام شخصیات اردو ادب اور سماجی شعور کے ایک بڑے حلقے میں اثر و رسوخ رکھتی ہیں۔ ان کی تحریروں نے یقیناً لوگوں کو کتابوں کی طرف راغب کیا، زبان و بیان سے شناسائی پیدا کی اور زندگی کے بعض پیچیدہ سوالات پر غور کرنے کی تحریک دی۔ اس حقیقت سے انکار کرنا بھی انصاف نہیں ہوگا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کسی ادیب کی مقبولیت اسے تنقید سے بالاتر کر دیتی ہے؟ کیا اس کی تحریر میں موجود ہر واقعہ، دعویٰ یا فلسفیانہ تصور محض اس لیے قابل قبول ہو جاتا ہے کہ اسے ایک معروف شخصیت نے بیان کیا ہے؟میرے نزدیک اس کا جواب نفی میں ہے۔
ادب کا احترام اپنی جگہ، لیکن ادب کو عقل کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔ کسی واقعے کو کرامت، کسی اتفاق کو غیبی اشارہ اور کسی غیر معمولی تجربے کو ماورائی حقیقت قرار دینے سے پہلے سوال کرنا ضروری ہے۔ اگر کوئی شخص یہ دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے پاس کسی غیر مرئی قوت سے رابطے کا تجربہ ہے تو اس دعوے کو محض اس کی شہرت کی بنیاد پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے دلیل، شواہد اور قابلِ تحقیق بنیاد درکار ہوگی۔
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ادیب کو استعارہ استعمال کرنے، تخیل کی پرواز دکھانے اور انسانی جذبات کو روحانی زبان میں بیان کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ لیکن جب ادبی تخیل کو حقیقی دنیا کے بارے میں ناقابلِ تردید علم کے طور پر پیش کیا جائے تو تنقید ناگزیر ہو جاتی ہے۔
ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ ہمارے ہاں شخصیات کو پڑھنے کا رجحان اکثر شخصیت پرستی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ ہم اشفاق احمد کو پڑھتے ہیں تو ان کے ہر مکالمے کو حکمت سمجھنے لگتے ہیں۔ ممتاز مفتی کی تحریروں سے متاثر ہوتے ہیں تو ان کے ذاتی تجربات کو بھی آفاقی سچائی کا درجہ دے دیتے ہیں۔ واصف علی واصف کا کوئی جملہ پسند آ جائے تو اس کے مفہوم اور معنویت پر غور کیے بغیر اسے زندگی کا آخری فلسفہ تصور کر لیتے ہیں۔حالانکہ مطالعے کا اصل مقصد کسی شخصیت کا مرید بننا نہیں بلکہ اپنی سوچ کو آزاد کرنا ہے۔
روشن خیالی کا پہلا تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنی فکری اور تہذیبی روایات کا جائزہ لینے کا حوصلہ پیدا کریں۔ مغرب کی سائنسی اور علمی ترقی کے پیچھے محض جدید مشینیں نہیں بلکہ سوال اٹھانے، مفروضوں کو چیلنج کرنے، تجربات کرنے اور غلطی تسلیم کرنے کی ایک طویل روایت بھی موجود ہے۔ وہاں نیوٹن، ڈارون، آئن اسٹائن یا کسی دوسرے بڑے مفکر کے نظریات بھی تنقید اور نظرثانی سے مستثنیٰ نہیں رہے۔ کسی نظریے کی عظمت اس بات میں نہیں کہ اسے کبھی چیلنج نہ کیا جائے بلکہ اس میں ہے کہ وہ تنقید کے امتحان سے گزر سکے۔ک
البتہ یہ کہنا بھی درست نہیں کہ مغرب میں ہر شخص عقلیت پسند ہے یا وہاں شخصیت پرستی اور توہمات کا وجود نہیں۔ فرق معاشروں کے مجموعی علمی رویوں، تعلیمی اداروں، تحقیقی آزادی اور سوال کرنے کے مواقع میں تلاش کرنا چاہیے۔
ایک اور نکتہ بھی قابلِ غور ہے۔ ترقی کی اصطلاح کو صرف مادی ترقی تک محدود کر دینا شاید انسانی زندگی کی مکمل تصویر پیش نہیں کرتا۔ سائنسی اور معاشی ترقی یقیناً قابلِ پیمائش ہے، مگر انسانی کردار، اخلاقی شعور، برداشت، دیانت اور احساسِ ذمہ داری میں بہتری کو بھی کسی نہ کسی معنی میں انسانی ترقی کہا جا سکتا ہے۔ روحانی ترقی کی اصطلاح اگر انسان کے اندر اخلاقی بالیدگی، خود احتسابی اور بہتر کردار کی تشکیل کے لیے استعمال ہو تو اسے محض خود فریبی قرار دینا مناسب نہیں۔ البتہ اگر اسی اصطلاح کے ذریعے غیر ثابت شدہ دعووں، مافوق الفطرت کہانیوں اور عقل سے ماورا تصورات کو حقیقت بنا کر پیش کیا جائے تو اس پر سوال ضرور اٹھنا چاہیے۔
اصل مسئلہ روحانیت نہیں، غیر تنقیدی روحانیت ہے۔ اصل مسئلہ ادب نہیں، ادب کے نام پر فکری استثنا کا مطالبہ ہے۔
مزید پڑھیں





