ڈی آئی خان،کوئٹہ روڈ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکہ، 11 افراد شہید
مصنف
شائع کیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ کے قریب مبینہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق دھماکے کے بعد اب تک 18 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ دھماکا ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر ہوا، جہاں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کو خوارج کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جبکہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت قرار دیا گیا ہے۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
دوسری جانب مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق مبینہ بے حسی پر غم و غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔
- |7 گھنٹے پہلے
ڈی آئی خان دھماکہ،پاکستان کسٹمز، ایکسائز اور پولیس کے 15 اہلکاروں کی شہادت
MumtazMاسلام آباد : پاکستان کسٹمز، ایکسائز اور پولیس کے 15 اہلکاروں کی شہادت ہوئی ہے جبکہ متعدد دیگر اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں، جو آج ڈیرہ اسماعیل خان میں امان میلہ کے مقام پر قائم جوائنٹ چیک پوسٹ (جے سی پی) پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 14:22 بجے ایک خودکش حملہ آور گاڑی میں سوار ہو کر جوائنٹ چیک پوسٹ کے قریب پہنچا اور پوسٹ کے قریب گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ پر شدید آگ بھڑک اٹھی جو تقریباً 15 سے 20 منٹ تک جاری رہی۔شہداء کی تعداد اور ان کی شناخت سے متعلق معلومات متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سے مشروط ہیں۔
حملے کے فوراً بعد آرمی بریگیڈ کو آگاہ کیا گیا اور جاں بحق اہلکاروں کی میتیں نکالنے اور زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کرنے کے لیے امدادی اور ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران ریسکیو گاڑیوں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف اہلکاروں پر بھی دوسرا حملہ کیا گیا۔ ریسکیو گاڑیوں کے ڈرائیورز بھی زخمی ہوئے۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پاکستان کسٹمز نے بزدلانہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے تمام اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز زخمی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ زخمی کسٹمز اور ایکسائز اہلکاروں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور تمام ضروری معاونت فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے دہشت گرد حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حملوں کا نشانہ بننے والے کسٹمز، ایکسائز اور پولیس اہلکار مشکل اور خطرناک حالات میں اپنے قومی فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملکی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور شہداء کے اہل خانہ اور حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے ساتھ حکومت کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں قوم کی خدمت پر مامور اہلکاروں کے خلاف گھناونے اور قابل مذمت اقدامات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ایف بی آر کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس کے افسران و اہلکاروں کو اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کرنے اور پاکستان کی معاشی سرحدوں کے تحفظ سے روک سکتے ہیں۔چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اپنے افسران و اہلکاروں اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں پوری طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کسٹمز ملک کے لیے اپنی ذمہ داریاں بہادری، عزم اور غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ جاری رکھے گا۔پاکستان کسٹمز قوم کی خدمت کے دوران دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والے کسٹمز، ایکسائز اور پولیس اہلکاروں کی بہادری اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پاکستان کی خدمت اور حفاظت کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط کرتی رہیں گی
- |7 گھنٹے پہلے
دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ بلاول
MumtazMپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں بھارتی پراکسی دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہریوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام کے لیے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
- |8 گھنٹے پہلے
ڈیرہ اسماعیل خان: زخمیوں کو منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 گاڑی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی
MumtazMڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ چیک پوسٹ حملے کے زخمیوں کو منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی گاڑی پر درابند کے قریب حملہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں ریسکیو 1122 کا ایک اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے ایک ریسکیو اہلکار کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
- |10 گھنٹے پہلے
معصوم شہریوں اور ہمارے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔طارق فضل چوہدری
MumtazMوفاق وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئٹہ روڈ پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب دہشت گردی کے بزدلانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم ہے۔ اطلاعات کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔یہ سفاکانہ کارروائی دہشت گردوں کی انسانیت دشمن سوچ اور امن کے خلاف کھلی جنگ ہے۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد یہ جان لیں کہ معصوم شہریوں اور ہمارے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ریاستِ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر سہولت کار و سرپرست کے خلاف کارروائی کے عزم پر قائم ہے۔شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ رکھے۔
مزید پڑھیں




