دنیا بھر کے مشہور کرسمس بازار، 2026 کے لیے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری

دنیا بھر میں کرسمس کی آمد کے ساتھ ہی رنگا رنگ بازاروں اور موسمِ سرما کے میلوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، یورپ سے امریکا اور ایشیا تک کئی شہروں میں سجنے والے کرسمس بازار سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے سی این این ٹریول کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے لیے دنیا کے بہترین کرسمس بازاروں کی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں آسٹریا، سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی، برطانیہ، ڈنمارک، اسپین، اٹلی، امریکا، کینیڈا اور سنگاپور سمیت مختلف ممالک کے مشہور بازار شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کا وینر کرسٹ کنڈل مارکیٹ دنیا کے قدیم اور روایتی کرسمس بازاروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں دیوہیکل فیرس وہیل، برف پر اسکیٹنگ، دلوں سے سجا درخت اور بچوں کے لیے خصوصی تفریحی سرگرمیاں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ یہ بازار 13 نومبر سے 26 دسمبر تک جاری رہے گا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر باسل کا کرسمس بازار بھی نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جہاں تقریباً 150 سجے ہوئے اسٹالز پر کرسمس کی سجاوٹ، موم بتیاں، مصالحہ جات اور مختلف روایتی اشیا دستیاب ہوں گی۔ یہ بازار 26 نومبر سے 23 دسمبر تک منعقد ہوگا۔
فرانس کے شہر اسٹراسبرگ کا کرسمس بازار یورپ کے قدیم ترین بازاروں میں شامل ہے، جس کا آغاز 1570 میں ہوا تھا۔ اس سال شہر کے آٹھ مختلف مقامات پر بازار سجائے جائیں گے، جہاں لاکھوں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ یہ بازار 27 نومبر سے 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ونٹر ونڈرز کے نام سے ایک بڑا کرسمس میلہ منعقد ہوگا، جس میں تقریباً 200 اسٹالز، برف پر اسکیٹنگ، روشنیوں کے شوز اور تفریحی جھولے شامل ہوں گے۔ یہ میلہ 27 نومبر سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔
جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں اولڈ ٹاؤن اسکوائر اور وینسلاس اسکوائر کے کرسمس بازار خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، جہاں موسیقی، رقص، دستکاری اور روایتی کھانوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ یہ بازار 28 نومبر سے 6 جنوری 2027 تک جاری رہیں گے۔
اسپین کے شہر بارسلونا میں تاریخی کرسمس میلہ فیرا ڈی سانتا لوسیا 27 نومبر سے 23 دسمبر تک منعقد ہوگا، جبکہ اٹلی کے شہر فلورنس میں سانتا کروس اسکوائر کا کرسمس بازار 14 نومبر سے 20 دسمبر تک سیاحوں کے لیے کھلا رہے گا۔
کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں ایڈونٹ اِن زغرب کے نام سے کرسمس تقریبات منعقد ہوں گی، جہاں برف کے مجسمے، موسیقی، کرسمس ٹرام اور مختلف تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ یہ تقریبات 28 نومبر سے 7 جنوری تک جاری رہیں گی۔
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے ٹیوولی گارڈنز میں ایک ہزار سے زائد کرسمس درختوں، روشنیوں اور تفریحی سرگرمیوں سے سجا خصوصی میلہ 13 نومبر سے 3 جنوری تک منعقد ہوگا۔
اسی طرح ایسٹونیا کے دارالحکومت ٹالن، سویڈن کے اسٹاک ہوم، فن لینڈ کے ہیلسنکی اور ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ کے کرسمس بازار بھی فہرست میں شامل ہیں۔
جرمنی کے شہر نیورمبرگ کا تاریخی کرسٹ کنڈل مارکیٹ، برلن کا جینڈارمن مارکیٹ اور برطانیہ کے دارالحکومت لندن کا ہائیڈ پارک ونٹر ونڈر لینڈ بھی سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ لندن کا ونٹر ونڈر لینڈ 19 نومبر سے 3 جنوری تک جاری رہے گا، جہاں 200 سے زائد تفریحی جھولے، آئس اسکیٹنگ اور لائیو موسیقی کے پروگرام ہوں گے۔اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا، پولینڈ کے شہر کراکوف اور سلوواکیہ کے دارالحکومت بریٹیسلاوا کے کرسمس بازار بھی سیاحوں کی توجہ حاصل کریں گے۔یورپ سے باہر سنگاپور کے گارڈنز بائی دی بے میں کرسمس ونڈر لینڈ 27 نومبر سے 3 جنوری تک منعقد ہوگا، جس میں روشنیوں کے شوز، تفریحی جھولے اور مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کا ڈسٹلری ونٹر ولیج 12 نومبر سے 3 جنوری تک جاری رہے گا، جبکہ امریکا کے شہر نیویارک کے برائنٹ پارک میں ونٹر ولیج 28 اکتوبر سے 28 فروری تک سیاحوں کے لیے کھلا رہے گا۔ شکاگو کا مشہور کرسٹ کنڈل مارکیٹ بھی 20 نومبر سے مختلف مقامات پر سجایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق کرسمس بازاروں کی یہ روایت آسٹریا کے شہر ویانا سے شروع ہوئی تھی، جہاں دسمبر میں بازار لگانے کا پہلا تحریری ریکارڈ 1298 کا ملتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ روایت دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل گئی اور اب یہ بازار سیاحت کے بڑے مراکز بن چکے ہیں۔





