اسلام آباد پولیس کی نئی ڈیوٹی پالیسی جاری، ہفتہ وار آرام لازمی قرار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے ڈیوٹی اور رخصت سے متعلق نئی پالیسی 2026ء جاری کر دی گئی، جس کے تحت پولیس فورس کے لیے ہفتہ وار آرام لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو تمام عہدوں کے افسران اور اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جبکہ ایس پی اور ڈی ایس پی کے عہدوں تک کے افسران کی طویل رخصت بھی آئی جی پولیس منظور کر سکیں گے۔پالیسی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کو کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے اہلکاروں اور افسران کی تمام اقسام کی رخصت منظور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔رخصت کی منظوری کے اختیارات کی تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل تک کے اہلکاروں کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دے سکے گا، جبکہ ڈی ایس پی کو 5 دن تک کی رخصت منظور کرنے کا اختیار ہوگا۔ اسی طرح ایس پی کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک کے اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کر سکے گا، جبکہ ایس ایس پی ایس ایچ او اور انسپکٹر کے عہدے تک کے افسران کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دے سکے گا۔
نئی پالیسی کے تحت حج کے لیے 45 دن اور عمرہ و زیارات کے لیے 21 دن کی رخصت مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ طبی ضروریات کے تحت پولیس افسران اور اہلکاروں کو میڈیکل رخصت بھی دی جائے گی۔پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ ہفتہ وار آرام کو باقاعدہ رخصت سے الگ تصور کیا جائے گا۔ مرکزی اور صوبائی مقابلے کے امتحانات میں شرکت کے لیے 20 دن جبکہ انٹرویو کے لیے 15 دن تک کی رخصت حاصل کی جا سکے گی۔شادی کے موقع پر خواتین پولیس افسران کے لیے ایک ماہ جبکہ مرد پولیس اہلکاروں کے لیے 10 دن کی رخصت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ نئی پالیسی کا مقصد پولیس فورس کے ڈیوٹی شیڈول اور رخصت کے معاملات کو باقاعدہ ضابطے کے تحت لانا ہے۔





