جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

یورپ کے 25 سے زائد ممالک میں جنریشن زی کے احتجاجی مظاہرے، نوجوان سڑکوں پر کیوں نکلے

مصنف:

یورپ کے 25 سے زائد ممالک میں جنریشن زی ( کے نوجوانوں اور محنت کشوں نے مہنگائی، تعلیمی اخراجات میں اضافے، بے روزگاری اور حکومتوں کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔


غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ 20 نومبر کو یورپ بھر میں منظم عالمی یوتھ ایکشن ڈے کے تحت ہزاروں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ برطانیہ، فرانس، اسپین، اٹلی اور جرمنی سمیت مختلف ممالک میں طلبہ نے تعلیمی اداروں سے واک آؤٹ کیا اور بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔مظاہرین کے اہم مطالبات میں مہنگائی پر قابو پانا، یونیورسٹیوں کی فیسوں میں اضافے کا خاتمہ، تعلیمی نظام کے لیے مزید فنڈز، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور عوامی خدمات پر سرکاری اخراجات بڑھانا شامل ہیں۔ نوجوانوں نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے حوالے سے بھی اپنی حکومتوں کے مؤقف اور پالیسیوں پر تنقید کی۔


اٹلی میں ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین سی جی آئی ایل کے مطابق 100 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں میلان، روم، جینوا اور بولوگنا کے شہر نمایاں رہے۔ ٹریڈ یونین نے ملک گیر ہڑتال کی بھی کال دی، جس کے باعث جمعہ اور ہفتے کے روز ٹرین سروس متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔


جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں پولیس کے مطابق تقریباً 4 ہزار مظاہرین نے احتجاجی مارچ میں شرکت کی، جبکہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں طلبہ نے پارلیمنٹ اسکوائر کی جانب مارچ کیا۔ برطانوی تنظیم سوشلسٹ اسٹوڈنٹس کے مطابق ملک بھر کے 350 سے زائد اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلبہ احتجاج میں شریک ہونے کی توقع تھی۔


رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کے احتجاج کی ایک بڑی وجہ دفاعی اخراجات میں اضافے کے مقابلے میں تعلیم، صحت اور دیگر عوامی شعبوں کے لیے محدود فنڈز بھی ہیں۔ جرمنی، اٹلی اور برطانیہ میں مظاہرین نے لازمی فوجی بھرتی، اسلحے کی تیاری اور جنگی اخراجات میں اضافے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔


روم میں مظاہرین نے ’’جنگ کے بجائے اسکولوں پر پیسہ خرچ کرو‘‘ اور ’’ہم مہنگائی کے بوجھ کے بغیر زندگی گزارنا چاہتے ہیں‘‘ جیسے نعرے لگائے۔


مظاہروں میں شریک نوجوانوں کا کہنا تھا کہ حکومتیں تعلیم اور عوامی سہولیات کے بجٹ میں کمی کر رہی ہیں، جبکہ جنگی اخراجات کے لیے اربوں ڈالر مختص کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان نسل اپنے مستقبل کے تحفظ، بہتر تعلیم اور روزگار کے مواقع کا مطالبہ کر رہی ہے۔


جنریشن زی کی جانب سے سامنے آنے والے دیگر اہم خدشات میں ماحولیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے غیر منظم استعمال سے مستقبل میں روزگار کے مواقع متاثر ہونے کے خدشات بھی شامل ہیں۔


اٹلی کی ٹریڈ یونین کے سربراہ ماریزیو لینڈینی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں احتجاج میں 10 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے، تاہم اس تعداد کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔


واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران جنریشن زی کے حکومت مخالف احتجاج یورپ، جنوبی ایشیا، دیگر ترقی پذیر خطوں اور امریکا سمیت مختلف حصوں میں دیکھنے میں آئے ہیں۔ مظاہروں کے مطالبات ہر ملک کے مقامی حالات کے مطابق مختلف ہیں، تاہم نوجوانوں میں معاشی مشکلات، مستقبل کے عدم تحفظ اور حکومتی پالیسیوں پر عدم اطمینان مشترکہ عوامل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔