جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گھریلو ناچاقیاں، اسباب، اثرات اور حل، تحریر:اظہر حسین بھٹی

نقطہ نظر

گھر وہ جائے امان ہے جہاں انسان سکون، محبت، اور تحفظ کی امید رکھتا ہے۔ مگر جب اسی چھت کے نیچے نفرت، بدگمانی، ضد اور بے سکونی کے سائے منڈلانے لگیں تو وہی گھر انسان کے لیے عذاب بن جاتا ہے۔ گھریلو ناچاقیاں، ہمارے معاشرے کا ایک ایسا ناسور بن چکی ہیں کہ جو نہ صرف افراد کی ذہنی و جسمانی صحت کو متاثر کرتی ہیں بلکہ نسلوں کو بربادی کی طرف دھکیل دیتی ہیں۔



ایک چھوٹا سا جملہ، ایک تلخ لہجہ، یا ایک وقتی انا کا فیصلہ اور برسوں کی محبت، اعتبار اور ہم آہنگی لمحوں میں بکھر جاتی ہے۔ گھریلو ناچاقیاں بظاہر معمولی جھگڑوں سے جنم لیتی ہیں، مگر جب ان کا علاج وقت پر نہ کیا جائے تو یہ رشتوں کو اندر سے گھن کی طرح چاٹ جاتی ہیں۔


آئیے اس کو تفصیلاً سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔


جذباتی تناظر:


آج کے دور میں ہر فرد مصروف ہے۔ وقت کا فقدان، ذہنی دباؤ، اور سوشل میڈیا کی مصنوعی دنیا نے اصل رشتوں کو دھندلا سا کر دیا ہے۔ میاں بیوی کے درمیان وہ پرانی سی محبت، وہ ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرنے والا تعلق، اب روزمرہ کی تلخیوں میں کہیں کھو سا گیا ہے۔ شوہر تھکا ہارا آتا ہے، بیوی دن بھر کی تھکن اور شکایتوں کے انبار میں گھری ہوتی ہے۔ اور یوں دن کا اختتام بھی تلخی پر ہوتا ہے، جو دھیرے دھیرے فاصلے میں بدل جاتی ہے۔


ساس بہو کا رشتہ، جو اگر سمجھ داری سے برتا جائے تو ایک ماں بیٹی جیسا ہو سکتا ہے، اکثر ضد، شکایت، اور 'میرے بیٹے کو مجھ سے چھینا جا رہا ہے' جیسی سوچ کی نذر ہو جاتا ہے۔


مشاہداتی پہلو:


میں نے کئی گھروں کو بکھرتے دیکھا ہے جہاں صرف ایک چیز کی کمی تھی: سننے کا سلیقہ۔ لوگ ایک دوسرے کی سننا ہی چھوڑ دیتے ہیں، ہر کوئی صرف اپنے دکھ کا نوحہ سنانا چاہتا ہے، لیکن کوئی دوسرے کا درد نہیں سمجھتا۔ اکثر اوقات بیوی کو صرف یہ سننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ "میں تمہیں سمجھتا ہوں"، اور شوہر کو صرف یہ یقین چاہیے ہوتا ہے کہ "تم میرے ساتھ ہو"۔ لیکن یہ جملے زبان پر آتے ہی نہیں اور دلوں کی دوریاں بڑھتی چلی جاتی ہیں۔


روحانی و معاشرتی پہلو:


اسلام نے "بہترین مسلمان" اس شخص کو کہا ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوۂ حسنہ ہمیں سکھاتا ہے کہ محبت، نرمی، اور حسنِ سلوک سے گھر کو جنت بنایا جا سکتا ہے۔ اگر مرد عورت کو اللہ کی امانت سمجھے، اور عورت شوہر کو محبت اور احترام کا مرکز جانے، تو جھگڑے کی گنجائش بہت کم رہ جاتی ہے۔


معاشرتی دباؤ، مقابلے بازی، اور نمود و نمائش نے بھی ناچاقیوں کو بڑھایا ہے۔ لوگ رشتے نبھانے کے بجائے دوسروں کے ساتھ موازنہ کرنے لگے ہیں، جو گھر کے سکون کو چھین لیتا ہے۔


اسباب:


گھریلو ناچاقیوں کی وجوہات میں سب سے نمایاں وجہ غلط فہمیاں اور عدم برداشت ہے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنا لینا، ایک دوسرے کی بات کو سمجھے بغیر رد کر دینا، اور رویوں میں سختی ایسے عوامل ہیں جو آہستہ آہستہ دوریاں پیدا کرتے ہیں۔


میکے سسرال کا منفی کردار بھی کئی اوقات ان ناچاقیوں کو ہوا دیتا ہے۔ بیچ میں مشورے، شکایات، یا جھوٹی کہانیاں، رشتوں کی بنیاد کو کھوکھلا کر دیتی ہیں۔


معاشی مسائل، بے روزگاری، یا آمدن کا کم ہونا بھی نفسیاتی دباؤ پیدا کرتا ہے جس کا اظہار اکثر گھر کے افراد پر غصے، تلخی اور تنگ دلی کی صورت میں ہوتا ہے۔


اثرات:


گھریلو ناچاقیوں کا سب سے گہرا اثر بچوں پر ہوتا ہے۔ وہ محبت و امن کے ماحول سے محروم ہو جاتے ہیں، اور ان کی شخصیت میں خوف، اعتماد کی کمی، اور چڑچڑا پن پیدا ہو جاتا ہے۔ ایسے بچے بڑے ہو کر یا تو خود جارح مزاج بن جاتے ہیں یا بالکل دبے ہوئے۔


دوسری طرف، میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والی دوری دونوں کی ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں کئی بار طلاق جیسے ناپسندیدہ فیصلے بھی جنم لے لیتے ہیں۔


حل:


1- ہر رشتے کی بنیاد بات چیت اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں ہے۔ اگر ہم اختلاف کو دشمنی نہ سمجھیں بلکہ اسے گفتگو کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں، تو بہت سی الجھنیں دور ہو سکتی ہیں۔



2- کسی بھی رشتے میں احترام کا عنصر نہایت ضروری ہے، چاہے وہ ساس بہو کا ہو یا میاں بیوی کا۔



3- اسلام نے خاندان کو بنیاد بنا کر اس کی حفاظت کے اصول وضع کیے ہیں۔ اگر ہم ان تعلیمات کو اپنائیں، جیسے نرم گفتگو، صبر، اور حقوق العباد کی ادائیگی تو ناچاقیوں کی گنجائش بہت کم ہو سکتی ہے۔



4- گھر کے بڑے فیصلوں میں مشورہ، شراکت اور اتفاق رائے کی روایت اپنانا چاہیے۔



5- اگر ناچاقیاں حد سے بڑھ جائیں تو کسی معالج، عالم، یا مشیرِ ازدواجی سے رجوع کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔



6. روزانہ 10 منٹ کا مکالمہ، صرف ایک دوسرے کو سننے کے لیے، بغیر کسی تنقید کے ضروری ہے۔



7. گھر میں شکر گزاری کی فضا پیدا کرنا، چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو سراہنا، ہر کام میں شکایت نہ نکالنا۔



8. گھریلو معاملات کو غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہ کرنا خصوصاً سسرال یا میکے والوں کے ساتھ۔


9- مشترکہ عبادت, میاں بیوی اگر مل کر نماز پڑھیں یا قرآن کی چند آیات سنیں، تو دلوں میں عجب سی نرمی اترتی ہے۔



10. بچوں کے سامنے جھگڑے سے گریز کریں، کیونکہ وہ وہی سیکھتے ہیں جو دیکھتے ہیں، اور ان کی شخصیت متاثر ہوتی ہے۔



یاد رکھیں، رشتے دل سے بنتے ہیں، ضد سے نہیں۔ محبت کو پانے کے لیے جھکنا پڑتا ہے، اور عزت برقرار رکھنے کے لیے معاف کرنا آنا چاہیے۔ ہر رشتہ ایک نازک ڈور ہے، جسے اگر وقت پر نہ سنوارا جائے تو وہ ٹوٹنے میں دیر نہیں لگاتی۔


گھریلو ناچاقیاں وقتی ہو سکتی ہیں اگر ان سے نبرد آزما ہونے کا سلیقہ آ جائے۔ محبت، برداشت، عزت، اور سمجھ بوجھ وہ اوزار ہیں جن سے ہم ہر گھریلو کشمکش کا حل نکال سکتے ہیں۔ اگر ہم گھر کو ایک عبادت گاہ سمجھ کر ہر فرد کا مقام پہچانیں، تو گھروں میں بہار بھی آ سکتی ہے، اور نسلوں کا مستقبل بھی سنور سکتا ہے۔


ہمیں چاہیے کہ ہم گھریلو ناچاقیوں کو معمولی نہ سمجھیں، بلکہ سنجیدگی سے ان کا حل تلاش کریں، کیونکہ مضبوط خاندان ہی مضبوط معاشرہ بناتے ہیں۔