حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے، مقدس مقامات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے۔
خبر رساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کا پیغام ہماری سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آ چکا ہے۔ سعودی عرب میں مقدس مقامات پر حملوں کے حوالے سے پاکستانی عوام، سیاسی قیادت اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ تنازعات کو کسی بھی سطح پر مزید بڑھانے سے کسی ملک کو فائدہ نہیں ہوگا۔ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تنازع کو پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مذاکراتی حل میں ناکامی اور فوجی تصادم کی صورت میں مکہ الائنس کا اجتماعی ڈیٹرنس یقیناً حرکت میں آئے گا۔ تاہم، اس اتحاد کی قیادت اور لائحہ عمل واضح ہے اور اس کا کوئی جارحانہ ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اپنی عوام سمیت پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی پر یقین رکھتے ہیں۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ تنازعات کو کسی بھی سطح پر بڑھانے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ مکہ الائنس کسی خاص ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس کا بنیادی مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔





