حماقتیں جو ہم نے کیں،تحریر:یاسمین اختر طوبیٰ، قسط دوم
نقطہ نظر
کچھ حماقتیں ابھی باقی ہیں۔
گزشتہ تحریر میں ہم اپنی چند حماقتوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔ قارئین نے اسے پڑھ کر یقیناً سوچا ہوگا کہ شاید اب ہم عقل و دانش کی کسی بلند چوٹی پر جا بیٹھے ہوں گے مگر ایسا ہرگز نہیں۔ ہم ابھی اسی زمین پر موجود ہیں جہاں عقل اکثر ہمیں ڈھونڈتی رہتی ہے اور ہم کسی نہ کسی نئی حماقت میں مصروف ہوتے ہیں۔ سچ پوچھیے تو ہماری زندگی میں حماقتوں کا سلسلہ اتنا طویل ہے کہ اگر انہیں ترتیب سے لکھنے بیٹھ جائیں تو شاید کئی جلدیں تیار ہو جائیں اور ناشر پہلے ہی ہاتھ کھڑے کر دے۔
ہماری ایک عادت یہ بھی رہی ہے کہ کسی کے گھر جانے سے پہلے بڑے اہتمام سے تیاری کرتے ہیں۔ دل میں طے ہوتا ہے کہ آج مختصر سی ملاقات ہوگی، زیادہ دیر نہیں بیٹھیں گے مگر وہاں پہنچتے ہی گفتگو کا ایسا دریا بہتا ہے کہ وقت کا احساس ہی نہیں رہتا۔ میزبان بار بار چائے پیش کرتا ہے، ہم ہر بار انکار کرتے ہیں اور پھر اگلی ہی سانس میں کہتے ہیں، اچھا، تھوڑی سی لے لیتے ہیں۔ تھوڑی سی چائے کے ساتھ تھوڑی سی گفتگو شروع ہوتی ہے اور پھر نہ جانے کیسے شام کا اندھیرا ہمارے ارادوں پر غالب آ جاتا ہے۔ واپسی پر گھر والے پوچھتے ہیں کہ اتنی دیر کہاں لگ گئی؟ ہم معصومیت سے جواب دیتے ہیں کہ بس ذرا سی دیر ہو گئی تھی۔ اب انہیں کون سمجھائے کہ بعض اوقات ذرا سی دیر میں کئی گھنٹے سما جاتے ہیں۔
ہمیں اپنی یادداشت پر بھی بڑا ناز تھا۔ سمجھتے تھے کہ ہماری یادداشت بہت اچھی ہے، بس کبھی کبھی معمولی سی غفلت ہو جاتی ہے۔ ایک دن بازار سے چند ضروری چیزیں لانے کا حکم ملا۔ ہم نے سب کچھ ذہن نشین کر لیا اور بڑے اعتماد سے روانہ ہوئے۔ بازار پہنچ کر ایک دکان سے دوسری دکان تک چکر لگاتے رہے، خوب خریداری کی اور فاتحانہ انداز میں گھر واپس آ گئے۔ سامان کھولا تو معلوم ہوا کہ اصل ضروری چیزیں تو خریدنا بھول گئے ہیں۔ گھر والوں نے پوچھا، باقی چیزیں کہاں ہیں؟ ہم نے جواب دیا کہ وہ اگلی مرتبہ لے آئیں گے۔ اس دن سے ہمیں معلوم ہوا کہ یادداشت پر اعتماد کرنے سے بہتر ہے کہ کاغذ پر اعتماد کیا جائے، اگرچہ کاغذ بھی کبھی کبھی گھر ہی میں رہ جاتا ہے۔
ہماری ایک اور دلچسپ کمزوری یہ ہے کہ ہم کسی کام کا آغاز بڑے جوش و خروش سے کرتے ہیں۔ نیا رجسٹر خریدتے ہیں تو پہلے صفحے پر خوب صورت لکھائی میں تاریخ اور عنوان درج کرتے ہیں۔ چند صفحات تک پابندی سے لکھتے ہیں، پھر اچانک زندگی کی مصروفیات یاد آ جاتی ہیں۔ رجسٹر الماری میں رکھ دیا جاتا ہے اور اس کے بعد اس کی خبر صرف تب ملتی ہے جب کسی پرانی چیز کی تلاش میں الماری کھولی جائے۔ یہی حال ورزش، مطالعے اور دیگر نیک ارادوں کا بھی ہے۔ ہمارے ارادے بڑے مضبوط اور بلند ہوتے ہیں، بس ان کی عمر کچھ کم ہوتی ہے۔ بعض ارادے تو اتنے نازک ہوتے ہیں کہ پہلی ہی مصروفیت کے جھونکے سے دم توڑ دیتے ہیں۔
ایک زمانہ تھا جب ہمیں ہر معاملے میں اپنی رائے دینا ضروری محسوس ہوتا تھا۔ کسی موضوع پر گفتگو ہو رہی ہو، چاہے ہمیں اس کا الف ب بھی معلوم نہ ہو، ہم خاموش رہنا اپنی توہین سمجھتے تھے۔ بڑے اعتماد سے گفتگو میں حصہ لیتے اور ایسے ایسے دلائل پیش کرتے کہ خود بھی متاثر ہو جاتے۔ بعد میں جب حقیقت معلوم ہوتی تو اندازہ ہوتا کہ ہم جس موضوع پر اتنی دیر سے روشنی ڈال رہے تھے، اس میں خود ہمارے پاس اندھیرے کے سوا کچھ نہ تھا۔ اب ہم نے خاموش رہنے کی مشق شروع کر دی ہے لیکن یہ مشق بھی ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتی۔ زبان کو روکنے کے لیے جو قوت درکار ہوتی ہے، وہ ہماری باقی تمام قوتوں سے زیادہ کارگر ثابت ہوئی ہے۔
ہماری مہمان نوازی کا انداز بھی کبھی کبھی ہمارے لیے آزمائش بن جاتا ہے۔ کوئی مہمان آنے کی اطلاع دے دے تو ہم فوراً گھر کی صفائی، چائے کے انتظام اور دیگر لوازمات میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ گھر کو ایسا چمکاتے ہیں جیسے کسی شاہی تقریب کا اہتمام ہو رہا ہو۔ پھر مہمان آتے ہیں، چند لمحے بیٹھتے ہیں، خیریت دریافت کرتے ہیں اور رخصت ہو جاتے ہیں۔ ان کے جانے کے بعد ہم تھکے ہوئے صوفے پر بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ اتنی محنت کے بعد اگر مہمان کچھ دیر اور بیٹھ جاتے تو کیا قیامت آ جاتی؟ پھر اگلے ہی لمحے خیال آتا ہے کہ اگر کچھ دیر اور بیٹھ جاتے تو شاید ہمیں رات کا کھانا بھی خود ہی بنانا پڑتا۔
ہمیں لوگوں کے نام یاد رکھنے میں بھی خاصی دشواری پیش آتی ہے۔ کوئی شخص بڑی محبت سے ملے، اپنا تعارف کروائے اور ہم بھی پورے خلوص سے اس کا نام یاد رکھنے کی کوشش کریں مگر چند لمحوں بعد نام ذہن سے ایسے غائب ہوتا ہے جیسے کبھی سنا ہی نہ ہو۔ پھر ہم گفتگو میں ایسے ایسے جملے استعمال کرتے ہیں جن میں نام لینے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ کبھی جناب، کبھی محترم، کبھی آپ کہہ کر کام چلا لیتے ہیں۔ اگر سامنے والا خود بھی اپنا نام بھول جائے تو ہماری خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہتا۔ ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ قدرت نے ہماری مشکل میں شریک ایک اور انسان پیدا کر دیا ہے۔
ایک حماقت ہماری یہ بھی ہے کہ ہم دوسروں کی پریشانی دیکھ کر فوراً ان کی مدد کے لیے تیار ہو جاتے ہیں، چاہے اس مدد کے نتیجے میں اپنی پریشانیوں میں اضافہ ہی کیوں نہ ہو جائے۔ کسی نے کوئی کام بتایا تو ہم نے ہاں کر دی، کسی نے کوئی ذمہ داری سونپی تو قبول کر لی، کسی نے کہا کہ آپ کے سوا یہ کام کوئی نہیں کر سکتا تو ہم اپنی اہمیت کے احساس سے پھول کر کپا ہو گئے۔ بعد میں جب کاموں کا انبار لگتا ہے تو اپنی فراخ دلی پر حیرت ہوتی ہے۔ تب احساس ہوتا ہے کہ ہر جگہ ہاں کہنا نیکی نہیں، بعض اوقات اپنے لیے نئی مصیبت کا دروازہ کھولنا بھی ہوتا ہے اور ہماری خود کلامی کا تو کیا کہنا! کبھی باورچی خانے میں کھڑے ہو کر خود سے بحث کر رہے ہوتے ہیں، کبھی الماری کھول کر کسی گم شدہ چیز کو تلاش کرتے ہوئے خود ہی سوال کرتے ہیں اور خود ہی جواب دیتے ہیں۔ کبھی کسی کام میں ناکامی ہو جائے تو اپنے آپ کو تسلی دیتے ہیں کہ کوئی بات نہیں، اگلی مرتبہ بہتر ہوگا۔ پھر اگلی مرتبہ بھی وہی حماقت دہرا دیتے ہیں۔ گھر والے کبھی ہماری اس عادت پر مسکراتے ہیں اور کبھی حیرت سے دیکھتے ہیں کہ آخر ہم کس سے باتیں کر رہے ہیں۔ انہیں کیا معلوم کہ انسان کا سب سے پکا ساتھی بیشتر اوقات اس کا اپنا آپ ہی ہوتا ہے اور ہم تو اپنے ساتھ خاصے خوش مزاج ہیں۔
اب سوچتے ہیں کہ ان تمام حماقتوں کا حاصل کیا ہے؟ شاید یہی کہ انسان اپنی زندگی میں بہت کچھ سیکھتا ہے، مگر ہر سبق فوراً یاد نہیں رکھتا۔ بعض سبق بار بار پڑھنے پڑتے ہیں اور بعض کے لیے پوری زندگی بھی کم پڑ جاتی ہے۔ ہم بھی اپنی اصلاح کے لیے کوشاں ہیں لیکن اصلاح کا یہ سفر کچھوے کی رفتار سے جاری ہے۔ کبھی ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو دو قدم پیچھے چلے جاتے ہیں۔ پھر خود کو سمجھاتے ہیں کہ کم از کم چل تو رہے ہیں، بیٹھے تو نہیں ناں۔۔۔
آخر میں یہی عرض ہے کہ ہماری حماقتوں کی داستان ابھی ختم نہیں ہوئی۔ زندگی کے بازار میں ابھی بہت سے ایسے مواقع موجود ہیں جہاں ہم اپنی عقل کا امتحان لے سکتے ہیں اور غالب امکان یہی ہے کہ نتیجہ حسبِ سابق ہی نکلے گا۔ البتہ اب ہم نے ایک اصول اپنا لیا ہے کہ اپنی غلطیوں پر ضرورت سے زیادہ افسوس نہیں کریں گے کیونکہ جو حماقت گزر گئی، وہ یاد بن گئی اور جو آنے والی ہے، وہ ایک نیا تجربہ ہوگی۔
ویسے بھی اگر انسان ہر وقت عقل مندی کا مظاہرہ کرتا رہے تو زندگی میں ہنسنے کے مواقع کہاں سے آئیں؟ کچھ بے وقوفیاں ضروری ہوتی ہیں، کچھ بھول چوک زندگی کا حسن ہوتی ہے اور کچھ حماقتیں ایسی ہوتی ہیں جن کے بغیر انسان کی شخصیت ادھوری رہ جاتی ہے۔
سو صاحبو! ہماری حماقتوں کا کھاتہ ابھی کھلا ہے، قلم ابھی چل رہا ہے اور عقل میاں سے ہماری ملاقات ابھی تک نہیں ہو سکی۔ امید ہے وہ کبھی فرصت نکال کر تشریف لائیں گے۔ تب تک ہم اپنی سابقہ روایت برقرار رکھتے ہوئے زندگی کے ساتھ ہنسی مذاق جاری رکھیں گے۔
جاری ہے۔۔۔
مزید پڑھیں




