کھمبے ہٹائے بنا سڑک کیوں بنائی؟ وزیراعلیٰ سندھ بول پڑے

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں زیرِ تعمیر سڑک کے درمیان نصب بجلی کے کھمبے میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد ایک ہی دن میں ہٹا دیے گئے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ حیدرآباد کی سڑک کی تعمیر کے لیے چیف سیکریٹری نے کنٹونمنٹ بورڈ سے زمین حاصل کی اور حیسکو کو بھی ادائیگی کی گئی، تاہم اس کے باوجود بجلی کے کھمبے نہیں ہٹائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ پہلے سڑک تعمیر کر دی جائے، اس کے بعد حیسکو پر کھمبے ہٹانے کے لیے دباؤ بڑھے گا۔ ایسا ہی ہوا اور میڈیا پر خبر آنے کے بعد ایک دن میں 25 کھمبے ہٹا دیے گئے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد کے شہریوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت ملے گی، یہ سب ایک گرینڈ پلان کا حصہ تھا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد میں ایک زیرِ تعمیر سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبے نصب تھے، جنہیں ہٹائے بغیر سڑک تعمیر کر دی گئی تھی۔اس معاملے پر حیسکو کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سڑک کی تعمیر سے قبل متعلقہ ادارے کو بجلی کے کھمبوں کے نشانات فراہم کیے جاتے ہیں اور کھمبے ہٹانے کے بعد سڑک کی تعمیر ہونی چاہیے۔ ترجمان نے سوال اٹھایا تھا کہ کھمبے ہٹانے سے پہلے سڑک تعمیر کرنے کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔




