ایرانی سپریم لیڈر مکمل صحت مند ہیں، مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مکمل طور پر صحت مند اور خیریت سے ہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے بتایا کہ ان کی سپریم لیڈر سے دوبارہ ملاقات ہوئی ہے، جبکہ ایک ماہ قبل ہونے والی ایک ملاقات تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رہی تھی۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ کا انتخاب نہیں کیا بلکہ جنگ اس پر مسلط کی گئی، ایران جنگ نہیں بلکہ امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اسے اپنا دفاع کرنا ہوگا اور ایران اپنے دفاع کے لیے مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نہیں چاہتا کہ معاملات امریکی وسط مدتی انتخابات تک لٹکے رہیں، بلکہ تہران چاہتا ہے کہ امریکی مڈٹرم انتخابات سے پہلے ہی معاہدے کی طرف واپس آیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ اس تنازع کو ختم کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق ایران دہشت گرد ملک نہیں بلکہ خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور 60 فیصد تک افزودہ یورینیئم کو واپس معمول کی سطح تک لانے کے لیے تیار ہے۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران امریکی معاشی پابندیوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گا۔ٹرمپ اور ان کے خاندان کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق سوال پر ایرانی صدر نے اسے افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں۔
مزید پڑھیں





