اقبالؒ کا نسخۂ پرواز؛ خواب سے حقیقت تک،تحریر: نیہا علی
نقطہ نظر
کچھ لوگ خواب دیکھتے ہیں، کچھ لوگ خواب دکھاتے ہیں، اور کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو خواب کو حقیقت بنانے کا نسخہ بھی دے جاتے ہیں۔ علامہ محمد اقبالؒ انہیں لوگوں میں سے تھے۔ انہوں نے صرف شعر نہیں کہے،نا ہی لکھے، انہوں نے ایک سوئی ہوئی قوم کو جگایا، اسے اس کے پر دیے اور اسے بتایا کہ تمہاری پرواز زمین تک محدود نہیں، تمہارا آسمان بہت وسیع ہے۔
اقبالؒ کا نسخۂ پرواز کسی دوائی کی پرچی نہیں تھا، یہ ایک مکمل فکر تھی۔ اس نسخے کی پہلی دوا خودی تھی۔ اقبالؒ کہتے تھے کہ انسان سب سے پہلے اپنے آپ کو پہچانے۔ جو شخص اپنے آپ کو نہیں جانتا، وہ دوسروں کے سہارے جیتا ہے۔ آج ہم دیکھیں تو ہمیں لگتا ہے کہ ہم نے خودی کو بھلا دیا ہے۔ ہم دوسروں کی نقل کرتے ہیں، دوسروں کی پسند کو اپنی پسند بنا لیتے ہیں، دوسروں کی کامیابی کو دیکھ کر خود کو ناکام سمجھ لیتے ہیں۔ اقبالؒ کا پہلا سبق یہی ہے کہ اپنے اندر جھانکو۔ تمہارے اندر ایک خزانہ چھپا ہے، اسے تلاش کرو۔
اس نسخے کی دوسری دوا شاہین کی صفت تھی۔ اقبالؒ نے نوجوان کو شاہین کہا۔ شاہین وہ پرندہ ہے جو اونچی اڑان بھرتا ہے، تنہا پرواز کرتا ہے، اور اپنا آشیانہ خود بناتا ہے۔ وہ کوے کی طرح شور نہیں مچاتا، وہ خاموشی سے بلندی کی طرف جاتا ہے۔ اقبالؒ چاہتے تھے کہ ہمارا نوجوان بھی ایسا ہی ہو۔ وہ آسانیاں نہ ڈھونڈے، وہ مشکلات سے نہ ڈرے۔ کیونکہ پرواز اسی کی ہوتی ہے جو گرنے سے نہیں ڈرتا۔ جو بچہ پہلی بار چلنا سیکھتا ہے، وہ کئی بار گرتا ہے، مگر وہ ہار نہیں مانتا۔ اقبالؒ کا شاہین بھی یہی کہتا ہے کہ گرنا ناکامی نہیں، رکنا ناکامی ہے۔
تیسری دوا عشق تھی۔ اقبالؒ کے نزدیک عشق کے بغیر پرواز ممکن نہیں۔ یہ عشق کسی ایک شخص کا نہیں، یہ اپنے مقصد سے عشق ہے، اپنے رب العالمین سے عشق ہے، اپنی قوم سے عشق ہے۔ جس کام میں عشق شامل ہو جائے، وہ کام عبادت بن جاتا ہے۔ آج ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم کام تو کرتے ہیں، مگر دل سے نہیں کرتے۔ ہم پڑھتے ہیں نمبروں کے لیے، نوکری کرتے ہیں تنخواہ کے لیے مگر اس میں محبت نہیں ہوتی۔ جب تک کام میں عشق نہ ہو، اس میں برکت نہیں آتی۔
چوتھی دوا عمل تھی۔ اقبالؒ صرف خواب دیکھنے والے شاعر نہیں تھے، وہ عمل کے قائل تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ عمل سے زندگی بنتی ہے۔ صرف سوچنے سے، صرف باتیں کرنے سے کچھ نہیں بدلتا۔ آج ہم سب سے زیادہ باتیں کرنے والی قوم بن گئے ہیں۔ ہم سوشل میڈیا پر بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں، مگر اپنی عملی زندگی میں چھوٹے چھوٹے کام بھی نہیں کرتے۔ اقبالؒ کا نسخہ کہتا ہے کہ کم بولو، زیادہ کرو۔
اب سوال یہ ہے کہ خواب سے حقیقت تک کا سفر کیسے طے ہو؟
اقبالؒ نے خواب دیکھا تھا کہ مسلمان ایک آزاد اور باوقار قوم بنیں گے۔ وہ خواب پاکستان کی صورت میں پورا تو ہو گیا، مگر اصل خواب ابھی ادھورا ہے۔ اصل خواب یہ تھا کہ ہم ایک ایسی قوم بنیں جو علم میں آگے ہو، کردار میں مضبوط ہو، اور دنیا کے لیے مثال بنے۔ یہ خواب اس وقت پورا ہوگا جب ہر طالب علم اپنی کتاب کو امانت سمجھے گا، ہر استاد اپنے شاگرد کو اپنا بچہ سمجھے گا، ہر ماں اپنی بیٹی کو تعلیم دے گی، اور ہر نوجوان اپنے وطن کو اپنا گھر سمجھے گا۔
اقبالؒ کا نسخۂ پرواز آج بھی اتنا ہی تازہ ہے جتنا سو سال پہلے تھا۔ فرق صرف یہ ہے کہ پہلے اس نسخے کو پڑھا جاتا تھا، اب اسے بھلا دیا گیا ہے۔ ہمیں اس نسخے کو پھر سے اپنی زندگی میں لانا ہوگا۔ ہمیں اپنی خودی کو بلند کرنا ہوگا، شاہین کی طرح اڑنا ہوگا، عشق سے کام کرنا ہوگا اور عمل سے اپنی تقدیر بدلنی ہوگی۔
آخر میں بس یہی کہوں گی کہ اقبالؒ نے ہمیں پر دے دیے ہیں، اب اڑنا ہمارا کام ہے۔ جو قوم اپنے شاعر کے پیغام کو بھول جاتی ہے، وہ اپنا راستہ بھول جاتی ہے۔ آئیے، ہم اقبالؒ کے خواب کو اپنی حقیقت بنائیں، اور دنیا کو دکھائیں کہ ہم ابھی زندہ ہیں، اور ہماری پرواز ابھی باقی ہے۔
مزید پڑھیں





