بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انتخاب میں شکست کی وجہ ایران جنگ، مہنگائی اور ٹرمپ اسرائیل پالیسی ہے، جے ڈی وینس


امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے 2026 کے انتخابی نتائج پر غیر معمولی تبصرہ کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بنیادی وجہ ووٹرز کی کم ٹرن آؤٹ کے بجائے جنگ، مہنگائی اور اسرائیل سے متعلق امریکی پالیسی کو قرار دے دیا ہے۔

جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ 2024 میں ٹرمپ اور وینس کو ووٹ دینے والے بڑی تعداد میں شہری 2026 میں ڈیموکریٹس کے حق میں کھڑے ہوئے، کیونکہ وہ جنگ کے خاتمے اور امریکا کی ترجیحات میں تبدیلی چاہتے تھے۔

جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے تفصیلی بیان میں انکشاف کیا کہ ریپبلکن انتخابی ٹیم کے ڈیٹا تجزیہ کاروں نے انتخابات سے قبل ووٹرز کی تعداد اور ان کی سیاسی وابستگی کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کے لیے مثبت امکانات ظاہر کیے تھے، تاہم اعداد و شمار کے پیچھے چھپی سیاسی ناراضی کو بروقت سمجھنے میں ناکامی ہوئی۔



ان کے مطابق انتخابی نتائج نے ثابت کیا کہ ریپبلکن ووٹرز بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچے، لیکن ان میں سے بہت سے افراد نے اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کے بجائے ڈیموکریٹس کو ووٹ دیا۔وینس نے واضح کیا کہ شکست کی اصل وجہ ووٹرز کا گھروں میں بیٹھے رہنا نہیں بلکہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں سے پیدا ہونے والی ناراضی تھی۔


جے ڈی وینس نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ٹیم کے ڈیٹا تجزیہ کاروں کی توجہ کا ایک اہم مرکز ’کمپوزیشن‘ تھا، یعنی یہ جانچنا کہ ووٹ ڈالنے والے افراد کی سیاسی اور انتخابی ساخت 2024 کے صدارتی انتخابات سے کتنی مماثلت رکھتی ہے اور آیا یہ تناسب ریپبلکن پارٹی کی کامیابی کے لیے کافی ہے یا نہیں۔