بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہو کر 32 رہ گئی، برطانوی جریدے کی تصدیق


برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کے اعداد و شمار سے بھی معرکہ حق کے دوران بھارت کے رافیل لڑاکا طیاروں کے تباہ ہونے کے پاکستانی دعوؤں تصدیق ہوگئی۔

برطانوی جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ 2027 کی ورلڈ ائیرفورسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 32 بتائی گئی ہے جو کہ اس سے قبل 36 تھی۔

فلائٹ انٹرنیشنل کی جانب سے 2025 کی ورلڈ ائیر فروسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال طیاروں کی تعداد 36 بتائی گئی تھی جبکہ 2026 کی ڈائریکٹری میں یہ تعداد ایک طیارے کی کمی کے ساتھ 35 بتائی گئی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے 4 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 8 طیارے تباہ کیے تھے۔

بعد ازاں برطانوی دفاعی جریدے کِی ایرو (Key_Aero) کی تحقیقی رپورٹ میں بھی پاکستانی دعوے کی تصدیق کرتے ہوے بتایا گیا تھا کہ مئی 2025 میں پاکستان اوربھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ کی فضائی جنگ میں بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے نمبر بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 تھے جبکہ بھارت ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ کوئی واضح تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو مفلوج کردیا تھا۔