پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بات کر لیا کریں،تحریر: شازیہ یاسین

نقطہ نظر

خداوندِ باری تعالیٰ کی تخلیق کردہ اس وسیع و حسین کائنات میں رشتے، تعلقات اور دوست احباب ایک عظیم نعمت ہیں۔ انسان فطرتاً ایک سماجی مخلوق ہے جو تنہا زندگی گزارنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ معاشرے میں رہتے ہوئے ہمیں ہر قدم پر ایک دوسرے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ چاہے خوشیوں کے حسین لمحات ہوں یا غم کی کٹھن گھڑیاں، انسان اکیلا نہ تو مکمل خوشی محسوس کرسکتا ہے اور نہ ہی دکھ کا بوجھ تنہا اٹھا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زندگی کو خوبصورت اور پُرسکون بنانے کے لیے مضبوط اور خوشگوار تعلقات بےحد ضروری ہیں۔


اچھے تعلقات صرف خون کے رشتوں تک محدود نہیں ہوتے بلکہ محبت، خلوص، احترام اور احساس سے جڑے ہر تعلق کو مضبوطی عطا کرتے ہیں۔ رشتہ دار ہوں، دوست ہوں یا ہمسائے، اگر ہمارے تعلقات ان سے بہتر ہوں تو زندگی میں سکون، اعتماد اور اپنائیت کا احساس برقرار رہتا ہے۔ تعلقات کی خوبصورتی اس بات میں پوشیدہ ہوتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں اور کس حد تک ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کے دل میں دوسرے انسان کے لیے محبت، ہمدردی اور خیر خواہی کا جذبہ رکھا ہے تاکہ معاشرہ امن، اخوت اور بھائی چارے کا گہوارہ بن سکے۔


بدقسمتی سے آج کے دور میں تعلقات بہت جلد کمزور ہوجاتے ہیں۔ معمولی غلط فہمی، سنی سنائی بات یا کسی تیسرے شخص کی رائے دلوں میں فاصلے پیدا کردیتی ہے۔ جب دلوں میں بدگمانیاں جگہ بنالیں تو محبت کی مٹھاس آہستہ آہستہ ختم ہونے لگتی ہے۔ ہم مفروضوں کی بنیاد پر دوسروں کے بارے میں رائے قائم کرلیتے ہیں اور بغیر حقیقت جانے بات چیت بند کردیتے ہیں۔ یہی خاموشی پھر دوریوں میں بدل جاتی ہے۔ بعض اوقات صورتحال اس قدر سنگین ہوجاتی ہے کہ ایک دوسرے کا سامنا کرنا بھی بوجھ محسوس ہونے لگتا ہے۔


اکثر یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ معمولی انا اور ضد کی وجہ سے برسوں کے رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔ بھائی بھائی سے جدا ہوجاتے ہیں، دوست ایک دوسرے سے اجنبی بن جاتے ہیں اور خاندان بکھر جاتے ہیں۔ بعض اوقات تو انسان غصے اور ضد میں ایسے جملے کہہ دیتا ہے جو دلوں پر گہرے زخم چھوڑ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ بعض لوگ یہ تک کہہ دیتے ہیں کہ “اسے میرے جنازے میں بھی نہ آنے دینا۔” سوچنے کی بات یہ ہے کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم بات کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ ہم پہل کرنے کو اپنی انا کا مسئلہ بنالیتے ہیں، حالانکہ رشتے انا سے نہیں بلکہ محبت اور برداشت سے چلتے ہیں۔


ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپس کے تعلقات کو مضبوط رکھنے اور دلوں میں محبت پیدا کرنے کی بہت تاکید فرمائی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا:


“ایک مسلمان کا اپنے مسلمان بھائی سے تین دن سے زیادہ قطع تعلق رکھنا جائز نہیں۔”


یہ حدیث ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اسلام نفرت، دوری اور قطع تعلقی کو پسند نہیں کرتا بلکہ معافی، درگزر اور صلح کی تلقین کرتا ہے۔ اگر ہر انسان اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر صرف ایک مرتبہ خلوص سے بات کرلے تو شاید بہت سے بگڑے ہوئے تعلقات دوبارہ جڑ جائیں۔


عزیز قارئین!

دو ناراض دلوں میں صلح کروانا نہایت عظیم عمل ہے۔ جو لوگ دوسروں کے درمیان محبت پیدا کرتے ہیں وہ حقیقت میں معاشرے کی اصلاح کرتے ہیں۔ گھروں کا سکون، خاندان کی مضبوطی اور معاشرے کا حسن اسی بات میں ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے جڑے رہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بعض اوقات بڑوں کے جھگڑوں میں بچوں کو بھی شامل کرلیا جاتا ہے۔ بچے نفرت، ضد اور دوریوں کے ماحول میں پروان چڑھتے ہیں جس کا ان کی شخصیت پر نہایت منفی اثر پڑتا ہے۔ یہی بچے آگے چل کر معاشرے میں انتشار اور بےحسی کا سبب بنتے ہیں۔


یقین کیجیے، بہت سے مسائل صرف ایک گفتگو سے حل ہوسکتے ہیں۔ جب انسان آمنے سامنے بیٹھ کر دل کی بات کرتا ہے تو اکثر یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ جن باتوں پر تعلقات خراب ہوئے وہ محض غلط فہمیاں تھیں۔ جو باتیں تیسرے لوگ ہمیں بتاتے ہیں ان میں اکثر مبالغہ، حسد یا ذاتی مفاد شامل ہوتا ہے۔ لیکن ہم بغیر تحقیق کیے ان باتوں پر یقین کرلیتے ہیں اور اپنے قیمتی رشتے قربان کردیتے ہیں۔ بعد میں جب حقیقت واضح ہوتی ہے تو دل پشیمانی سے بھر جاتا ہے، مگر تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔


خاموشی ہمیشہ مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔ بعض اوقات ایک مختصر سی بات، ایک معذرت، ایک خلوص بھرا جملہ یا صرف خیریت دریافت کرلینا دلوں کی برف پگھلا دیتا ہے۔ رشتوں کو قائم رکھنے کے لیے ضروری نہیں کہ ہمیشہ دوسرا شخص پہل کرے۔ کبھی کبھی آپ کا جھک جانا ہی تعلق کو بچالیتا ہے۔ یاد رکھیے، معاف کردینے والے لوگ کمزور نہیں ہوتے بلکہ وہ دل کے مضبوط اور کردار کے بلند ہوتے ہیں۔


آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے دلوں کو نفرت، انا اور ضد سے پاک کریں۔ اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور عزیزوں سے تعلق جوڑے رکھیں۔ اگر کسی سے ناراضی ہے تو ایک مرتبہ خود آگے بڑھ کر بات کرلیجیے۔ ہوسکتا ہے سامنے والا بھی اسی انتظار میں ہو۔ زندگی بہت مختصر ہے، اس لیے اسے ناراضیوں اور خاموشیوں کی نذر نہ کیجیے۔ محبت بانٹیے، رشتے نبھائیے اور اپنے گھروں کو سکون کا گہوارہ بنائیے۔


خدارا! آپس کی غلط فہمیاں، ناراضگیاں اور جھگڑے صرف بات چیت سے ہی ختم ہوسکتے ہیں۔ تاکہ کسی تیسرے شخص کو آپ کے تعلقات اور گھر کے سکون کو برباد کرنے کا موقع نہ ملے اور آپ محبت، اعتماد اور سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔