بجلی کا بل یا موت کی سزا؟ تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
آج جب کسی گھر میں بجلی کا بل آتا ہے تو وہ محض کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں رہتا، بلکہ کسی سمن یا خوفناک نوٹس کی شکل اختیار کر جاتا ہے۔ ایک ایسا نوٹس جس پر صاف لکھا ہوتا ہے کہ یا تو منہ مانگی قیمت دو، یا پھر اندھیرے اور عذاب میں جینے کے لیے تیار ہو جاؤ۔ ریاست نے اپنے شہریوں کو بنیادی سہولیات اور روشنی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر آج وہی ریاست شہری سے اس کی سولی پر ٹنگی سانسوں کی قیمت وصول کر رہی ہے، اور جیب میں دام نہ ہوں تو اسے زندہ رہنے کے حق سے محروم کرنے کے پروانے جاری کر رہی ہے۔
ہمارے یہاں عام آدمی کی مشکلات کا دائرہ کہاں سے شروع ہوتا ہے اور کہاں ختم ہوتا ہے، اس کا اندازہ اس آہنی نظام سے لگایا جا سکتا ہے جو ہر دروازے پر دستک دیتا ہے۔ صبح سویرے مزدور کام پر نکلتا ہے تو اس کے ذہن میں روٹی کی فکر ہوتی ہے، شام کو گھر لوٹتا ہے تو بل کا خوف اس کا استقبال کرتا ہے۔ وہ سوچتا ہے کہ اس نے بجلی جلائی کتنی ہے اور بل آیا کتنا ہے۔ یہ حساب کبھی اس کی سمجھ میں نہیں آتا۔ یونٹ کم ہوتے ہیں، رقم زیادہ ہوتی ہے، اور اس رقم کے اندر ایسے ایسے ٹیکس اور سرچارج چھپے ہوتے ہیں جن کے نام تک اس نے کبھی نہیں سنے ہوتے۔
شہری اپنے ساتھ زیادتی کا بل لے کر میٹر ریڈر کے پاس جاتا ہے تو بے نیازی سے جواب ملتا ہے کہ یہ ہمارا کام نہیں۔ جب وہ لائن سپرنٹنڈنٹ کے پاس فریاد لے کر پہنچتا ہے تو آگے سے ایک ہی رٹ سننے کو ملتی ہے کہ بل اوپر کے احکامات کے مطابق آیا ہے۔ ایس ڈی او کے دفتر کے دروازے بھی اسی بے حسی پر کھلتے ہیں جہاں تسلی دینے کے بجائے صرف حکم صادر ہوتا ہے کہ بل بہرحال ادا کرنا ہوگا۔ یعنی شکایت سننے والا کوئی نہیں، صرف بل وصول کرنے والے بیٹھے ہیں۔
یہ محض دفتری بدانتظامی یا معمولی لاپرواہی کی زنجیر نہیں ہے، بلکہ ذمہ داریوں سے فرار کا ایک منظم اور طویل سلسلہ ہے۔ اس پورے مکروہ چکر میں ہر افسر یا کارندہ انگلی اٹھا کر دوسرے کی طرف اشارہ کر دیتا ہے، اور درمیان میں سچائی اور اصول کا پرچار کرنے والا عام شہری بے بس کھڑا رہ جاتا ہے۔ اس پورے نظام میں غریب کی دادرسی کرنے والا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، یہاں صرف اور صرف جبری وصولی کا ہنر جاننے والے بیٹھے ہیں۔
ہمارے یہاں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ سٹیزن پورٹل نے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے مٹا دیے ہیں، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایک شہری نے اسی پورٹل پر آن لائن درخواست دی کہ وصولی کے نام پر مامور اہلکار نے اس سے رقم لی لیکن سرکاری کھاتے میں جمع نہیں کروائی، اور اس بددیانتی کے تمام ناقابلِ تردید شواہد بھی اس کے پاس موجود تھے۔ کچھ عرصے تک فائلوں کی گرد اڑتی رہی اور تفتیش کا ڈرامہ چلتا رہا، اور پھر اچانک یہ اطلاع موصول ہوئی کہ درخواست کو دفتری کارروائی پوری کر کے بند کر دیا گیا ہے۔
تفتیش کے نام پر ہونے والے اس تماشے میں ملزم دفتری عملہ صاف مکر گیا کہ اس نے کوئی رقم وصول ہی نہیں کی۔ یوں شہری کے ہاتھ میں موجود ثبوت ہار گیا اور طاقتور کا جھوٹ جیت گیا۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی، اس کے بعد متعلقہ عملے کی طرف سے دھمکیاں شروع ہوئیں کہ اگر فوری طور پر پورا بل جمع نہ کروایا گیا تو غریب شہری کے خلاف سرکاری کام میں مداخلت اور چوری کا پرچہ کاٹ کر اسے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔ یہ کسی ایک فرد کے ساتھ پیش آنے والا حادثہ نہیں ہے، بلکہ اس نظام کا عام طور طریقہ بن چکا ہے جہاں فریادی خود کٹہرے میں کھڑا ہو جاتا ہے اور اصل مجرم عزت بچا کر نکل جاتا ہے۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب ایک شہری ثبوت کے ساتھ شکایت کرے اور پھر بھی اسی کو دھمکایا جائے، تو پھر باقی لوگ شکایت کرنے کی ہمت کیسے کریں گے؟ یہی وہ خوف ہے جس نے پورے معاشرے کو خاموش کر دیا ہے۔ لوگ بل کی زیادتی کو جانتے ہوئے بھی خاموشی سے ادا کر دیتے ہیں، کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ آواز اٹھانے کی قیمت ان کے بل سے بھی زیادہ بھاری پڑ سکتی ہے۔
آج غریب کے پاس آخر بچا کیا ہے؟ ایک طرف ٹیکس در ٹیکس اور اضافی کٹوتیوں کا عذاب ہے، تو دوسری طرف تنخواہوں اور آمدنی کے ذرائع وہی پرانے اور محدود ہیں۔ جس محنت کش نے ایک بار اپنی پسینے کی کمائی سے نظام کے نام پر دھوکہ کھایا ہو، وہ بار بار من مانے بل کہاں سے بھرے؟ جس گھر میں معصوم بچوں کے لیے دودھ خریدنے کے پیسے نہ ہوں، وہاں کا مکین اتنی بھاری رقوم کے بل کیسے ادا کرے؟ وہ یا تو بچوں کا پیٹ کاٹے، یا دوائی چھوڑ دے، یا پھر قرض لے کر بل بھرے اور اگلے مہینے پھر اسی دلدل میں دھنس جائے۔
تلخ حقیقت یہ ہے کہ بڑے لوگوں اور بااثر شخصیات کے بڑے بڑے بقایا جات معاف کر دیے جاتے ہیں، ان کے گھروں کے میٹر کبھی نہیں اتارے جاتے اور نہ ہی ان کی بجلی منقطع ہوتی ہے۔ بڑی فیکٹریوں، بڑے دفتروں اور بڑے محلوں کے لاکھوں روپے کے بل معافی کی نظر ہو جاتے ہیں، لیکن ایک غریب کی دو تین ہزار کی قسط معاف نہیں ہوتی۔ اندھیرے اور سزاؤں کی تلوار صرف غریب کی گردن پر لٹکتی ہے، اور دھمکیاں بھی اسی کے حصے میں آتی ہیں۔ یہی وہ دوہرا معیار ہے جس نے عوام کے دل میں ریاست کے لیے نفرت نہیں، بلکہ مایوسی پیدا کر دی ہے۔
بجلی آج عیاشی نہیں، زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر بچہ پڑھ نہیں سکتا، مریض کی دوا محفوظ نہیں رہتی، مزدور کا کام نہیں چلتا اور گھر میں پانی بھی نہیں آتا۔ جب ریاست اسی بنیادی ضرورت کو سزا بنا دے تو پھر شہری ریاست سے کیا امید رکھے؟ کیا وہ اندھیرے میں بیٹھ کر روشنی کا خواب دیکھتا رہے؟ کیا وہ اپنے بچوں کو یہ سکھائے کہ سچ بولنے والا ہی سزا پاتا ہے؟
صحافت کا بنیادی فریضہ اس پسے ہوئے طبقے کی سچی تصویر کو ایوانوں تک پہنچانا ہے۔ بجلی کا بل آج محض کاغذی کارروائی نہیں رہی، بلکہ یہ ایک سنگین انسانی المیہ بن چکا ہے۔ اگر حکمرانوں اور پالیسی سازوں نے اس ظالمانہ پسائی پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو معاشرے میں لاچاری کی وجہ سے پیدا ہونے والی بے چینی مزید بڑھے گی، اور ریاستی اداروں پر عوام کا بچا کچا اعتماد بھی مکمل طور پر دم توڑ جائے گا۔
وقت آ گیا ہے کہ بلنگ کے نظام کو شفاف بنایا جائے، غلط بل بھیجنے والے اہلکار کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، اور غریب شہری کو قسطوں اور ریلیف کی سہولت دی جائے۔ شکایت کرنے والے کو مجرم بنانے کے بجائے اس کی حفاظت کی جائے۔ کیونکہ اگر عوام کا اعتماد ٹوٹ گیا تو پھر کوئی پورٹل، کوئی دفتر اور کوئی وعدہ اسے جوڑ نہیں سکے گا۔
آج سوال یہ نہیں ہے کہ بل کیسے ادا ہوگا، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ریاست اپنے ہی شہریوں کو اس طرح زندہ درگور کرنے کا ارادہ رکھتی ہے؟ بجلی کا بل یا موت کی سزا کا فیصلہ بہرحال اس نظام کو کرنا ہی ہوگا، لیکن اس سے پہلے ریاست کو اس بنیادی سوال کا جواب دینا ہوگا کہ آخر یہ مجبور اور پسے ہوئے عوام جائیں تو کہاں جائیں؟
مزید پڑھیں





