امریکا میں القاعدہ کے حملوں کی کالز، ایوی ایشن انڈسٹری کو سکیورٹی الرٹ جاری

واشنگٹن: امریکی سکیورٹی اداروں نے القاعدہ کی جانب سے حملوں کی حالیہ اپیلوں کے بعد ملک بھر کی ایئرلائنز، ایئر کارگو کمپنیوں اور ہوائی اڈوں کو سکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایف بی آئی، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) نے جمعرات کو مشترکہ طور پر ہوا بازی کی صنعت سے وابستہ اداروں کو ایک رپورٹ ارسال کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ القاعدہ سے وابستہ گروہوں اور ان کے حامیوں نے ستمبر میں دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو ہائی جیک کرنے کی ناکام کوشش کو سراہتے ہوئے اسی طرز کے مزید حملوں کی ترغیب دی ہے۔ ان پیغامات میں امریکا، اسرائیل اور یہودی مفادات کو نشانہ بنانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔تاہم امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ فی الحال کسی مخصوص اور قابلِ اعتبار حملے کی دھمکی سامنے نہیں آئی۔ ان کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں کو موصول ہونے والی تشویش ناک معلومات معمول کے مطابق نجی شعبے کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ القاعدہ کے حالیہ پیغامات میں اس کے حامیوں کو ہوابازی کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے، سکیورٹی اقدامات سے بچنے اور کمرشل طیاروں کو حملوں کے لیے استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ بعض رہنماؤں اور میڈیا پلیٹ فارمز نے فلائی دبئی کی پرواز کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کو سراہتے ہوئے اسے سکیورٹی نظام سے بچنے کی مثال قرار دیا اور اپنے حامیوں کو ایسے حملوں کی نقل کرنے پر اکسایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ستمبر میں دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے پائلٹ کو کاک پٹ میں دوسرے پائلٹ پر کلہاڑی سے حملہ کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے مطابق حملہ آور طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کررہا تھا، تاہم زخمی پائلٹ نے مزاحمت کرکے ممکنہ بڑے حادثے کو روک دیا۔امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے حملے کی کوشش کو سراہنے کے پیغامات امریکا کے خلاف موجود شکایات میں اضافہ کرکے شدت پسندوں کو تشدد پر آمادہ کرسکتے ہیں۔امریکی سکیورٹی رپورٹ میں ایئرلائنز اور ہوائی اڈوں کو مشتبہ سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ان میں سکیورٹی چیکنگ سے بچنے کی کوشش کرنے والے افراد، پروازوں اور سکیورٹی طریقہ کار سے متعلق غیر ضروری تفصیلات حاصل کرنے والے مشتبہ افراد، سامان کے مخصوص بیگز کو خود سنبھالنے پر اصرار کرنے والے افراد اور ایئرلائنز کے ریڈیو، سکیورٹی کارڈز یا یونیفارمز کی پراسرار گمشدگی شامل ہیں۔حکام نے ہدایت کی ہے کہ ایسی کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جائے۔
یہ سکیورٹی الرٹ امریکا میں سال کے مصروف ترین فضائی سفری ہفتے سے قبل جاری کیا گیا ہے۔ امریکی ادارے اے اے اے کے اندازے کے مطابق 24 سے 30 نومبر کے دوران تقریباً 60 لاکھ افراد اندرون ملک فضائی سفر کریں گے۔





