ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

مصنف:

محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کے ممکنہ خدشے سے خبردار کرتے ہوئے آئندہ تین ماہ کے دوران صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر 2026 تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے باعث خشک سالی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔


رپورٹ کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد کم بارشیں ہوئیں، جبکہ اکتوبر میں بارشوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح یکم سے 20 نومبر تک سندھ میں معمول سے 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 79 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔


محکمہ موسمیات نے دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس کے باعث گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں۔


رپورٹ کے مطابق بارشیں نہ ہونے سے زمین میں نمی کی مقدار کم ہونے اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ بارانی علاقوں میں فصلیں کاشت کرنے والے کسانوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


محکمہ موسمیات نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ خشک سالی سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت احتیاطی اقدامات کیے جا سکیں۔


محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا الرٹ پیشگی احتیاطی تدبیر ہے، تاہم فی الحال کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔


واضح رہے کہ محکمہ موسمیات خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر 2026 کو جاری کرے گا۔