سہ ملکی سیریز: سری لنکا ناقابل شکست پاکستان کو زیر کرکے فائنل میں پہنچ گیا

لاہور : سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو اس کے حق میں ثابت ہوا۔ پاکستانی بلے باز سری لنکن بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچز میں تیسرا کم ترین مجموعہ ہے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جبکہ فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5اور سلمان علی آغا 9رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان صرف 2رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، وہ اپنے آؤٹ ہونے کے فیصلے پر ریویو لینا چاہتے تھے، تاہم پاکستان کے پاس کوئی ریویو باقی نہیں تھا۔
دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 17، عرفات منہاس نے 10، حارث رؤف نے ایک جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی پیش کی اور 34 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ سہان آراچیگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے 111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف صرف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے کامندو مینڈس نے ناقابل شکست 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی تھی، تاہم سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد اس کی سیریز میں ناقابل شکست رہنے کی پیش قدمی ختم ہوگئی
مزید پڑھیں





