ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارت نے جنگ میں شکست خود تسلیم کی، یہ پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، خواجہ آصف

مصنف:

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ پہلی جنگ تھی جس میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہا، بھارت نے خود اور اس کی فوج نے بھی اپنی شکست تسلیم کی، جو پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔


سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے 1991 میں سیاست میں قدم رکھا اور گزشتہ 36 سال سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ ان کی پہچان ہے اور شہر کے عوام کی بہتری ان کی ذمہ داری ہے، تاہم کبھی کبھی وہ سوچتے ہیں کہ تھک گئے ہیں۔


خواجہ آصف نے اپنے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاسی زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے۔ پرویز مشرف کے دور میں اٹک قلعہ میں قید رہے اور چار مرتبہ جیل گئے۔ 2020 میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں نیب نے انہیں چھ ماہ قید میں رکھا، تاہم نیب حکام انہیں یہ بھی نہیں بتا سکے کہ ان کے خلاف الزام کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ سیاسی حکومتیں جب کسی کو گرفتار کرنا چاہتی ہیں تو پہلے اسے پکڑتی ہیں اور بعد میں سوچتی ہیں کہ اس پر کون سا الزام لگانا ہے۔ انتقامی سیاست کبھی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہوتی۔


وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آج پاکستان سفارتی سطح پر ایک اہم مقام پر کھڑا ہے۔ ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ ماضی کی جنگوں میں کوئی نہ کوئی ابہام باقی رہ جاتا تھا، لیکن بھارت کے ساتھ اس جنگ میں کوئی ابہام نہیں رہا اور بھارتی فوج نے بھی اس کا اعتراف کیا۔


خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امریکی صدر 11 مرتبہ اس جنگ کا ذکر کر چکے ہیں اور 70 مرتبہ طیارے گرائے جانے کی تعداد گنوا چکے ہیں۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسلامی ممالک کو یہ راستہ دکھایا ہے کہ سمندر پار بنائے گئے فوجی اڈے ان کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔