نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی درخواستیں نمٹا دی گئیں

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبہر گل خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کے بیان کی روشنی میں دونوں درخواستیں نمٹا دی ہیں۔
عدالتی حکم پر پیش ہونے والے ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ دونوں بہنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے اور جسٹس عبہر گل خان کے استفسار پر تصدیق کی کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا چکی ہیں۔
دورانِ سماعت بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ڈی سی لاہور کمرہ عدالت سے روانہ ہو گئے جس پر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر سے کچھ گزارشات کرنی تھیں، جس پر عدالت نے ہلکے پھلکے انداز میں ریمارکس دیے کہ ڈی سی لاہور شاید آپ سے خوفزدہ ہیں اس لیے چلے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ درخواست گزاروں نے دونوں خواتین کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کی استدعا کی تھی؛ عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے دوران پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 12 نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا تھا جبکہ علیمہ خان تاحال جیل میں ہیں۔
مزید پڑھیں





