ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبر پختونخوا میں سرکاری فنڈز کے اجرا کے قواعد سخت، پیشگی منظوری لازمی قرار

مصنف:

پشاور: خیبر پختونخوا میں سرکاری فنڈز کے اجرا کے طریقہ کار کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ایس اے پی (سیپ) سسٹم میں فنڈز کے اندراج پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔


محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے فنڈز کے اجرا اور اندراج کے لیے نئے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کردیے ہیں، جن کے مطابق فنڈز کی منظوری اور اندراج مقررہ قواعد کے تحت کرنا لازمی ہوگا۔ فنڈز کے اجرا میں تاخیر، غفلت یا طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔


جاری کردہ ہدایات کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فنڈز کے اجرا کے لیے مقررہ فارمیٹس پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری یا ایڈوائس کے بغیر سیپ سسٹم میں فنڈز درج نہیں کیے جاسکیں گے۔


دستاویز کے مطابق ترقیاتی اور جاری بجٹ کے فنڈز کے اجرا اور اخراجات کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ترقیاتی فنڈز کے اجرا اور دوبارہ تخصیص کے لیے مجاز اتھارٹی کی منظوری لازمی ہوگی، جبکہ فوری نوعیت کے فنڈز جاری کرنے کے لیے بھی سیکرٹری خزانہ یا متعلقہ مجاز افسر سے پیشگی اجازت لینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔


محکمہ خزانہ کی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ منظوری کے مقررہ طریقہ کار کو نظرانداز کرنے کے لیے فوری فنڈز کے اجرا کی سہولت استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔


دستاویز کے مطابق ترقیاتی اور جاری فنڈز منظوری کی تاریخ ہی پر سیپ سسٹم میں درج کرنا ہوں گے۔ اگر فنڈز کے اندراج میں تاخیر ہوتی ہے تو متعلقہ افسر کو اس کی مناسب وجہ ریکارڈ پر لانا ہوگی، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر ذمہ دار افسر یا اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔