پشاور سکول چھت گرنے کا واقعہ، پی ایس آر اے کی ابتدائی رپورٹ گورنر کےپی کے کو جمع کرادی گئی

پشاور کی دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آر اے) کی ابتدائی رپورٹ گورنر خیبر پختونخوا کو جمع کرادی گئی ہے۔
مشیر ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا عامر عبداللّٰہ نے جیو نیوز سے گفتگو کی اور کہا کہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017ء میں ترامیم کرنا چاہتے ہیں۔
دیر کالونی میں 15 اکتوبر کو نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ میں قانون میں ترامیم کی سفارش کی ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں سنگین خلاف ورزیوں اور غیر محفوظ عمارتوں کی صورت میں اسکول بند کرنے کے اختیارات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کےلیے ٹی ایم ایز، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، متعلقہ اداروں کا این او سی لازمی قرار دینے کی سفارش بھی کی گئی۔
ابتدائی رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ سیلابی علاقوں میں نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کےلیے محکمہ آبپاشی کا این او سی ہونا لازمی قرار دیا جائے۔ رپورٹ میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کے تکنیکی جائزے محکمہ مواصلات و تعمیرات یا انجینئرنگ کے اداروں سے کرانے کی سفارش بھی کی گئی۔
رپورٹ میں مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے ذریعے نجی اسکول بند کرنے اور عمارت میں اضافی تعمیرات کےلیے پیشیگی منظوری لازمی قرار دینے کی سفارش بھی کی گئی۔ پی ایس آر اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نجی اسکولوں کے بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ادارے کے پاس اختیارات نہیں، ادارہ صرف نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور ریگولیشن کرسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ادارے کو عمارتوں کے نقشوں اور ساختی ڈیزائن کی منظوری دینے کا اختیار حاصل نہیں، عمارتوں کی جانچ پڑتال کےلیے انجینئرز، تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم موجود نہیں ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پی ایس آر اے کے پاس اسکول سیل، بند یا لاک کرنے کا اختیار نہیں، یہ اختیار 2017ء میں قانون سے حذف کردیا گیا تھا، ادارے کے پاس انجینئرنگ یا تکنیکی ونگ موجود نہیں





