منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

معلومات کے تبادلے کےلیے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز


پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔

چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ کے تعاون کو فروغ دینا، معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا اور غلط خبروں و گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ کوریڈور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطے کا پل ثابت ہوگا اور میڈیا، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد دے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط بن کر ابھری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارہ دوستی کی ایک منفرد مثال ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس دوستی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمزکے ذریعے مزید مضبوط بنانا ہے، سی پیک نے توانائی منصوبوں کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے75سال مکمل ہونادوستی کےتاریخی سفرکااہم سنگ میل ہے، پاک چین دوستی ہرآزمائش میں مزید مضبوط ہو کرابھری ہے، پاک چین دوستی آہنی بھائی چارےکی منفردمثال ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈوردونوں ممالک کےعوام کے دل،دماغ جوڑنے کا پل بنے گا، سی پیک پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی،انفارمیشن کوریڈور سچائی کاکوریڈور ہے۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ایک دوسرے کی ثقافت و روایات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے خلاف گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔