ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف

مصنف:

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سرکاری و نجی اداروں کے ڈیوائسز اور ویب پر مبنی نظاموں کو نشانہ بنایا گیا۔


کاسپرسکی کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک پاکستان میں کاسپرسکی کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خطرات میں یو ایس بی ڈرائیوز، سی ڈیز اور انکرپٹڈ فائل انسٹالرز کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور دیگر نقصان دہ سافٹ ویئر شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے کے دوران 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں فشنگ، جعلی ویب سائٹس اور پیغامات کے ذریعے معلومات چرانے کی کوششیں اور صارفین کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے والی نقصان دہ ویب سائٹس شامل ہیں۔


کاسپرسکی نے پاکستان میں اس عرصے کے دوران ڈیوائسز پر مبنی 63 لاکھ سے زائد جبکہ ویب پر مبنی 31 لاکھ سے زیادہ سائبر حملوں کا پتا لگایا، جس سے مجموعی تعداد تقریباً 94 لاکھ تک پہنچ گئی۔اسلام آباد میں سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر منتخب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسز ٹیم کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ پاکستانی سرکاری اور نجی اداروں کو سائبر خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سپلائی چین حملوں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق سائبر خطرات کو خاص طور پر قابلِ توجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بیشتر شعبوں کو کسی نہ کسی صورت میں سائبر خطرات کا سامنا رہا ہے۔


سائبر جنگ سے متعلق سوال پر یوسف عبدالمنعم نے بتایا کہ حالیہ سیاسی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے بھی مخصوص نوعیت کے سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے مطابق ان حملوں کا بنیادی ہدف سرکاری ادارے اور بحری شعبہ تھے۔