ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ساتھ، تحریر:عیشہ محمود

نقطہ نظر

زیبا کے نام


تمہارا ساتھ میرے لیے ایسا ہے جیسے دنیا سے ہارے ہوئے کسی شخص کو نئی زندگی مل گئی ہو، جیسے مدتوں غم میں ڈوبی روح کو سکون میسر آ گیا ہو، جیسے خاموش لبوں کو مسکرانے کی وجہ مل گئی ہو، جیسے بھوک سے نڈھال کسی شخص کو رزق مل گیا ہو، جیسے خالی آسمان کو چاند تاروں سے سجا دیا گیا ہو، جیسے بنجر زمین پر بارش برسنے لگی ہو، جیسے خشک صحرا میں بھٹکتے پیاسے کو پانی مل گیا ہو، جیسے مایوسی کے اندھیروں میں کسی کو جینے کی نوید سنا دی گئی ہو۔

میں نے سمجھا تھا کہ تو ہے تو درخشاں ہے حیات

اے میرے عزیز شخص!

تم یہ کیوں نہیں سمجھتے کہ تمہاری موجودگی میری زندگی کو خوشیوں سے ہم کنار کر دیتی ہے؟ تمہارا وجود میرے لیے باعثِ سکون ہے اور تمہاری آواز میرے دل کو ایک عجیب سا اطمینان بخشتی ہے۔ تمہاری آنکھوں کی کشش کا تو عالم ہی نرالا ہے؛ انہیں دیکھنے والا ان میں کھو سا جاتا ہے۔ ان کی گہرائی ایسی ہے کہ جی چاہتا ہے، ان میں ڈوب کر دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو جاؤں۔

تیری آنکھوں کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے

مجھے تمہاری ضرورت ہے۔ میرا دل تمہاری واپسی کا منتظر ہے اور میری آنکھیں تمہیں اپنے آس پاس دیکھنے کی آرزومند ہیں۔ تمہاری قربت میرے لیے محض ایک خواہش نہیں، بلکہ ایک ایسی آسودگی ہے جسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

خدا جن پر مہربان ہوتا ہے، انہیں تم جیسے خوب صورت دل رکھنے والے لوگوں سے نوازتا ہے، جن کی محض ایک جھلک دل میں سکون اتار دیتی ہے اور جن کی رفاقت زندگی کو حسین بنا دیتی ہے۔ تمہارا ساتھ میرے لیے خدا کی عطا کردہ ایک قیمتی نعمت ہے، جس پر میرا دل ہمیشہ شکر گزار رہے گا۔