فحش ویب سائٹ پر خاتون کے قتل کی منصوبہ بندی، عدالت میں دل دہلا دینے والے انکشافات

امریکا میں فحش ویب سائٹ پر رابطے کے بعد برطانوی خاتون کو اغوا کرکے قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت کے دوران سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے، ملزم نے قتل کے لیے 4 ہزار ڈالر طلب کیے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں 54 سالہ ڈوائن ہال پر 32 سالہ برطانوی خاتون سونیا ایکسلبی کو اغوا اور قتل کرنے کا الزام ہے۔ سونیا کا تعلق جنوبی انگلینڈ سے تھا اور وہ موسیقی کی معلمہ تھیں۔ انہیں اکتوبر 2025 میں قتل کیا گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے فحش ویب سائٹ ’مدرلیس‘ پر تقریباً دو سال تک سونیا سے رابطہ رکھا اور انہیں اپنے جال میں پھنسایا۔ بعد ازاں سونیا امریکا پہنچیں جہاں ملزم نے انہیں فلوریڈا کے گینزویل ریجنل ایئرپورٹ سے وصول کیا اور ایک کرائے کے مکان میں لے گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ سونیا ذہنی دباؤ اور شدید ڈپریشن کا شکار تھیں اور ماضی میں دو مرتبہ خودکشی کی کوشش بھی کر چکی تھیں۔ استغاثہ کے مطابق وہ ویب سائٹ پر ایسے افراد کی تلاش میں تھیں جو انہیں قتل کر سکیں، جبکہ متعدد افراد انہیں قتل اور تشدد کے مختلف طریقوں سے متعلق پیغامات بھیجتے تھے۔
فلوریڈا کی اسسٹنٹ اسٹیٹ اٹارنی ایمی برنڈٹ نے عدالت کو بتایا کہ بدقسمتی سے ایسے سنگدل افراد کی کمی نہیں تھی جو سونیا کو انتہائی اذیت ناک طریقے سے قتل کرنے پر آمادہ تھے۔ ملزم ویب سائٹ پر ’الفا سیڈسٹ‘ سمیت مختلف فرضی نام استعمال کرتا تھا اور استغاثہ کے مطابق اس نے سونیا کے قتل کے عوض 4 ہزار ڈالر نقد رقم طلب کی تھی۔
عدالت میں سونیا کا ایک مبینہ پیغام بھی پیش کیا گیا جو انہوں نے ملزم کے ساتھ قیام کے دوران اپنی دوست کو بھیجا تھا۔ پیغام میں انہوں نے بتایا تھا کہ ملزم ان کا موبائل فون بار بار لے لیتا ہے اور انہیں وہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔
پولیس کو سونیا کی لاش 17 اکتوبر 2025 کو ایک کم گہری قبر سے ملی تھی۔ ان کے جسم پر چاقو کے چار زخم اور تشدد کے نشانات موجود تھے۔ برطانوی پولیس کی جانب سے لاپتا خاتون کی اطلاع انٹرپول کو دیے جانے کے بعد امریکی حکام نے تحقیقات شروع کی تھیں۔
عدالت میں ملزم کے موبائل فون سے حاصل ہونے والی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں وہ سونیا کو تشدد برداشت کرنے اور مار کھانے کی خواہش کا اعتراف کرنے پر مجبور کرتا دکھائی دیتا ہے۔
استغاثہ نے ملزم کے خلاف شواہد میں ایک خریدی گئی بیلچہ اور چاقو بھی پیش کیا۔ ڈی این اے ٹیسٹ سے چاقو پر سونیا کا خون ملنے کی تصدیق ہوئی۔ ملزم کے موبائل فون سے دوسری خواتین پر جنسی تشدد، ریپ اور قتل کی متعدد خوفناک تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔
دوسری جانب ملزم کے وکلا کا مؤقف ہے کہ ڈوائن ہال ایک ایسی خاتون کی مدد کرنے کی کوشش کر رہا تھا جو اپنی زندگی ختم کرنا چاہتی تھی۔ ملزم نے پولیس کو سونیا کے ساتھ قریبی تعلقات کا اعتراف کیا تاہم قتل اور اغوا کے الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔
عدالت میں سونیا کی بہن سارہ نے اپنی بہن کے مشکل بچپن اور ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں بھی بیان دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سونیا خود کو دوسروں پر بوجھ سمجھتی تھیں، حالانکہ وہ انتہائی محبت کرنے والی اور دوسروں کا خیال رکھنے والی شخصیت تھیں۔
منگل سے شروع ہونے والے مقدمے کی سماعت کم از کم ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ خواتین کے خلاف آن لائن تشدد اور جنسی استحصال میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے کردار پر بھی سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔ متنازع ویب سائٹ ’مدرلیس‘ کو رواں سال مئی میں ڈچ حکام نے بند کر دیا تھا، جبکہ جولائی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کین پیکسٹن نے بھی ویب سائٹ کی ڈاٹ کام ڈومین کے ذریعے سرگرمیاں جاری رکھنے کی صلاحیت ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔





