جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جو مقام وہ پھر نہیں آتے،تحریر: سماویہ اعظم

نقطہ نظر
samavia khayal

زندگی کبھی ایک مقام پر ٹھہرنے نہیں دیتی۔ انسان مسلسل آگے بڑھتا رہتا ہے۔ کبھی راستے آسان ہوتے ہیں، کبھی قدم قدم پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم کسی مقام پر ٹھہر جانا چاہتے ہیں مگر وقت ہمیں آگے بڑھنے پر مجبور کر دیتا ہے پھر وہی گزرے ہوئے لمحے یادوں کی صورت ساری زندگی ہمارے ساتھ رہتے ہیں۔

جن لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر سکون ملتا ہے ایک دن وہ بھی ہم سے بچھڑ جاتے ہیں۔ جو شہر ہمارے دل کے قریب ہوتے ہیں، جن گلیوں اور راستوں میں ہمارا بچپن گزرا ہوتا ہے ایک وقت ایسا آتا ہے کہ انہی جگہوں پر دوبارہ جانے کا موقع نہیں ملتا۔ ہم جیسے حساس لوگ ان جگہوں کو کبھی نہیں بھول پاتے۔ پوری زندگی ان یادوں کے سہارے گزر جاتی ہے۔ خود کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا مگر صبر کے سوا انسان کے پاس کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں ہوتا۔

بچپن میں بڑے ہونے کی خواہش ہوتی ہے اور جوانی میں آگے بڑھنے کی جستجو ہم چاہتے ہیں کہ زندگی میں سب کچھ ایک ساتھ مل جائے، سکون بھی، کامیابی بھی اور دولت بھی لیکن وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ ہمیں لگتا ہے کہ ابھی بہت وقت باقی ہے بہت سے کام بعد میں بھی کیے جا سکتے ہیں۔ اسی سوچ میں زندگی کے کئی خوب صورت لمحے گزر جاتے ہیں۔ ہم گھر کے بڑوں کے پاس بیٹھنے کے بجائے اپنے کاموں میں مصروف رہتے ہیں، اپنوں کے لیے وقت نہیں نکالتے اور کبھی اپنی انا کی وجہ سے رشتوں میں دوریاں پیدا کر لیتے ہیں۔ ہمیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ وقت دوبارہ لوٹ کر نہیں آئے گا اس کے باوجود ہم یہی غلطی دہراتے رہتے ہیں۔

زندگی میں کچھ لوگ ایسے ملتے ہیں جو ہماری شخصیت پر گہرا اثر چھوڑ جاتے ہیں۔ پھر حالات بدلتے ہیں اور ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں ، انسان ان لوگوں اور جگہوں سے دور ہو جاتا ہے۔ کچھ عرصے بعد جب دوبارہ وہاں جانے کا موقع ملتا ہے تو نم آنکھیں اور یادوں کا ہجوم انسان کو اندر تک اداس کر دیتا ہے۔ وہی گلیاں، وہی راستے اور وہی جگہیں پہلے سے کہیں زیادہ حسین لگتی ہیں۔

وقت کسی کے لیے نہیں رکتا۔ زندگی اپنے تمام رنگوں کے ساتھ گزرتی چلی جاتی ہے۔ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔ ہم بڑے ہو جاتے ہیں، والدین بوڑھے ہو جاتے ہیں، دوست اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ بدل جاتا ہے۔

انسان بھی عجیب ہے کسی حال میں خوش نہیں رہتا۔ کبھی اپنی محرومیوں اور غموں کو لے کر بیٹھ جاتا ہے تو کبھی ان چیزوں کے پیچھے بھاگتا رہتا ہے جو اس کے پاس نہیں ہوتیں جو کچھ میسر ہوتا ہےاسے لاحاصل سمجھتا ہے اور جو حاصل نہیں ہوتا اسی کی خواہش میں اپنا سکون کھو دیتا ہے۔

زندگی میں کئی مواقع ایسے آتے ہیں جو ایک بار ہاتھ سے نکل جائیں تو دوبارہ نہیں ملتے۔ ماضی کی یادیں کبھی چہرے پر مسکراہٹ لے آتی ہیں تو کبھی آنکھیں اشک بار یو جاتی ہیں۔ میں جب بھی گاؤں جاتی ہوں تو پرانی تصاویر دیکھتے ہوئے وہ لوگ اور مقامات یاد آنے لگتے ہیں جنہیں دیکھ کر میں اپنے تمام دکھ بھول جایا کرتی تھی۔ زندگی کے اس سفر میں کچھ مقامات ایسے ہوتے ہیں جہاں دل چاہتا ہے کہ عمر بھر ٹھہرے رہیں۔ زندگی کا سفر اپنی رفتار سے جاری رہتا ہے۔ ہم چاہیں بھی تو گزرے ہوئے وقت کو واپس نہیں لا سکتے۔ زندگی کا سب سے بڑا دکھ یہی ہے کہ جن لمحوں کی قدر ہمیں ان کے گزر جانے کے بعد ہوتی ہے وہ دوبارہ کبھی ہماری دسترس میں نہیں آتے۔ گزرے ہوئے دن، جان سے پیارے لوگ اور زندگی کے سفر میں پیچھے رہ جانے والے مقام کبھی لوٹ کر نہیں آتے۔

بقول محمد اویس ماہی

کہاں کو لے کے جاتی ہیں ہمیں انجان راہیں یہ

پتا منزل کا دیتی ہیں یا پیچھے چھوڑ جاتی ہیں

ہماری آرزوؤں کا یہ ماتھا پھوڑ جاتی ہیں

انہی انجان راہوں میں کسی انجان چہرے کی