جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میری بیوی سے جنسی تعلقات قائم کرو،شوہر کی آن لائن آفر،چار افراد زیادتی کے مجرم قرار

مصنف:

لندن: برطانیہ میں عدالت نے ایک خاتون کو نشہ آور ادویات دے کر اس کے ساتھ زیادتی اور جنسی استحصال کرنے والے چار افراد کو مجرم قرار دے دیا، خاتون کا سابق شوہر ایک دہائی سے زائد عرصے تک اسے نشہ دے کر اجنبی مردوں کے لیے جنسی استحصال کا نشانہ بناتا رہا۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مقدمہ فرانس کی خاتون جیزیل پیلیکو کے کیس سے مماثلت رکھتا ہے، جن کے شوہر نے انہیں نشہ آور ادویات دے کر متعدد مردوں کو زیادتی کے لیے گھر بلایا تھا۔برطانوی خاتون جوان ینگ نے بھی اپنی شناخت ظاہر کرنے کا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے سامنے آنے کا فیصلہ کیا۔ انہیں معلوم ہوا کہ ان کے سابق شوہر فلپ ینگ نے 13 سال سے زائد عرصے تک انہیں نشہ آور ادویات دے کر بے ہوشی کی حالت میں رکھا اور ان کی جنسی استحصال کے لیے آن لائن اجنبی مردوں کو مدعو کرتا رہا۔50 سالہ سابق مقامی کونسلر فلپ ینگ رواں سال جنوری میں اپنی سابق اہلیہ کے خلاف 50 سے زائد جرائم کا اعتراف کرچکا ہے، جن میں زیادتی کے 11 الزامات بھی شامل ہیں۔ اس نے جنسی استحصال کی ویڈیوز بنانے اور انہیں سینکڑوں مرتبہ آن لائن شائع کرنے کا بھی اعتراف کیا تھا۔


عدالت میں مقدمے کی سماعت کے بعد چار افراد کو مجرم قرار دیا گیا۔ 62 سالہ رچرڈ کلائیو ولکنز کو زیادتی اور جنسی دخول کے ذریعے حملے، 48 سالہ نارمن میکسونی کو زیادتی، 32 سالہ کونر سینڈرسن ڈوئل کو جنسی حملے اور جنسی دخول کے ذریعے حملے، جبکہ 38 سالہ محمد حسن کو جنسی حملے کے ایک الزام میں مجرم قرار دیا گیا۔47 سالہ ڈین ہیملٹن اس سے قبل زیادتی اور جنسی حملے سمیت الزامات کا اعتراف کرچکا ہے۔استغاثہ کے مطابق ان تمام افراد نے فلپ ینگ کی جانب سے آن لائن دیے گئے اشتہارات کے جواب میں خاتون تک رسائی حاصل کی۔ فلپ ینگ اپنی اہلیہ کو نشہ دینے کے بعد اجنبی مردوں کو ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کے لیے بلاتا، خود اس عمل کو دیکھتا اور اس کی ویڈیوز بھی بناتا تھا۔ملزمان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں لگتا تھا خاتون اس عمل پر رضامند ہیں اور یہ ان کے شوہر کے ساتھ مشترکہ جنسی تصور کا حصہ تھا۔


پولیس کو اس معاملے کا علم 2024 میں اس وقت ہوا جب فلپ ینگ سے منسلک ایک آن لائن اکاؤنٹ پر غیر فطری جنسی مواد کی تصاویر سامنے آئیں۔ بعد ازاں پولیس نے اس کے الیکٹرانک آلات قبضے میں لیے، جن سے خاتون کے استحصال کی ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئیں۔عدالت کے باہر جوان ینگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے ان کی زندگی تباہ کردی، جس شخص پر انہوں نے دنیا میں سب سے زیادہ اعتماد کیا، اسی نے ان کے ساتھ بدترین دھوکا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ رضامندی سے متعلق قوانین پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے اور حکومت کو خواتین کے تحفظ کے لیے قانون سازی پر ترجیحی بنیادوں پر غور کرنا چاہیے۔


جج پشپندر سینی نے خاتون کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ فلپ ینگ سمیت تمام چھ افراد کو آئندہ ماہ سزا سنائی جائے گی اور انہیں طویل قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔برطانیہ کے کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق یہ انگلینڈ میں اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے جس میں جیوری نے ایسے مردوں کو جنسی استحصال کا مجرم قرار دیا جنہوں نے شوہر کی جانب سے نشہ آور ادویات دیے جانے کے بعد ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔


رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے ادارے یوروپول کے تعاون سے برطانیہ اور جرمنی سمیت 10 ممالک نے ایسے جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کر رکھی ہے، جس میں امریکا، فرانس اور کینیڈا بھی شامل ہیں۔ اس آپریشن کے تحت اب تک 113 تحقیقات شروع، 57 گرفتاریاں اور 158 متاثرین کو تحفظ فراہم کیا جا چکا ہے۔

جوان ینگ نے کہا کہ اس تکلیف کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے اور یہ تصور بھی خوفناک ہے کہ ایسا کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔