پاک بھارت جنگ سمیت آٹھ جنگیں رکوائیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کمپنیاں بیرون ملک ڈیٹا سینٹرز تعمیر کریں گی تو ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں تقریباً 90 منٹ تک جاری رہنے والی پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ، روس اور چین کے ساتھ تعلقات، یوکرین تنازع، مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں آئندہ سال اے آئی کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری کریں گی، جس کا بڑا حصہ ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر پر خرچ ہوگا۔ تاہم ماہرین معاشیات کے مطابق ڈیٹا سینٹرز کے لیے درکار سیمی کنڈکٹرز اور تانبے سمیت بیشتر اشیا درآمد کی جاتی ہیں، جس سے امریکی معیشت کو حاصل ہونے والا فائدہ محدود ہو جاتا ہے۔
گولڈمین سیکس کے اندازے کے مطابق اے آئی میں سرمایہ کاری رواں سال امریکی معاشی ترقی میں ایک فیصد اضافے کا سبب بن سکتی ہے، تاہم درآمدات کے اخراجات نکالنے کے بعد حقیقی فائدہ صرف 0.2 فیصد پوائنٹس رہ جاتا ہے۔
ایران کے ساتھ جنگ کے حوالے سے سوال پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دوبارہ جنگ شروع کرنے سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف کی براہ راست تائید سے گریز کیا اور کہا کہ ان کی ذمہ داری صدر کی حمایت کرنا ہے۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے امریکی ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی بندش کو ایک موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اب نظام کی بہتری کے لیے 50 ارب ڈالر خرچ کرنے پر آمادہ ہے۔ تاہم بعض ریپبلکن سینیٹرز نے اس رقم کی فراہمی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ان سے اتفاق کیا ہے کہ اگر وہ پہلے امریکی صدر ہوتے تو یہ جنگ شروع نہ ہوتی۔ ٹرمپ کے مطابق پیوٹن سفارتی ذرائع سے جنگ ختم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
مہنگائی کے معاملے پر امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہیں اقتدار میں آنے پر بلند قیمتیں ورثے میں ملیں اور اس کی ذمہ دار سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ تھی۔ تاہم دستیاب اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں مہنگائی کی شرح دسمبر 2024 کے 2.9 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 3.7 فیصد ہو چکی ہے۔ٹرمپ نے ایران جنگ سے قبل پیٹرول کی قیمت ایک ڈالر 85 سینٹ فی گیلن ہونے کا دعویٰ بھی کیا، تاہم امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جنگ سے ایک روز قبل ریاست آئیووا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 2.63 ڈالر فی گیلن تھی۔
امریکی صدر نے چین اور روس کے صدور کے ساتھ اپنے تعلقات کا دفاع کرتے ہوئے ناقدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چین اور روس کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا مثبت بات ہے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کو کامیاب قرار دیا۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ شی جن پنگ نے سابق نیوڈیا سربراہ جینسن ہوانگ کو ایک غیرمعمولی صلاحیتوں کا حامل شخص قرار دیا۔ ان کے مطابق انہوں نے ہوانگ کی واپسی اور معافی سے متعلق معاملے پر بھی چینی صدر سے گفتگو کی۔
پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے اقتدار میں واپسی کے بعد آٹھ جنگیں ختم کرائیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع بھی شامل ہے۔
امریکی صدر نے گزشتہ روز روس، چین اور امریکا کے سربراہان کے درمیان ہونے والی سہ فریقی ملاقات کو بھی تاریخی قرار دیا اور کہا کہ تینوں ممالک اختلافات کے باوجود مل کر کام کر سکتے ہیں۔





