اسلام آباد کیش لیس اور زمینی حقائق ،تحریر:ندیم یعقوب گوہر
نقطہ نظر
دنیا بھر میں معیشتوں کو نقد رقم سے نکال کر مکمل طور پر کیش لیس بنانے کا رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، اور اسی سلسلے میں جب ہم ترقی یافتہ ممالک اور بڑے شہروں کے تجربات کا جائزہ لیتے ہیں تو یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ اس انقلابی تبدیلی کی راہ میں محض تکنیکی آسانیاں ہی نہیں بلکہ کئی سنگین سماجی، معاشی اور انتظامی مشکلات حائل رہی ہیں۔ مختلف عالمی شہروں کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جہاں اس نظام کے نفاذ کے دوران شدید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے سدباب کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔ ان تمام زمینی حقائق کا گہرا تعلق اب اس نئے منظر نامے سے جڑتا ہے جہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنانے کا تاریخی ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ان عالمی تجربات سے سیکھنا اور بروقت حفاظتی تدبیریں اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
ترقی یافتہ ممالک میں جب کیش لیس معیشت کی طرف سفر شروع ہوا تو سب سے بڑا سماجی المیہ معاشرے کے کمزور طبقات اور بزرگ شہریوں کی شکل میں سامنے آیا۔ سویڈن جیسے ملک میں جہاں نقد رقم کا لین دین تقریباً ختم کر دیا گیا تھا، ابتدائی طور پر بزرگ افراد اور وہ شہری جو اسمارٹ فونز یا ڈیجیٹل ایپس سے ناواقف تھے، روزمرہ کی اشیاء خریدنے اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے سے قاصر ہو گئے۔ اسی طرح امریکہ کے شہروں مثلاً سان فرانسسکو میں جب بعض ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز نے مکمل طور پر کیش لینا بند کر دیا تو وہاں کے بے گھر افراد اور غریب طبقے کے لیے بنیادی خوراک کا حصول بھی ناممکن ہو گیا، جس پر انسانی حقوق کے تحت سخت قوانین بناناپڑے کہ کوئی بھی ادارہ کیش لینے سے مکمل انکار نہیں کر سکتا۔ لندن جیسے عالمی شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو یکسر کیش لیس کرنے سے ڈیجیٹل ایکسکلژن کا شکار ہونے والے طبقے کو شدید مشکلات پیش آئیں۔ ان مسائل کے سدباب کے لیے ترقی یافتہ ممالک کو یہ اصلاحی قدم اٹھانا پڑا کہ انہوں نے ڈیجیٹل نظام کے ساتھ ساتھ متبادل انسانی سہولتیں، سادہ تکنیکی راستے اور بزرگوں کے لیے خصوصی معاونت لازمی قرار دی تاکہ کوئی بھی شہری معاشرے سے کٹ نہ جائے۔
تکنیکی اور سکیورٹی کے محاذ پر بھی دنیا کو ہلا دینے والے بحران دیکھنے میں آئے۔ برطانیہ جیسے ممالک میں جب بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نظام کا انحصار مکمل طور پر آن لائن سرورز پر ہوا تو ٹیکنیکل گلیچز اور سرور ڈاؤن ہونے کے بڑے واقعات نے پورے کاروبار کو معطل کر دیا۔ اس دوران سپر مارکیٹوں اور پٹرول پمپس پر خریداروں کی قطاریں لگ گئیں کیونکہ نہ تو کوئی پیمنٹ ہو سکتی تھی اور نہ ہی کسی کے پاس کاغذی کرنسی موجود تھی۔ دوسری طرف بھارت کے بڑے شہروں دہلی اور ممبئی میں بھی یو پی آئی سسٹمز کے سرور بیٹھ جانے کی وجہ سے گاہکوں اور دکانداروں کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر ہنگامے اور تلخ کلامی معمول بن گئی۔ اس کے علاوہ کینیڈا کے شہروں اوٹاوا اور ٹورنٹو میں احتجاجی مظاہروں کے دوران جب حکومت نے شہریوں کے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس منجمد کیے تو دنیا بھر میں پرائیویسی اور مالیاتی آزادی سلب ہونے کے خدشات شدت سے ابھرے۔ ان تمام مسائل کے سدباب کے لیے ترقی یافتہ دنیا کو انتہائی مضبوط سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز، ڈیٹا پرائیویسی کے سخت قوانین اور سرورز کے بیک اپ سسٹمز کو یقینی بنانا پڑا تاکہ نظام کی طوالت اور روانی متاثر نہ ہو۔
اب جب ہم ان تمام عالمی مسائل اور ان کے حل کا تقابلی جائزہ اسلام آباد کے حالیہ کیش لیس منصوبے کے تناظر میں لیتے ہیں، تو صورتحال بالکل واضح ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد کو 31 دسمبر 2026ء تک مکمل طور پر کیش لیس بنانے اور سرکاری محکموں میں نقد ادائیگیاں مکمل بند کرنے کا جو فیصلہ وزارت داخلہ اور ضلعی انتظامیہ نے کیا ہے، وہ بلاشبہ ایک جرأت مندانہ قدم ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے زمینی حقائق کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ جس طرح دیہی علاقوں اور شہروں کے نچلے طبقے میں اسمارٹ فونز کا فقدان ہے اور لوگ ڈیجیٹل ناخواندگی کا شکار ہیں، بالکل ویسے ہی خطرات اسلام آباد کی مارکیٹوں اور گلی محلوں میں بھی موجود ہیں۔ اگر عام دکانداروں، چھابڑی فروشوں اور ریڑھی بانوں پر زبردستی ڈیجیٹل سسٹمز تھوپے گئے اور ان کے پاس انٹرنیٹ سگنلز یا بجلی کی بندش کا کوئی متبادل نہ ہوا تو یہ اقدام کامیابی کے بجائے معاشی تعطل کا باعث بن سکتا ہے۔
انہی عالمی چیلنجز سے بچنے اور اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں ایک کامیاب اور پائیدار کیش لیس دارالحکومت بنانے کے لیے انتہائی اہم اور ناگزیر سدباب کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے، دیہی اور مضافاتی علاقوں کی طرح دارالحکومت کے چھوٹے مرچنٹس کو بغیر کسی فیس کے مفت کیو آر کوڈز اور سادہ کیپڈ فونز کے لیے آف لائن یو ایس ایس ڈی (USSD) جیسی آسان ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔ دوم، تاجروں کے دلوں میں جو ٹیکس کے شکنجے اور بینکوں کی اضافی کٹوتیوں کا خوف بیٹھا ہوا ہے، اسے ختم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے واضح قانونی تحفظ اور ضمانت دی جائے کہ ابتدائی مرحلے میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر کوئی اضافی کٹوتی یا جابرانہ ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ سوم، سائبر سیکیورٹی کو فول پروف بناتے ہوئے ایک ایسی فوری ہیلپ لائن اور شکایات ازالہ نظام قائم کیا جائے جو کسی بھی فراڈ یا غلط ٹرانزیکشن کی صورت میں شہری کی مدد کر سکے۔ چہارم، بزرگ شہریوں، دیہاڑی دار طبقے اور ٹیکنالوجی سے نابلد افراد کے لیے شہر بھر میں مددگار ڈیسک اور تربیتی کیمپ لگائے جائیں تاکہ وہ اس تبدیلی کو بوجھ سمجھنے کی بجائے سہولت تصور کریں۔ اسلام آباد کا یہ تجربہ تب ہی اپنی منزل مقصد کو پہنچ سکتا ہے جب ٹیکنالوجی کی اندھی دوڑ میں کسی بھی انسان کو مالیاتی تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا، اور ہر قدم پر عام آدمی کے حقوق اور سہولت کو ترجیح دی جائے گی۔
مزید پڑھیں





