Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پیٹرولیم لیوی کم کرتے توامیر لوگ بھی سبسڈی سے فائدہ اٹھاتے،عطا تارڑ

waeaq

وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کو20 لیٹر اورچھوٹی گاڑیوں کو30 لیٹر ماہانہ فیول پرریلیف دیا جائے گا-

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیول سبسڈی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ اورعالمی صورتحال کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں،وزیراعظم نے غریب طبقے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پرخصوصی ریلیف کااعلان کیا، موٹرسائیکل سواروں کو20 لیٹر اورچھوٹی گاڑیوں کو30 لیٹر ماہانہ فیول پرریلیف دیا جائے گا،ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سےزیادہ لوگ اس ریلیف پیکج سے فائدہ اٹھائیںموٹر سائیکل والے ہفتے میں ایک بار اور گاڑی والےہر 10 دن میں ایک بار فیول سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں، گاڑی کے لیے 10 لیٹر اور بائیک کے لیے 5 لیٹر کا ٹوکن ہوگا۔

وفاقی وزیرآئی ٹی نے مزید بتایا کہ 9771 پرپیغام بھیج کرپروگرام میں اپنا نام رجسٹرڈ کیا جا سکتا ہے،800 سی سی گاڑیوں اورموٹرسائیکل سواروں کیلئے پیٹرول پر 100روپے فی لیٹر رعایت دی گئی ہے، کوشش ہے کہ پیٹرول پمپوں پرلوگوں کا رش نہ لگے حکومت کوئی شناختی کارڈ نہیں مانگ رہی، موٹرسائیکل والے ہفتے میں ایک بار فیول سبسڈی حاصل کرسکتے ہیں،ہرشخص کے پاس اسمارٹ فون نہیں اس لیے ایپ نہیں بنائی ،جس نمبرسے میسج کریں گے وہ شناختی کارڈ اورسم شہری کےنام پرہونی چاہیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آج رات 12بجے کے بعد سبسڈی کا اجرا ہوگا، وزارت خزانہ کے ساتھ تمام ادارے مل کرکام کر رہے ہیں ،خصوصی اسکیم کااجرا مستحق لوگوں کے لیے ہے ،یہ منفرد اسکیم ہے، اپوزیشن کا کام تجویزدینا ہے ، پیٹرولیم لیوی کم کرتے توامیر لوگ بھی سبسڈی سے فائدہ اٹھاتے، اس لیے وزیراعظم نے مستحق افراد کیلئے خصوصی ریلیف اسکیم کا اجراء کیا، ایسا نظام پہلے کبھی نہیں متعارف کروایا گیا۔

وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم نے 130 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، لیوی سےبڑھ کر 100روپے فی لیٹر ریلیف دیا، ہم نے تمام وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کی، سب کواکٹھا کرکے ٹارگٹڈ ریلیف کا نظام ترتیب دیا گیا ہےخواہشات کی بنیاد پرنظام نہیں چلتا، وزیراعظم نے غریب طبقے کو سبسڈی دی ہے، معاملات کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عوام کوجتنا تحفظ اور ریلیف دے سکتے ہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑ ی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جس سے انہیں ماہانہ 2 ہزار روپے تک فائدہ ہوگا۔ اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا یعنی انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے تک کا فائدہ حاصل ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں خصوصی ریلیف اسکیم کا اطلاق آج سے کردیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے، اسکیم کے طریقہ کار اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی۔

وزیراعظم نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔