اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اختیارات عوام کی امانت، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہییں، خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختیارات چند بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔


نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے صوبوں کی تشکیل کی تجویز زیر بحث ہے۔ ان کی رائے میں پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس بننے چاہییں، جیسا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو 12 ہی بنالیے جائیں، تاہم ان کی تشکیل زبان، نسل یا سیاسی مفادات کے بجائے انتظامی ضروریات کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامی نظام میں تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جنہیں بڑھا کر 30 سے 32 کردیا گیا۔

خواجہ آصف کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل کیے جانے چاہییں تاکہ طاقت کا ارتکاز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور تک محدود نہ رہے۔