ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
نقطہ نظر
گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمے کا مرکزی ملزم سرفراز مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
سی سی ڈی کے مطابق مدو خلیل روڈ پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، اس دوران ملزمان کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا جبکہ 3 ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی، جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔حکام کے مطابق سرفراز دلہن کے قتل کے بعد کراچی فرار ہوگیا تھا، جس کی تلاش میں سی سی ڈی کی ٹیموں نے سندھ اور بلوچستان میں کارروائیاں کیں۔ ملزم بعدازاں گوجرانوالہ واپس پہنچا تھا۔ اس کے ساتھی حمزہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں نامزد خاتون ملزمہ پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز مقتولہ لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا تاہم اہل خانہ کی جانب سے رشتہ مسترد کیے جانے پر اس نے لڑکی کو اس کے ولیمے کے روز فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔




