جمعہ، 30 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اب اسپتالوں میں پرچی کے لیے لمبی قطاریں نہیں لگیں گی، لاہور ہائیکورٹ کا پرچی سسٹم ختم کرنے کا حکم


لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لیے رائج روایتی پرچی سسٹم آئندہ چار ہفتوں میں ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور آنے والے مریضوں کو پرچی اور رجسٹریشن کے لیے طویل قطاروں میں کھڑا رکھنے کے بجائے فوری طبی معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کو سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مؤثر نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت کے مطابق نئے نظام کا مقصد رجسٹریشن کاؤنٹرز پر غیر ضروری رش اور طویل قطاروں کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ مریضوں کو علاج کے حصول میں تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تحریری حکم میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق درخواست 2020 سے زیرِ سماعت ہے۔ اس معاملے پر متعدد عدالتی نوٹسز اور ہدایات جاری ہونے کے باوجود کسی بھی فریق نے تاحال عمل درآمد رپورٹ جمع نہیں کرائی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات پر مسلسل عمل نہ ہونا متعلقہ سرکاری حکام کے غیر سنجیدہ اور لاپرواہ طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے۔ سماعت کے دوران اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ نبیلہ عرفان نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں چار ہفتوں کے اندر روایتی پرچی سسٹم ختم کرکے اس کی جگہ جدید اور مؤثر مریض مینجمنٹ سسٹم نافذ کردیا جائے گا۔

عدالت نے محکمہ صحت پنجاب کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں دستیاب طبی سہولیات، ان کے معیار اور انہیں بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر مشتمل جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر تفصیلی عمل درآمد رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر بلاجواز عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔