گورنر راج آئینی تو ہے لیکن جمہوری نہیں،وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں نئے صوبے بنانے کے لیے کوئی اکثریت موجود نہیں، جبکہ گورنر راج آئینی تو ہے لیکن جمہوری نہیں۔
جام چاکرو میں جدید لینڈ فل سائٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا بنانے کے لیے جدید منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر مجموعی طور پر پانچ جدید سیل تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن کی تعمیر دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت کراچی کے کچرے کو سائنسی اور منظم طریقے سے تلف کیا جائے گا۔ جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم سے ماحولیاتی مسائل اور تعفن کے خاتمے میں مدد ملے گی، جبکہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی عالمی معیار کے ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
گورنر راج سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنر راج آئینی ضرور ہے، لیکن جمہوری نہیں۔ کوئی نہیں چاہتا کہ صوبے کی منتخب حکومت کو ہٹایا جائے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔ اگر ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہو اور صوبے کارروائی سے منع کریں تو ایسی صورت حال میں کیا کہا جا سکتا ہے۔میر رضا کیس کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب کابینہ ہی کمیشن کی رپورٹ کا بند لفافہ کھولے گی اور اس کی روشنی میں فیصلہ کرے گی۔





