پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد کو صوبہ بنایا جائے لیکن ہزارہ کا کوئی علاقہ اس میں شامل نہ کیا جائے،سردار یوسف

sardar yousaf
مصنف:

اسلام آباد: صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں نے نئے صوبوں کے قیام اور صوبہ ہزارہ کی حدود سے متعلق مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہزارہ کے کسی علاقے کو اسلام آباد صوبے میں شامل نہ کیا جائے اور جھاری کس سے کوہستان تک پورے علاقے پر مشتمل الگ صوبہ ہزارہ قائم کیا جائے۔


چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ بنے گا اور جھاری کس سے کوہستان تک پورا علاقہ اس میں شامل ہوگا۔ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنایا جائے، تاہم ہزارہ کے کسی علاقے کو اس میں شامل نہ کیا جائے۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کے عوام کو نئے صوبوں کا تحفہ مل رہا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے عوام کو اقتدار تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے عوام گزشتہ 16 سال سے الگ صوبے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں اپنا مکمل صوبہ چاہیے۔ ماضی میں صوبہ ہزارہ کی حدود چھچھ تک رہی ہیں، اس لیے عوام کی خواہشات اور تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھا جائے۔


پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے لیے عوام کی طویل جدوجہد کو سامنے رکھا جائے، جبکہ موجودہ حالات میں کسی بھی قسم کے انتشار سے بچنا بھی ضروری ہے۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ پاکستان میں صوبے کے قیام کی تحریک مستقل مزاجی سے چلانے کا اعزاز صوبہ ہزارہ تحریک کو حاصل ہے۔ تحریک کی جدوجہد کے باعث آج ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی آواز بلند ہو رہی ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ کے عوام نے ریفرنڈم کے ذریعے صوبہ سرحد کو پاکستان میں شامل کروایا تھا، اس لیے ان کے تاریخی کردار اور الگ صوبے کے مطالبے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔یہ مشترکہ بیان چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، سینیٹر طلحہ محمود اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کی بابر نواز، عبدالرزاق عباسی، سردار گوہر زمان اور نوابزادہ ولی محمد نے بھی تائید کی۔بریگیڈیئر (ر) شہزاد اعوان، مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر اور پرنس فضل حق نے بھی مشترکہ بیان کی حمایت کی۔