تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو،تحریر:انعم عباسی
نقطہ نظر
کچھ زمانے ایسے ہوتے ہیں جو گزر تو جاتے ہیں، مگر اپنے پیچھے ایسی خوشبو چھوڑ جاتے ہیں جو عمر بھر دل کے کسی گوشے میں بسی رہتی ہے۔ وقت کی گرد چاہے کتنی ہی تہہ جما لے، یادوں کے دریچے کبھی مکمل طور پر بند نہیں ہوتے۔ کبھی کسی پرانے گیت کی دھن، کبھی کسی ڈرامے کا مکالمہ، کبھی ٹیلی ویژن کی وہ مخصوص آواز اور کبھی بچپن کی کوئی بھولی بسری صبح، انسان کو اچانک کئی دہائیاں پیچھے لے جاتی ہے۔ آج جب زندگی انٹرنیٹ، موبائل فون اور جدید ٹیکنالوجی کے حصار میں سمٹ کر رہ گئی ہے تو دل بے اختیار ان دنوں کو یاد کرتا ہے جب زندگی سادہ تھی، مگر خوشیاں بے حد وسیع تھیں۔ تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو!
انیس سو اسی کی دہائی کا وہ زمانہ، جب صبح کا آغاز کسی الارم کی بے رحم آواز سے نہیں بلکہ گھر کے ماحول، امی کی پکار اور ٹیلی ویژن پر چلتے بچوں کے پروگراموں سے ہوتا تھا۔ ہم صبح اٹھتے ہی ٹی وی کے سامنے جا بیٹھتے۔ کارٹون دیکھنے کا اپنا ہی ایک لطف تھا۔ نہ موبائل ہاتھ میں ہوتا، نہ یوٹیوب پر اپنی مرضی کے پروگرام تلاش کرنے کی سہولت، نہ ہی کسی اسکرین کو انگلی سے چھو کر دنیا بدل دینے کا تصور۔ جو پروگرام اپنے مقررہ وقت پر آتا، وہی ہماری دنیا بن جاتا۔ اس کے لیے انتظار بھی ہوتا اور وقت کی پابندی بھی۔
ٹیلی ویژن محض ایک مشین نہیں تھا، وہ گھر کا ایک ایسا فرد تھا جس کے گرد پورا خاندان جمع ہو جاتا۔ شام ہوتے ہی گھر کے کاموں کے ساتھ ساتھ ڈرامے کا انتظار شروع ہو جاتا۔ رات نو بجے کا ڈرامہ اپنی ایک الگ اہمیت رکھتا تھا۔ گھر کے بڑے، بچے، سب اپنی اپنی جگہ سنبھال لیتے۔ ڈرامے کی کہانی میں ایسا کھو جاتے کہ باہر کی دنیا چند لمحوں کے لیے بے معنی محسوس ہونے لگتی۔ اور پھر جیسے ہی ڈرامہ ختم ہوتا، ٹی وی بند کر دیا جاتا۔ نہ رات گئے تک اسکرولنگ، نہ نیند سے پہلے بے مقصد ویڈیوز، نہ کسی اجنبی کی زندگی میں جھانکنے کی عادت۔ بس ٹیلی ویژن بند، گھر کی روشنیاں مدھم اور سب اپنے بستروں کی طرف روانہ۔
کیا خوب صورت معمول تھا! زندگی میں ایک ترتیب تھی، وقت کی قدر تھی، نیند کی اہمیت تھی اور سب سے بڑھ کر گھر والوں کے ساتھ بیٹھنے کا ایک بہانہ تھا۔
پھر وقت نے کروٹ لی اور ہمیں ایسے ڈرامے بھی دیکھنے کو ملے جنہوں نے بچپن کی یادوں میں مستقل جگہ بنا لی۔ ”عینک والا جن“ بھلا کون بھول سکتا ہے؟ نصرت، زکوٹا جن، حامون جادوگر اور ان کرداروں کی وہ عجیب و غریب مگر دل چسپ دنیا۔ بچوں کے لیے وہ محض ایک ڈرامہ نہیں تھا بلکہ تخیل کی ایک ایسی کھڑکی تھی جس سے جادو، مزاح، حیرت اور معصومیت کی دنیا نظر آتی تھی۔ اس دور کے ڈراموں میں ایک خاص اپنائیت تھی۔ کرداروں سے محبت ہو جاتی تھی، ان کے مکالمے یاد رہ جاتے تھے اور ان کی کہانیاں کئی دن تک ذہن میں گردش کرتی رہتی تھیں۔ آج بھی ان ناموں کا ذکر ہو تو چہرے پر بے اختیار مسکراہٹ آ جاتی ہے۔
اس زمانے میں نہ انٹرنیٹ تھا، نہ ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل فون۔ نہ فیس بک پر دوستوں کی فہرستیں تھیں، نہ واٹس ایپ کے گروپس، نہ ہر لمحے کسی پیغام کی گھنٹی بجتی تھی۔ مگر عجیب بات ہے کہ دلوں کے درمیان فاصلے کم تھے۔ لوگ ایک دوسرے کے گھر بلا تکلف چلے جاتے تھے۔ کسی کے ہاں خوشی ہوتی تو پورا محلہ شریک ہوتا، کسی کے گھر پریشانی آتی تو دروازے پر دستک دینے والوں کی کمی نہ ہوتی۔ رشتوں میں رسمی جملوں سے زیادہ خلوص تھا۔ کسی کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسٹیٹس دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، انسان خود انسان کے پاس پہنچتا تھا۔
گلیوں میں کھیلتے بچے، چھتوں پر بیٹھ کر باتیں کرتی خواتین، شام کی چائے، گھر کے بزرگوں کی محفلیں اور رات کے کھانے پر سب کا ایک ساتھ بیٹھنا، یہ سب ہماری زندگی کا حصہ تھا۔ خوشیاں خریدی نہیں جاتی تھیں، بانٹی جاتی تھیں۔ معمولی سی چیز بھی دل کو خوش کر دیتی تھی۔ کسی کے گھر سے آنے والی خوشبو، بارش کے بعد مٹی کی مہک، چھٹی کے دن دیر تک سونا اور امی کے ہاتھ کا کھانا، یہی تو زندگی کی اصل دولت تھی۔
آج ہمارے پاس سہولتیں بے شمار ہیں۔ دنیا ہماری انگلیوں کی جنبش پر موجود ہے، مگر کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے سہولتوں کے حصول میں سکون کہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، مگر دلوں کے درمیان خاموش فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایک ہی گھر میں بیٹھے کئی لوگ اپنی اپنی اسکرینوں میں گم ہوتے ہیں۔ گفتگو کم، اطلاعات زیادہ ہیں؛ ملاقاتیں کم، پیغامات زیادہ ہیں؛ اپنائیت کم اور مصروفیت زیادہ ہے۔
میں یہ نہیں کہتی کہ ماضی مکمل طور پر خوب صورت تھا یا آج کا زمانہ بے معنی ہے۔ ہر دور کے اپنے مسائل اور اپنی آسانیاں ہوتی ہیں۔ مگر یہ ضرور کہوں گی کہ ماضی کی سادگی میں جو سکون تھا، اسے آج کی تیز رفتار زندگی میں تلاش کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
کبھی دل چاہتا ہے کہ وقت کی سوئی چند لمحوں کے لیے پیچھے لوٹ جائے۔ وہی گھر ہو، وہی ٹیلی ویژن، وہی صبح کے کارٹون، وہی رات نو بجے کا ڈرامہ اور ڈرامہ ختم ہوتے ہی ٹی وی بند کرنے کی روایت۔ وہی امی کی آواز، وہی گھر والوں کی موجودگی اور وہی بے فکری جس میں کل کی فکر کم اور آج کی خوشی زیادہ ہوا کرتی تھی۔
شاید ہم سب اپنے اپنے ماضی میں ایک ایسی جگہ تلاش کرتے ہیں جہاں دل کو سکون ملا تھا۔ اور شاید یہی یادیں ہمیں یہ احساس دلاتی ہیں کہ زندگی کی خوب صورتی ہمیشہ بڑی چیزوں میں نہیں ہوتی، کبھی کبھی وہ چھوٹی چھوٹی عادتوں، سادہ معمولات اور اپنے لوگوں کے درمیان گزارے گئے لمحوں میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو، وہ زمانہ واقعی بہت خوب صورت تھا۔ اس لیے نہیں کہ ہمارے پاس سب کچھ تھا، بلکہ اس لیے کہ جو کچھ تھا، اس میں ہم خوش رہنا جانتے تھے۔
کچھ یادیں وقت کے ساتھ پرانی نہیں ہوتیں، بلکہ دل کے اندر ہمیشہ نئی رہتی ہیں۔
مزید پڑھیں





