ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مردوں میں غیرت کہاں گئی؟ تحریر:فریدہ خانم

نقطہ نظر

آج والد صاحب کی دوائی لینے مین روڈ پر واقع ایک میڈیکل اسٹور پر گئی۔ اندر کافی سارے مرد تھے اور خاتون صرف میں تھی۔ میرے سامنے اٹینڈ کرنے والے ایک آدمی نے اپنے ساتھی کو زور سے جھانپڑ مارا اور ساتھ ہی اس کی ماں، بہن کے حوالے سے انتہائی فحش گالیاں دیں۔ مجھے بڑی تکلیف ہوئیمیں نے فوراً انہیں کہا کہ ایک خاتون آپ کے سامنے کھڑی ہے، آپ کو اس طرح کی گالیاں نہیں دینی چاہئے تھیں۔فوراً بہانہ بنایا گیا کہ میڈم، میری نظر آپ پر نہیں پڑی تھی۔میں نے کہا کہ میں تو آپ کے سامنے کھڑی ہوں،دکان بھی اتنی چھوٹی سی ہے کہ یہ بات ممکن نہیں کہ میرے موجود ہونے کا علم نہ ہو ۔

پھر میں نے جس شخص کو جھانپڑ مارا گیا تھا، اس سے کہا کہ جس طرح اس شخص نے آپ کو ماں اور بہن کے حوالے سے گالیاں دیں، اگر مالک بھی ہو تو اسے رکھ کر تھپڑ لگانا چاہئے، کیونکہ یہ غیرت کا سوال ہوتا ہے۔ماں اور بہن کے حوالے سے آپ کو یہ سب برداشت نہیں کرنا چاہئے۔

پھر میں نے ان سے پوچھا کہ

آپ لوگ ماں اور بہن کی گالیوں کے اتنے عادی کیوں ہو چکے ہیں؟ آپ کو غیرت کیوں نہیں آتی؟میرے اس سوال پر ان لوگوں نے نظریں جھکا لیں۔ ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، گالیاں دینے والے نے میڈم میڈم کرکے جلدی سے دوائیاں پیک کر کے مجھ سے جان چھڑائی ۔لیکن یہ سوال میرے اندر رہ گیا کہ مردوں میں غیرت کہاں گئی؟

ہم خواتین کہیں سفر کر رہے ہوں، راستے سے گزر رہے ہوں، کسی دکان پر کچھ خرید رہے ہوں یا کسی جگہ موجود ہوں، مردوں کی زبان اکثر ہمارے کانوں میں پڑتی ہے۔

مرد آپس میں لڑ رہے ہوں یا خوشی میں ہنسی مذاق کر رہے ہوں، ایک دوسرے کے منہ پر ماں، بہن اور ان کے جسمانی اعضا کے حوالے سے فحش باتیں کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ اپنی نیتیں اور جو کچھ وہ کرنا چاہتے ہیں، وہ بھی ایک دوسرے کے سامنے صاف صاف کہہ رہے ہوتے ہیں اور دوست ہاتھوں پر ہاتھ مار کر ہنس رہے ہوتے ہیں۔سب سے عجیب بات یہ ہے کہ جس شخص کو یہ گالیاں دی جا رہی ہوتی ہیں، وہ بھی برا نہیں مانتا، کیونکہ ان کی نظر میں یہ ایک عام سی بات بن چکی ہے۔

لیکن کبھی انہوں نے سوچا ہے کہ جب یہی الفاظ کسی خاتون کے کانوں میں پڑتے ہیں تو وہ کس کرب سے گزرتی ہے؟

کیا آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ ایک عورت کو ایسے الفاظ سن کر کتنی اذیت ہوتی ہے؟

پاکستانی مردوں میں اتنی درندگی آ چکی ہے کہ شیرخوار بچیوں سے لے کر بزرگ خواتین تک، حتیٰ کہ قبر میں دفن عورت بھی ان کی درندگی سے محفوظ نہیں رہی۔

ہم نے تاریخ میں محمد بن قاسم کا واقعہ پڑھا ہے کہ ایک مسلمان لڑکی نے مدد کے لئے پکارا تو اس کی آواز نے مسلمانوں کی غیرت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور محمد بن قاسم اس کی مدد کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے۔ آج ذرا اپنے نوجوانوں کو دیکھیے؛ ان کے دوست ان کے سامنے ان کی بہنوں کے بارے میں فحش ترین باتیں کرتے ہیں، ان کے جسمانی اعضا کے نام لیتے ہیں، اپنی نیتیں بیان کرتے ہیں اور یہ نوجوان جواب دینے کے بجائے ہنستے ہیں، کیوں؟

تب ایک دور دراز مسلمان لڑکی کی پکار پر غیرت جاگ اٹھی تھی، آج اپنی بہن کے بارے میں دوستوں کی زبان سن کر بھی غیرت کیوں نہیں جاگتی؟

اور اب بات صرف عورتوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ

چھوٹے چھوٹے لڑکے، نابالغ، بالغ اور جوان مرد بھی ان کی درندگی سے محفوظ نہیں رہے۔ اب مرد صرف عورتوں کو ہی نہیں بلکہ بچوں اور مردوں کو بھی نہیں چھوڑتے تو پھر نئے دور کے نئے تقاضوں کے مطابق گالیوں کو بھی "جدید" ہونا چاہئے۔آپ لوگوں نے بچپن سے لے کر آج تک، اپنی عمر کے ہر دور میں، ماں اور بہن کے حوالے سے جو کچھ کہنا تھا، اس کے لئے بہت فحش زبان استعمال کی۔ لیکن اب یہ گالیاں پرانی ہو چکی ہیں، نئے دور کے نئے تقاضے ہیں۔

اب یہ نہ کہیں کہ

"تمہاری ماں کو...""تمہاری بہن کو..."

اب کہیں:

"تمہارے بھائی کو...""تمہارے بیٹے کو...""تمہارے باپ کے ساتھ میں یہ کر دوں گا..."

شاید پھر آپ کو اندازہ ہو کہ جس زبان کو آپ برسوں سے دوسروں کی ماؤں اور بہنوں کے لئے استعمال کرتے آئے ہیں، وہ جب آپ کے اپنے ساتھ ہوگی تو کیسا درد محسوس ہوگا۔

یہ گالیوں کو جدید بنانے کی دعوت نہیں، بلکہ آپ نام نہاد مردوں سے یہ سوال ہے جو دوسروں کی ماؤں اور بہنوں کو گالی دینا معمول سمجھتے ہیں، لیکن اپنے رشتوں کی عزت کے نام پر غیرت کے دعوے بھی کرتے ہیں۔

مرد تحفظ کا دوسرا نام ہے۔ مرد کو صرف اپنے گھر کی عورتوں کا محافظ نہیں ہونا چاہئے، بلکہ اسے دیکھ کر ہر عورت، حتیٰ کہ غیر عورت بھی اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرے۔ وہی مرد ہے، وہی غیرت مند ہے۔

اگر کوئی عورت راہ چلتے آپ کو دیکھ کر اپنا راستہ بدل لے تو سمجھ لیں کہ آپ مرد نہیں، کتے ہیں۔ اپنی حیثیت کا خود تعین کر لیں۔

پاکستانی مردوں میں درندگی اتنی بڑھ گئی ہے کہ اگر عورتیں مجبور نہ ہوں تو ان کی بجائے غیر ملکی مسلمان مردوں سے شادیاں کر لیں۔

قرآنِ پاک میں فحاشی کے پھیلاؤ سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ سورۃ النور، آیت 19 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو لوگ اہلِ ایمان میں بے حیائی پھیلنے کو پسند کرتے ہیں، ان کے لئے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے۔

اسی طرح سورۃ الاحزاب، آیت 58 میں مومن مردوں اور مومن عورتوں کو ناحق ایذا دینے والوں کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ وہ بہتان اور کھلے گناہ کا بوجھ اپنے سر لیتے ہیں۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"مومن طعنہ دینے والا، لعنت کرنے والا، فحش گو اور بدزبان نہیں ہوتا۔"

(جامع ترمذی، حدیث 1977)

اور غیرت کے بارے میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"مومن غیرت رکھتا ہے اور اللہ سب سے بڑھ کر غیرت رکھنے والا ہے۔"

(صحیح مسلم، حدیث 2761)

تو پھر یہ کیسی غیرت ہے جو عورت کے کردار پر الزام لگانے، اسے قتل کرنے یا اس کی زندگی پر حکم چلانے کے وقت جاگتی ہے، لیکن جب دوست آپ کے سامنے ماں، بہن اور عورت کے جسمانی اعضا کے نام لے کر فحش گفتگو کرتے ہیں تو خاموش رہتی ہے؟

سالوں سے اخبارات میں آئے روز غیرت کے نام پر قتل کی خبریں پڑھنے کو مل رہی ہیں۔ بھائی بہن کو قتل کر دیتا ہے اور جب معاملے کی تہہ تک جائیں تو زیادہ تر جائیداد، لالچ یا ذاتی مفاد سامنے آتا ہے۔

کبھی ایسی خبر سننے کو مل جائے مولا!

بہن بھی قتل کر ڈالے کبھی غیرت میں بھائی کو


یہ شعر کسی قتل کی خواہش نہیں، بلکہ ایک احساس دلانے کی کوشش ہے۔غیرت صرف مردوں میں نہیں ہوتی، عورتوں میں بھی ہوتی ہے۔ لیکن عورت کا دل، خواہ بھائی کتنا ہی ظالم کیوں نہ ہو، ماں کی طرح نرم ہوتا ہے۔ ایک بہن اپنے بھائی کے ظلم اور زیادتی کے باوجود اس کے قتل کا تصور نہیں کرتی اور اگر عورتیں بھی اسی طرح غیرت کے نام پر اپنے بھائیوں کو قتل کرنا شروع کر دیں تو معلوم نہیں اس ملک میں کتنے بھائی باقی رہیں گے۔

کسی کی ماں، بہن، بیٹی یا کسی بھی عورت کو گالی بنانا غیرت نہیں، عورت کے جسمانی اعضا کو فحش گفتگو کا موضوع بنانا غیرت نہیں اور دوسروں کی عورتوں کی عزت پامال کرکے اپنی عورتوں کے نام پر غیرت کے دعوے کرنا تو بالکل بھی غیرت نہیں۔ اگر میرے یہ الفاظ کسی ایک مرد کو بھی راہ راست پر لے آئیں تو سدھرنے کا عمل شروع ہو جائے گا اور میری محنت کا مجھے صلہ مل جائے گا۔

فریدہ خانم