انسانی زندگی ایسی بساط ہے جس پر ہر شخص اپنے وجود کا جواب تلاش کرنے نکلتا ہے۔ ہم بچپن ہی سے اس فکر میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ زندگی کا مقصد کیا ہے؟، میں کون ہوں؟ اور مجھے کہاں جانا ہے؟ اس تلاش میں انسان خود کو مسلسل سوالات کے سمندر میں گھرا ہوا پاتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شاید جب ہمیں ہر سوال کا جواب مل جائے گا، تو ہماری زندگی کامل، با مقصد اور معنی خیز ہو جائے گی۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ تمام سوالوں کا جواب پا لینا نہ تو ممکن ہے اور نہ ہی یہ زندگی کے باشعور اور اطمینان بخش ہونے کی ضمانت ہے۔ زندگی کا مقصد ہر پوشیدہ راز کو افشا کرنا نہیں بلکہ نامعلوم کے خوف سے نکل کر اپنے اندرونی وجود کی حقیقت کو قبول کرنا اور اس کا اظہار کرنا ہے۔
آج کی جدید اور معلومات سے بھری دنیا میں، انسان کے پاس ہر چیز کا علم اور منطق موجود ہے لیکن اس کے باوجود وہ اندرونی طور پر تسکین سے محروم ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے مقصدِ حیات کو باہر کی دنیا کے سوالوں اور ان کے جوابات سے مشروط کر دیا ہے۔
ہم سوچتے ہیں کیا میرے پاس ہر مشکل کا حل ہے؟ کیا میں نے ہر پہلو کو سمجھ لیا ہے؟ کیا میرا مستقبل مکمل طور پر محفوظ ہے؟
جب ان سوالات کے جوابات فوری طور پر نہیں ملتے تو انسان بے چینی، احساسِ کمتری اور عدمِ تحفظ کا شکار ہو جاتا ہے۔ حالانکہ قدرت کا نظام یہ بتاتا ہے کہ کائنات کا بہت بڑا حصہ پراسرار ہے اور ہر چیز کا فوری جواب نہ ہونا ہی نئے امکانات اور تخلیق کی بنیاد ہے۔ اگر تمام سوال حل ہو جائیں تو تجسس، جذباتی بڑھوتری اور اندرونی سفر کا خاتمہ ہو جائے گا۔
اگر مقصدِ حیات سوالوں کے جواب تلاش کرنے میں نہیں، تو پھر کہاں ہے؟ اپنی اندرونی صلاحیتوں، جذبات اور احساسات کو بیدار کرنا اور انہیں عمل کے سانچے میں ڈھالنا اس کا جواب ہے ۔
ہر انسان کے اندر الگ دنیا آباد ہوتی ہے۔ قدرت نے ہر فرد کو کچھ مخصوص صلاحیتوں، جذبات اور تخلیقی قوتوں کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ جب انسان اپنے اندر جھانکتا ہے اور اپنی ان چھپی ہوئی صلاحیتوں کا ادراک کرتا ہے، تو اسے باہر کی دنیا سے جوابات مانگنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
زندگی میں معنی اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب آپ اپنے جذبات کے ساتھ مخلص ہوں۔ دکھ، سکھ، امید اور محبت کا کھلے دل سے اعتراف کریں۔ تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کریں جو آرٹ، تحریر، سائنس، حرفت، یا انسانی خدمت کی شکل میں ہو۔
اندرونی آواز کی پیروی کریں۔ لوگوں کی توقعات کے مطابق جینے کی بجائے اپنے فطری میلان کو پہچانیں۔
جب آپ اپنی اندرونی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں، تو ہم کسی دوسرے کا نسخہ اپنا نہیں رہے ہوتے بلکہ حقیقی ذات کو دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہوتے ہیں۔ یہی عمل زندگی کو بے حد معنی خیز بنا دیتا ہے۔
اپنی منفرد آواز کو بیدار کرنا
کائنات میں کروڑوں انسان موجود ہیں، لیکن کسی دو افراد کے انگلیوں کے نشانات تک ایک جیسے نہیں ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قدرت ہر انسان کو ایک منفرد آواز اور زاویۂ نظر دے کر بھیجتی ہے۔
منفرد آواز سے مراد بولنے کی صلاحیت نہیں، بلکہ آپ کا اندازِ فکر، اقدار، تجربات اور نقطہ نظر ہے جو صرف اور صرف آپ کا ہے۔ بدقسمتی سے، معاشرتی دباؤ، تقلید اور خوف کے باعث اکثر لوگ اپنی منفرد آواز کو دبا دیتے ہیں اور دوسروں کی گونج بن کر رہ جاتے ہیں۔
جب آپ دوسروں کے بنائے ہوئے راستوں پر چلتے ہیں اور ان ہی کی زبان بولتے ہیں، تو آپ دنیا کی بھیڑ میں گم ہو جاتے ہیں۔ لیکن جب آپ اپنی منفرد آواز اٹھاتے ہیں، تو آپ اپنے ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔
اپنی منفرد آواز کو دوسروں تک پہنچانے کا مطلب یہ ہے کہ اپنے سچ پر قائم رہیں۔ تلخ و شیریں تجربات سے حاصل ہونے والی حکمت کو دوسروں کے ساتھ بانٹیں۔ دوسروں کو اپنے اعمال اور خیالات کے ذریعے متاثر کریں اور ان کے لیے روشنی کا سبب بنیں۔
مکمل ہونا ضروری نہیں، سچا ہونا ضروری ہے۔ زندگی میں کامیابی اور مقصد کا معیار یہ نہیں کہ آپ کتنے کاملیت پسند ہیں یا آپ کے پاس تمام فلسفیانہ سوالوں کے فلسفے موجود ہیں یا نہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے سفر میں کتنے سچے ہیں۔
ایک مصور کو شاید دنیا کے تمام سیاسی یا معاشی سوالات کے جوابات نہ معلوم ہوں، لیکن جب وہ اپنے کینوس پر اپنے دل کے احساسات کو انڈیلتا ہے، تو وہ اپنی زندگی کو معنی دے دیتا ہے۔ استاد، مصنف، سائنسی محقق یا عام انسان جو اپنے کام کو منفرد انداز کے ساتھ انجام دیتا ہے، وہ دراصل اپنی وجودی ذمہ داری پوری کر رہا ہوتا ہے۔
لاجواب رہ جانا یا ہر سوال کا حل نہ ہونا خامی نہیں، بلکہ یہ انسان ہونے کا ثبوت ہے۔ خوبصورتی ان نامکمل سوالوں کے ساتھ جینے اور اس کے باوجود اپنے اندر کی روشنی کو باہر پھیلانے میں ہے۔
زندگی کا سب سے بڑا مقصد یہ نہیں کہ ہم پوری دنیا کا علم حاصل کر کے مفکر بن جائیںنبلکہ یہ ہے کہ ہم جو کچھ ہیں، اسے مکمل طور پر قبول کریں اور اسے بہترین انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں۔
سوالوں کے جوابات شاید وقت کے ساتھ بدلتے رہیں لیکن جو چیز ہمیشہ قائم رہتی ہے وہ آپ کا اپنے احساسات سے جڑا ہونا اور اپنی منفرد آواز پر قائم رہنا ہے۔ دنیا کو ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو سب کچھ جانتے ہوں، بلکہ ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو اپنے احساسات کے ساتھ زندہ ہوں، جو اپنی منفرد آواز سے اندھیروں میں امید کا چراغ جلا سکیں۔اور جو اپنی ذات کے اظہار سے اس کائنات کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکیں۔
لہٰذا، تمام سوالوں کے جواب ڈھونڈنے کی فکر چھوڑیں، اپنے اندرونی وجود کی صلاحیتوں کو بیدار کریں، اپنی منفرد آواز کو اتنے خلوص اور توانائی کے ساتھ دنیا تک پہنچائیں کہ آپ کی زندگی خوبصورت جواب بن جائے۔
مزید پڑھیں





