پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کاش تم سے ملاقات ہو عید پر،شاعر:صفدر بھٹی

نقطہ نظر
safdar bhatti

کاش تم سے ملاقات ہو عید پر

پھر محبت کی برسات ہو عید پر


گر قدم رنجہ فرمائیں دہلیز پر

ہجر کا غلغلہ مات ہو عید پر


موتیوں سے بھرے چشمِ حیران پھر

آبیاریِ جذبات ہو عید پر


تیرے رخسار کی ضوفشانی تلے

پھر ہرا دل کا ہر پات ہو عید پر


بربطِ دل الاپے نئے زمزمے

ہاتھ میں گر ترا ہات ہو عید پر


حسن بھی عشق بھی شوخیاں مستیاں

کاش خوشیوں کی بارات ہو عید پر


نظر نظروں کی چپکے سے لے بوسیاں

بیٹھے پیٹھے یونہی رات ہو عید پر


صفدرا قلب کیا زندگی وار دوں

کاش تم سے ملاقات ہو عید پر


..............................


غزل

وہ جو کھلنے لگا اور مچلنے لگا

دل ہمارا بھی گرنے سنبھلنے لگا


واہ دلبر کہ پڑتے ہی پہلی نظر

قلب میں ذہن میں میرے چلنے لگا


اُس رخِ آتشیں کی حرارت سے اب

میں کہ سارے کا سارا ہی جلنے لگا


پاس ٹھہرا گھڑی بھرکو دل کھل اٹھا

ان کے اٹھتے ہی تن من پگھلنے لگا


اب جو تنہا ہیں تو وہ ملائم حسیں

آنکھوں میں ڈوبنے اور ابھرنے لگا


کون ہے شوخ کس سے ملے صفدرا

قلب پھر سے تمہارا جو چھلنے لگا